تعارف صلائے عام ہے یارانِ ’اردوداں‘ کے لئے

پیارے محفلین اور جید اساتذہ کرام، آداب!

میں دیکھ رہا ہوں کہ آپ تمام دو گروہوں میں منقسم ہیں۔ ایک وہ ہیں جو مجھے جانتے ہیں اور ایک وہ ہیں جو مجھ سے واقف نہیں۔ وہ جو مجھے جانتے ہیں، یہ بھی جانتے ہیں کہ میں ایک مدت سے اس محفل جاں پرور کا ممبر ہوں اور کبھی کبھی اپنی ایک آدھ غزل سنا کر اور داد سمیٹ کر غائب ہو جاتا ہوں۔ اور پھر کچھ عرصے بعد واپس آ کر دوبارہ اسی فعل اضطراری کا مرتکب ہوتا ہوں۔

بہرحال، آج میرے مخاطب بالخصوص وہ ہیں جو مجھے نہیں جانتے۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور اپنی زبان یعنی اردو کی خدمت کے جذبے سے سرشار۔ میری بڑی خواہش ہے کہ برصغیر نہیں تو کم از کم پاکستان میں اردو کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلوایا جائے اور ہمارے اساتذہ یعنی ولی، میر، ناسخ، غالب وغیرہ نے جس طرح اس زبان کو نکھارا اور بعد کو جس طرح سر سید وغیرہ جیسے عظیم افراد نے اس کی ترقی کے لئے کام کیا، علی گڑھ کالج میں تمام علوم کی اسی زبان میں تعلیم دی جانے لگی اور حیدرآباد دکن کی جامعہ عثمانیہ میں دارالترجمہ قائم کیا گیا، اسی طور سے ہم اپنے اسلاف کی روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے صرف اردو ہی کو پاکستان کی سرکاری زبان کا درجہ دیں اور تمام علوم کی تعلیم بھی اردو ہی میں دی جانے کی مساعی کریں۔

تاہم یہ خواب شرمندہ تعبیر کب تک ہو سکے گا؟ کچھ نہیں کہہ سکتا۔ لیکن ہاتھ پر ہاتھ دھرے بھی بیٹھا نہیں رہ سکتا۔
؎ ہیگی طلب شرط یاں، کچھ تو کیا چاہیے
بیٹھے نہیں بنی میاں، کچھ تو کیا چاہیے (میر)​

اسی سبب سے ایک عرصہ تک سوچتا رہا کہ میں انفرادی سطح پر کیا قدم اٹھا سکتا ہوں؟ بالآخر نام خدا لے کر یوٹیوب پر اردو پڑھانے کا اہتمام کیا ہے۔ اور خواہش ہے کہ کم از کم ان لوگوں کی خدمت تو کروں جو دل و جاں سے اردو سیکھنا چاہتے ہیں۔ لہذا میں نے یوٹیوب پر ایک چینل کا آغاز کیا ہے جس پر گاہے گاہے آسان اردو اسباق اپ لوڈ کرتا رہوں گا۔ اگر آپ میرے اس مقصد کو وقعت کی نظر سے دیکھتے ہیں تو میرے چینل کو subscribe کریں اور اپنے تعاون کا ثبوت دیں۔

www.youtube.com/channel/UCprIIZ0ecNm7k0WP12D4VMw

اگر آپ کے پاس یوٹیوب اکاؤنٹ نہیں، تو اس فیس بک پیج کو لائک کریں اور میرے اردو اسباق ان لوگوں سے شئیر کریں جو اردو سیکھنا چاہتے ہیں۔ابھی تک تو ایک دو ہی اسباق موجود ہیں مگر پرامید ہوں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کافی اسباق اپلوڈ ہو چکے ہوں گے۔

www.facebook.com/urduvoyage

اگر آپ کے پاس فیس بک اکاؤنٹ بھی نہیں ہے تو کوئی بات نہیں۔ آپ مجھے اسی دھاگے کے تحت اپنی آراء سے نوازئیے اور میرے مقصد کی کامیابی کے لئے دعا کیجئے۔ والسلام!
 

اوشو

لائبریرین
جزاک اللہ
اللہ کریم آپ کو آسانیاں عطا فرمائے۔
ممکن ہو تو فیس بک پر موجود صفحہ پر ویڈیوز یوٹیوب کے ساتھ ساتھ کسی اور ویڈیو شیئرنگ سائیٹ کے تحت بھی شیئر کر دیں تاکہ پاکستان میں بسنے والے لوگ بھی آپ کی ویڈیوز سے بغیر کسی مشکل کے استفادہ و رسائی حاصل کر سکیں۔
شکریہ
خوش رہیں
 
جزاک اللہ
اللہ کریم آپ کو آسانیاں عطا فرمائے۔
ممکن ہو تو فیس بک پر موجود صفحہ پر ویڈیوز یوٹیوب کے ساتھ ساتھ کسی اور ویڈیو شیئرنگ سائیٹ کے تحت بھی شیئر کر دیں تاکہ پاکستان میں بسنے والے لوگ بھی آپ کی ویڈیوز سے بغیر کسی مشکل کے استفادہ و رسائی حاصل کر سکیں۔
شکریہ
خوش رہیں
بہت اچھی تجویز ہے۔ شکریہ اوشو صاحب!
 
Top