غزل۔۔۔وہ خال و خد سرِ قرطاس آنے کیسے کیسے

منذر رضا

محفلین
السلام علیکم
ایک غزل پیشِ خدمت ہے:


کھلائے گل بہاراں کی ہوا نے کیسے کیسے
ملے کچھ سینہ چاکی کے بہانے کیسے کیسے
سرِِ مقتل میں رقصاں پا بہ جولاں جان دے دی
لہو نے بسکہ گائے تھے ترانے کیسے کیسے
گدا گزرا، مصیبت ائی، تو پھر سب نے جانا
بچا رکھا تھا بستی کو دعا نے کیسے کیسے
لبوں پر اک مچلتی موج نے آ کر بچائے
یمِ دل میں غمِ جاں کے خزانے کیسے کیسے
بہ چشمِ تر خدا سے کچھ دعائیں ہی تو کی تھیں
ولے خلقت بنا بیٹھی فسانے کیسے کیسے
غمِ دنیا کی پت جھڑ، یادِ خوش رو کی بہاریں
دیارِ دل کے موسم ہیں سہانے کیسے کیسے
بچایا زندگی کے دشت میں مہرِ فنا سے
سیہ زلفوں کی یادوں کی ردا نے کیسے کیسے
ہمارے ہاتھ خالی تھے، سو خالی کاسہ دے کر
زبس بہلایا ہے اہلِ سخا نے کیسے کیسے
وہ دل کے آئنے پر ایک چہرے کا ابھرنا
وہ خال و خد سرِ قرطاس آنے کیسے کیسے
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
منذر رضا صاحب ، خوب اشعار ہیں لیکن مجموعی طور پر آپ کی غزل کی لفظیات پسندیدہ نہیں ۔ متروک لفظوں سے اجتناب بہتر ہے ۔ ان کے بلاوجہ اور بلاضرورت استعمال سے ایک عجیب ہی ناگوار سا تاثر پیدا ہورہا ہے ۔ اگر متروک الفاظ ہی پڑھنے ہیں تو قاری اساتذہ کو کیوں نہ پڑھے کہ جنکے شعری اور لسانی ماحول میں یہ الفاظ فِٹ بیٹھتے ہیں۔
۔ "سرِ مقتل میں" کہنا درست نہیں ہے ۔ جناح کیپ ٹوپی والا معاملہ ہے ۔
- "گدا گزرا" کی جگہ جب "گدا گزرگیا" کا محل ہے ۔ موجودہ صورت میں تو شعر میں مزاحیہ مطلب پیدا ہورہا ہے ۔
۔ ساتویں شعر میں "مہرِ فنا" کیکیا معنویت ہے سمجھ میں نہیں آیا ۔
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
سرِ مقتل میں رقصاں پا بہ جولاں جان دے دی
"سرِ مقتل میں" کہنا درست نہیں ہے ۔ جناح کیپ ٹوپی والا معاملہ ہے ۔
حیرت ہے!
اس کو مَیں (واحد متکلم) تو تب پڑھا جائے گا جب اس کے بعد "نے" موجود ہو ۔ یعنی مَیں کی صورت میں یوں ہونا چاہئے: سرِ مقتل میں نے جان دیدی ۔
نے کے بغیر تو جملہ درست نہیں ۔ ذرا اس پر دھیان دیجئے ۔
 

منذر رضا

محفلین
ظہیراحمدظہیر صاحب
دور تجھ سے میر نے ایسا تعب کھینچا کہ شوخ
کل جو میں دیکھا اسے مطلق نہ پہچانا گیا
(میر)
میں کہا میر جاں بلب ہے شوخ
تو نے کوئی خبر کو بھیجا بھی؟
(میر)
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
ظہیراحمدظہیر صاحب
دور تجھ سے میر نے ایسا تعب کھینچا کہ شوخ
کل جو میں دیکھا اسے مطلق نہ پہچانا گیا
(میر)
میں کہا میر جاں بلب ہے شوخ
تو نے کوئی خبر کو بھیجا بھی؟
(میر)
واقعی؟!!! یعنی آپ سنجیدگی سے میر کے ان اشعار کا حوالہ دے رہے ہیں؟!! اور ثابت کرنا چاہ رہے ہیں کہ ایسی زبان استعمال کرنا درست ہے ؟! شدید حیرت کی بات ہے۔
اب اتنا کہوں گا کہ میں غلط لکھا ۔ آپ بالکل درست لکھا تھا ۔ اس وقت مجھ پاس فرصت ذرا کم ہے ۔ مجھ کوں کئی اور مراسلے لکھنا ہیں ۔ آپ سوں پھر کبھی بات ہوگی ۔
:):):)
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
Top