فرخ منظور
لائبریرین
غزل
تازہ ہوا بہار کی، دل کا ملال لے گئی
پائے جنوں سے حلقۂ گردش حال لے گئی
جراتِ شوق کے سوا، خلوتیان خاص کو
اک تیرے غم کی آگہی، تا بہ سوال لے گئی
شعلۂ دل بجھا بجھا، خاکِ زباں اڑی اڑی
دشتِ ہزار دام سے ، موجِ خیال لے گئی
رات کی رات بوئے گل، کوزۂ گل میں بس گئی
رنگِ ہزار میکدہ، روحِ سفال لے گئی
تیز ہوا کی چاپ سے ، تیرہ بنوں میں لو اٹھی
روحِ تغیّرِ جہاں، آگ سے فال لے گئی
نافۂ آہوئے تتار، زخمِ نمود کا شکار
دشت سے زندگی کی رو ، ایک مثال لے گئی
ہجر و وصال و نیک و بد، گردشِ صد ہزار و صد
تجھ کو کہاں کہاں مرے، سروِ کمال لے گئی
نرم ہوا پہ یوں کھلے، کچھ تیرے پیراہن کے راز
سب ترے جسمِ ناز کے، رازِ وصال لے گئی
ماتمِ مرگِ قیس کی، کس سے بنے گی داستاں
نوحۂ بے زباں کوئی، چشمِ غزال لے گئی
عزیز حامد مدنی ؔ
یہی غزل مہدی حسن کی آواز میں راگ جے جے ونتی میں سنیے۔