اسلام آباد (آئی این پی) سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی سے متعلق ان سے جو بات منسوب کررہے ہیں وہ یکسر غلط ہے‘ میں نے فوجی کارروائی سے متعلق بات بریفنگ میں نہیں کل جماعتی کانفرنس میں کی تھی جہاں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے‘ لگتا ہے کہ عمران خان اس وقت میری طرف متوجہ نہیں تھے شاید اسی وجہ سے میری بات ٹھیک طرح سے سن نہیں پائے۔ گزشتہ روز ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے عمران خان کی طرف سے خود سے منسوب ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ یہ سمجھنا درست نہیں ہوگا کہ شمالی وزیرستان میں کارروائی ہوتے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے گا البتہ اس میں چالیس فیصد تک کمی آجائے گی۔ سابق آرمی چیف نے کہا کہ میرا اندازہ تھا کہ فوجی اقدام کا آغاز ہونے پر ملک کے دوسرے حصوں میں دہشت گردوں کے گروہ متحرک ہوجائیں گے اس لئے کراچی‘ پنجاب اور بلوچستان میں ایک جامع منصوبے کے تحت اس ردعمل کو روکنے کیلئے تیاری کرنا ہوگی۔ سابق آرمی چیف نے کہا کہ میرا یہ اصرار تھا کہ عوامی توقعات بلند نہ کی جائیں اور یہ تاثر قطعی نہ دیا جائے کہ شمالی وزیرستان میں انتہا پسندوں کے اڈے ختم ہوتے ہی امن ہوجائے گا آپریشن کے بعد ملک کے دوسرے حصوں میں افسوسناک واقعات ہوئے تو پھر سے فوج کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ان کا اس بات پر بھی اصرار تھا کہ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=173050
http://beta.jang.com.pk/NewsDetail.aspx?ID=173050