حسان خان
لائبریرین
یہ نہ پوچھو کہ ہم نے کیا دیکھا
جوبلی میں وہ ماجرا دیکھا
قوم سے جس نے کر دیا بیزار
بن گئے ہم تو نقش بر دیوار
اتنے بہروپئے نظر آئے
اپنی آنکھوں میں اشک بھر آئے
پوششیں مغربی اماموں کی
صورتیں مشرقی غلاموں کی
پینٹ میں ہاتھ اور منہ میں سگار
شانے ہلتے ہوئے دمِ گفتار
طاقِ دل میں چراغِ انگریزی
سر کے اندر دماغِ انگریزی
چال انگریزی ڈھال انگریزی
جسم کا بال بال انگریزی
جسمِ ہندی میں جان انگریزی
منہ کے اندر زبان انگریزی
گفتگو میں بنی ہوئی آواز
خمِ گردن میں مغربی انداز
اپنے لہجوں سے ہاتا پائی تھی
حلق کی ساخت سے لڑائی تھی
چھِل رہا ہے گلا تو چھِل جائے
لہجہ 'صاحب' سے اپنا مل جائے
جوش! پنجاہ سالہ جوبلی کا
آپ سمجھے کہ مدعا کیا تھا؟
یہ جتانا تھا، دیکھو بڑھ گئے ہم
سوئے نصرانیت پچاس قدم!
آنچ گم، ہر طرف دھواں ہی دھواں
وائے بر سعیِ سید احمد خاں
(جوش ملیح آبادی)