عربی سیکھنا اور قرانی عربی سیکھنا

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
عربی زبان سیکھنا دنیا کی کسی بھی زبان سیکھنے کی طرح محنت اور وقت طلب کام ہے۔ میرے خیال میں غیر عربوں کے لیے عربی سیکھنا اتنا ہی مشکل ہے جتنا کوئی اور زبان سیکھنا۔ ہم میں سے اکثر لوگ قران کا مفہوم بہتر سمجھنے کے لیے عربی سیکھنے کا آغاز کرتے ہیں لیکن جلد ہی وہ عربی صرف و نحو کی پیچیدگیوں کی وجہ سے حوصلہ ہار کر یہ سلسلہ ختم کر دیتے ہیں۔ اگر مقصد قران فہمی ہی ہو تو عمومی عربی سیکھنے کی بجائے خاص قرانی عربی سیکھنا بہتر رہتا ہے کیونکہ اللہ تعالی نے قران کو آسان بنایا ہے جیسا کہ ذیل کی آیۃ مبارکہ سے واضح ہوتا ہے:

[AYAH]54:17[/AYAH]

[ARABIC]وَلَقَدْ يَسَّرْنَا الْقُرْآنَ لِلذِّكْرِ فَهَلْ مِن مُّدَّكِرٍ[/ARABIC]

ترجمہ:
اور ہم نے قرآن کو سمجھنے کے لئے آسان کردیا ہے تو کوئی ہے کہ سوچے سمجھے؟ (فتح محمد جالندھری)

ایک اندازے کے مطابق قران میں 78000 الفاظ آئے ہیں لیکن ان میں الفاظ کافی مرتبہ دہرائے گئے ہیں۔ قرانی عربی سیکھنے کی آسانی کا اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ قدرے کم تعداد میں الفاظ سیکھ کر قران کے 80 فیصد الفاظ کا احاطہ ممکن ہو جاتا ہے۔ کچھ لوگوں نے ان لفاظ کو ایک جگہ مجتمع کرنے کی کاوش بھی کی ہے۔ اس ربط پر ایسے ہی الفاظ اور ان کے اردو مطالب پر مشتمل دو پی ڈی ایف ڈاکومنٹ دستیاب ہیں۔ جبکہ اس ربط پر انہی الفاظ پر مبنی کوئز موجود ہیں جن کے ذریعے ان کے مطالب یاد کرنے کی مشق کی جا سکتی ہے۔ ان کوئز میں مختلف مصادر استعمال کیے گئے ہیں۔ انڈرسٹینڈنگ قران کو میں نے قران فہمی کی مبادیات کے لیے بہترین سائٹ پایا ہے۔ میرا ارادہ ہے کہ اس سائٹ کے مواد کو یہاں شئیر کرتا رہوں۔

قران فہمی کے لیے عربی زبان سے ابتدائی واقفیت کافی مفید ثابت ہوتی ہے۔ اس کے لیے عربی سکھانے والی ایسی کتابوں کا مطالعہ مفید رہتا ہے جن کے اسباق اور مشقوں میں قرانی آیات اور الفاظ کا کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔ مجھے ابھی تک اس سلسلے میں آسان عربی گرامر بہتر لگی ہے۔ اس کے روابط فورم پر پہلے بھی شئیر کیے جا چکے ہیں۔ میں ذیل میں ایک مرتبہ پھر یہ روابط پیش کر رہا ہوں۔

آسان عربی گرامر حصہ اول
آسان عربی گرامر حصہ دوم
آسان عربی گرامر حصہ سوم
آسان عربی گرامر سپلیمٹ

اس کے علاوہ مجھے حال ہی میں مبشر نذیر صاحب کی سائٹ‌ پر ان کے تیار کردہ عربی کورسز ملے ہیں۔ ابھی میں نے ان کی صرف ورق گردانی کی ہے لیکن ان کتابوں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ کتنی محنت اور عرق ریزی سے یہ کتابیں لکھی گئی ہیں۔
 
Top