علی محمد فرشی : ماں تو ناراض ہے

سید زبیر

محفلین
کتابوں کا زینہ بنا کر​
مچانی سے میں نے مٹھائی چرائی تو​
گھر میں کسی کو بھی غصہ نہ آیا​
یہ کم سن ذہانت کی تاثیر تھی​
یا شرارت کی شیریں شکرقندیوں جیسی عمروں کی لذت​
ابھی تک وہ خوش ذائقہ واقعہ​
جب رگِ جاں میں گھلتا ہے​
بچپن کے باغات کی تتلیاں​
پھول بن کر برستی ہیں​
پتھریلی عمروں کے دن رات کی​
زرد کالی مصیبت کا غم بھول کر​
مسکراہٹ کی میٹھی پھواریں​
بیاباں کو جل تھل بناتی ہیں گاتی ہیں​
ایک دو تین​
اللہ میاں کی زمین​
چار پانچ چھے سات​
سارے مل کر کھائیں بھات​
آٹھ نو دس میٹھا پانی رس​
پانی کی لہروں پہ ہچکولے کھاتی ہوئی​
کاغذی عمر کی ناؤ​
کروٹ بدل کر الٹ دیتی ہے خواب سارے​
کتابوں پہ گرتے ہوۓ آنسوؤں سے​
سیاہی کے دریا ہی بنتے ہیں​
دریا سمندر بناتے ہیں​
سارے سمندر سیاہی قلم بن گئیں ساری شاخیں​
قسم انگلیوں کی​
محبت بھرا خط مرے اور ترے درمیاں تِیر ہے​
میں لکھوں اور لکھتا رہوں تا قیامت​
محبت کی نظمیں​
مگر جانیاں ان کتابوں کو زینہ بنا کر​
کئی بار میں نے​
ترے آسمانوں پہ جا کر​
تجھے ڈھونڈ لانے کی ناکام کوشش میں​
آنسو بہائے​
سیاہی کے دریا بنائے​
کہاں ہے تو خود اپنی شیریں صدا سے​
مری تیرہ بختی میں​
شبھ رات کی مصریاں گھول دے​
ماں تو ناراض ہے​
اب کئی روز سے بولتی بھی نہیں​
علی محمد فرشی​
 

مہ جبین

محفلین
کہاں ہے تو خود اپنی شیریں صدا سے
مری تیرہ بختی میں
شبھ رات کی مصریاں گھول دے
ماں تو ناراض ہے
اب کئی روز سے بولتی بھی نہیں
ماں پیاری ماں
بولتی ہی نہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔!!!
بہت خوب
 

فلک شیر

محفلین
فرشی صاحب راولپنڈی سے ہیں.......آزاد اور نثری نظم ڈوب کے لکھتے ہیں..........طویل نثری ً نظم کا تجربہ کیا .........لکھی........اور پھر nervous break downہو گیا...........سمبل کے نام سے ایک ادبی مجلہ بھی نکالتے ہیں.........
اُن کی دو لائنیں دیکھیے اور نثری ًنظم کی قوت ملاحظہ کیجیے.....
’’
اور دیکھتے ہی دیکھتے
میری بیٹی کا جیومیٹری بکس
جیولری بکس میں بدل گیا
‘‘
ایک عہد اور اتنی بڑی تبدیلی کو اس طرح کون بیان کر سکے گا ؟
 
زیرِ نظر نظم بلاشبہ بہت عمدہ ہے۔
علی محمد فرشی شعر میں مجھ سے بہت سینئر ہیں، اور بہت عمدہ لکھتے ہیں۔

ایک دو تین
اللہ میاں کی زمین
چار پانچ چھے سات
سارے مل کر کھائیں بھات
آٹھ نو دس میٹھا پانی رس
یہ حصہ ذرا مختلف عروضی سانچے کا ہے اس کو واوین میں لکھ دیا جاتا تو بہتر ہوتا۔


’’نثری نظم‘‘ پر البتہ میرے کچھ تحفظات ہیں، ان کا یہ موقع نہیں۔
آپ نے اپنے مطالعے میں شریک کیا، ممنون ہوں۔
 
Top