arifkarim
معطل
لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ زہرہ شاہد حسین کو قتل کر کے انتہائی ظلم کیا گیا اور میں ان کی شہادت کا ذمہ دار الطاف حسین کو ٹھہراتا ہوں۔
شوکت خانم اسپتال سے جاری ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ کراچی میں خوف کی فضا قائم کی جا رہی ہے، الطاف حسین نے ہمارے کارکنان، صحافیوں اور عام لوگوں کو براہ راست دھمکیاں دیں تھیں، میں ان دھمکیوں کے لئے الطاف حسین اور برطانوی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتا ہوں، انہوں نے سوال کیا کہ کیا برطانوی حکومت اس بات کی اجازت دے گی کہ کوئی پاکستان سے بیٹھ کر کسی دوسرے ملک میں تشدد بڑھانے کے حوالے سے بیان دے۔
عمران خان نے کہا کہ کراچی کا مستقبل کراچی کے عوام کے ہاتھ میں ہے، انہوں نے کہا کہ ہم زہرہ شاہد کے قتل کے خلاف کل کراچی میں احتجاج کریں گے، انہوں نے تمام جماعتوں اور کراچی کے عوام کو اس ظلم کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔ عمران خان نے منگل کو انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا کہ جمعہ کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے بھی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا ہمارا حق ہے، ہم صرف انصاف چاہتے ہیں اور ہمارا مقصد ہرگز جمہوریت کو ڈی ریل کرنا نہیں ہے۔