غزل برائے اصلاح :: ہائے جس در سے گریزاں تھے اسی در کے ہوئے

استادِ محترم الف عین محمّد احسن سمیع :راحل: و دیگر احباب سے اصلاح کی گزارش ہے

ہم بھی معتوب تری چشمِ ستم گر کے ہوئے
ہائے جس در سے گریزاں تھے اسی در کے ہوئے

یہ تو اعجاز ہے آشفتہ سری کا کہ جو ہم
کہیں تصویر میں ابھرے کسی منظر کے ہوئے

ہم سمجھتے تھے جنہیں باعثِ تسکین و قرار
آخرش لوگ وہی روگ مقدر کے ہوئے

دن تو پہلے بھی ازیت میں گزرتے تھے مگر
اب کے غم ایسے پڑے دل تھے کہ پتھر کے ہوئے

ہم وہ رہرو جنہیں منزل نہ ملی عمر تمام
ہم وہ دریا جو کبھی بھی نہ سمندر کے ہوئے


 
آخری تدوین:
اچھی کاوش ہے ریحان ... مطلع کافی جاندار لگا مجھے ... ہاں اگر ہائے کی جگہ کوئی زیادہ بامعنی لفظ لا سکیں تو اور بہتر ہو سکتا ہے

یہ تو اعجاز ہے آشفتہ سری کا کہ جو ہم
کہیں تصویر میں ابھرے کسی منظر کے ہوئے
اس شعر کا مفہوم واضح نہیں ہوسکا ...

دن تو پہلے بھی ازیت میں گزرتے تھے مگر
اب کے غم ایسے پڑے دل تھے کہ پتھر کے ہوئے
غم کا برسنا تو مانوس ہے، غم پڑنا مجھے کچھ عجیب سا لگا.

ہم وہ رہرو جنہیں منزل نہ ملی عمر تمام
ہم وہ دریا جو کبھی بھی نہ سمندر کے ہوئے
یہاں تمام عمر آنا چاہیے ... عمر تمام سے غیر ضروری تعقید پیدا ہوتی ہے.
 
راحل بھائی اب دیکھیں

دن تو پہلے بھی ازیت میں گزرتے تھے مگر
اب کے غم ایسے ملے دل تھے کہ پتھر کے ہوئے
ہم وہ رہرو جو سدا تشنۂ منزل ہی رہے
ہم وہ دریا جو کبھی بھی نہ سمندر کے ہوئے
 
راحل بھائی اب دیکھیں

دن تو پہلے بھی ازیت میں گزرتے تھے مگر
اب کے غم ایسے ملے دل تھے کہ پتھر کے ہوئے
ہم وہ رہرو جو سدا تشنۂ منزل ہی رہے
ہم وہ دریا جو کبھی بھی نہ سمندر کے ہوئے
اذیت کا املا ٹھیک نہیں، ذ سے لکھا جاتا ہے.

پہلے شعر کے دوسرے مصرعے کی بنت اب بھی کچھ کمزور لگ رہی ہے. دوسرا ٹھیک لگ رہا ہے. استاد محترم بہتر بتا سکتے ہیں.
 

الف عین

لائبریرین
اذیت یا غم میں دل پتھر ہو جانا عجیب ہے۔ پتھر دل یا تو ظالموں کا ہوتا ہے یا مصیبت اٹھاتے اٹھاتے آپ خود اتنے عادی ہو سکتے ہیں کہ دل پر پتھر رکھ سکتے ہیں۔ 'دل تھے کہ پتھر کے ہوئے' کا بیانیہ بھی سمجھ نہیں سکا۔
 

الف عین

لائبریرین
اذیت یا غم میں دل پتھر ہو جانا عجیب ہے۔ پتھر دل یا تو ظالموں کا ہوتا ہے یا مصیبت اٹھاتے اٹھاتے آپ خود اتنے عادی ہو سکتے ہیں کہ دل پر پتھر رکھ سکتے ہیں۔ 'دل تھے کہ پتھر کے ہوئے' کا بیانیہ بھی سمجھ نہیں سکا۔
باقی غزل درست ہی لگ رہی ہے
 
Top