فاخر
محفلین
نعت رسول اكرم صلی اللٰہ علیہ وآلٰہ وسلم
طریقِ محمدؐ صراطِ محمد نرالی ہے سب سے یہ راہِ محمدؐ |
ذرا عشق اُن سے بھی تم کر کے دیکھو کہ کیا لطف دیتی ہے چاہِ محمدؐ |
انہی کا تو اُسوہ ہے قرآن والا انہی کا طریقہ فقط شان والا |
رضائے خدا بھی اسی کو ملے گی جو پہنچے خدا تک براہِ محمدؐ |
محمدؐ کے قدموں میں کون و مکاں ہیں محمدؐ کے قدموں میں سارے جہاں ہیں |
ہیں کیا تختِ شاہی ہیں کیا تاجِ سطوت ہے ان سب سے اونچی کلاہِ محمدؐ |
مدینے کی جانب سفر کرنے والو ادب تم کو لازم، حیا تم کو لازم |
مزارِ منور پہ تم جا کے سمجھو تمہیں دیکھتی ہے نگاہِ محمدؐ |
زمیں پر حسیں اور سبھی ماہ پارے فلک پر چمکتا سراج اور ستارے |
چھپائے پھریں شرم سے رخ وہ سارے ہوا رونما جب سے ماہِ محمدؐ |
وہ کعبہ جو پہلا مکاں ہے زمیں پر کہ شیدا ہر انساں ہے اس نازنیں پر |
ہوا شانِ مسجودیت میں اضافہ وہ جب سے بنا قبلہ گاہِ محمدؐ |
کھڑا روزِ محشر لئے خالی داماں چلا سوئے جنت خراماں خراماں |
یہ آواز سن کر کہ اکملؔ کہاں ہے؟ اُسے مل گئی ہے پناہِ محمدؐ |