غزل برائے اصلاح

عامر سلام

محفلین
یہی بہتر ہے فاصلہ رکھیے
نہیں تو تھوڑا حوصلہ رکھیے

خوابوں میں ہو مگر ضروری ہے
آنے جانے کا سلسلہ رکھیے

دیکھیے عشق میں تو نفع نہیں
یہ تعلق بلا وجہ رکھیے

دوستی یہ نہیں ہے میری جاں
ایک کے ساتھ دوسرا رکھیے

میری تصویریں کیا بگاڑیں گی
کسی الماری میں چھپا رکھیے

دل دُکھانے سے جی بھرا ہو تو
اب کوئی اور مشغلہ رکھیے

غم کے الفاظ چھانٹیے پہلے
نام پھر اس کا حادثہ رکھیے

مطلبی یاروں کو یہاں عامرؔ
جانیے اور فاصلہ رکھیے
________________________عامرؔ
افاعیل : فٙعِلاتن/ فاعلاتن مفاعلن فِعْلن/ فٙعِلن
الف عین
 
آخری تدوین:

فرقان احمد

محفلین
عامر بھائی! اگر آپ نے ٹیگ کرنا ہو تو مراسلے میں ہی کر دیا کیجیے۔ اگر محترم الف عین کو ٹیگ کرنا ہو تو @ لکھ کر بغیر اسپیس دیے ان کا نام تحریر کریں، اس طرح آپ انہیں ٹیگ کر پائیں گے اور وہ آپ کی غزل ملاحظہ کر سکیں گے۔ شکریہ!
 
فرقان احمد ایک بات بتایے گا ۔۔۔اس فورم میں اور کون کون سے اساتذہ ہیں ۔۔۔ رہنمائی کے لیے
محترم الف عین کے علاوہ محمد خلیل الرحمٰن بھیا، محمد یعقوب آسی صاحب، محمد ریحان قریشی محمد تابش صدیقی بھی عموماً اصلاح کیا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی بعض نام ہیں جو ذہن سے محو ہو گئے یا آج کل وہ بوجوہ محفل پر نہیں آتے ہیں۔

آپ اگر اپنا تعارف کروانا چاہیں تو اس ربط پر جائیے تاکہ ہم آپ کے بارے میں زیادہ جان پائیں، شکریہ! ربط
 
کہاں اساتذہ کے ساتھ نام لکھ دیا ہے۔
کہیں اساتذہ ناراض نہ ہو جائیں۔ :)
 
ماشاء اللہ
اچھی غزل ہے۔
کچھ باتیں، اصلاح نہیں صلاح کی غرض سے :)
یہی بہتر ہے فاصلہ رکھیے
نہیں تو تھوڑا حوصلہ رکھیے
دوسرا مصرع توجہ چاہتا ہے
نہیں میں یں کا اسقاط اور پھر ساتھ ہی تو کا دو حرفی استعمال کچھ بھلا نہیں لگ رہا۔
خاص طور پر مطلع تو خوبصورت ہونا چاہیے۔ :)
ایک مشورہ
ورنہ تھوڑا سا حوصلہ رکھیے

دوستی یہ نہیں ہے میری جاں
ایک کے ساتھ دوسرا رکھیے
اگر تو یہ کہنا چاہا ہے کہ ایک دوسرے کا ساتھ رکھیے
تو بات بنی نہیں۔
اگر کچھ اور مفہوم ہے تو سمجھ نہیں آیا۔
غم کے الفاظ چھانٹیے پہلے
نام پھر اس کا حادثہ رکھیے
مفہوم سمجھ نہیں آیا۔
 
عامر سلام

محفلین
بہت بہت شکریہ ۔۔۔جی آپ نے مطلع میں بہت اچھی اصلاح فرمائی ۔۔۔آپ کی محبّت ہے ۔۔۔اور شعر کا مفہوم یہ ہے کے پہلے آپ میرے لفظوں میں سے غم کے الفاظ الگ کر دیں ۔۔۔پھر ان الفاظ کے مجموعے کو حادثہ کا عنوان دیں ۔۔۔دوسرے شعر میں ۔۔۔۔ دوستی ایک کے ساتھ اچھی لگتی ہے اس سے مراد آپ عشق حقیقی بھی لے سکتے ہیں اور مجازی بھی پھر ایک کے ساتھ دوسری یاری ۔۔۔محبّت اچھی نہیں لگتی ۔۔۔
 
پہلے آپ میرے لفظوں میں سے غم کے الفاظ الگ کر دیں ۔۔۔پھر ان الفاظ کے مجموعے کو حادثہ کا عنوان دیں ۔۔۔
یہ تو شعر کو نثر میں لکھ دیا۔ مگر مفہوم ابھی بھی سمجھ میں نہیں آیا
یعنی غم نکال کر جو الفاظ بچیں گے، ان کا عنوان حادثہ کیونکر ہو گا؟
دوستی ایک کے ساتھ اچھی لگتی ہے اس سے مراد آپ عشق حقیقی بھی لے سکتے ہیں اور مجازی بھی پھر ایک کے ساتھ دوسری یاری ۔۔۔محبّت اچھی نہیں لگتی ۔۔۔
یہ سمجھ آ گیا ہے۔
یعنی یہ کہنا چاہتے ہیں کہ محبت ایک ہی ہونی چاہیے۔
عشق حقیقی تک تو بات ٹھیک ہے۔
مگر اسلام میں تو چار شادیوں کی اجازت ہے۔ :)
 
عامر سلام

محفلین
نہیں نہیں الفاظ میں سے غم نکالا جائے تو غم کا نام حادثہ رکھیں ۔۔۔ مطلب میری اور غزلیں بھی ہیں اور شاعری میں غم کے الفاظ اگر نکال دیں ان کا نام حادثہ رکھ دیں
 
نہیں نہیں الفاظ میں سے غم نکالا جائے تو غم کا نام حادثہ رکھیں ۔۔۔ مطلب میری اور غزلیں بھی ہیں اور شاعری میں غم کے الفاظ اگر نکال دیں ان کا نام حادثہ رکھ دیں
اس صورت میں بھی حادثہ نام کیوں رکھا جائے؟ :)
 
الف عین

لائبریرین
عزیزی تابش مطلع میں ایطا کی خامی بتانے سے چوک گئے! ایطا یہ ہے کہ دونوں قوافی 'صلہ' والے ہیں جو یہ متعین کرتے ہیں کہ مکمل غزل میں یہی برتا جانا چاہیے۔ لیکن در اصل آخر میں صرف ہ یا الف ہے دوسرے قوافی میں ۔
دوسری اہم غلطی
یہ تعلق بلا وجہ رکھیے۔
وجہ کا درست تلفظ ہ پر جسم کے ساتھ ہے۔ بر وزن درد، جسم، راہ، یعنی فعل۔ یہ قافیہ غلط ہے
دوسرا اور پانچواں شعر درست
تابش کے بحث کردہ اشعار کا درست ابلاغ نہیں ہوتا۔
یہ شعر
دل دُکھانے سے جی بھرا ہو تو
اب کوئی اور مشغلہ رکھیے
'اب' کا غلط استعمال لگتا ہے یہاں ۔ 'پھر ' لانا بہتر ہو گا
مقطع میں
مطلبی یاروں کو یہاں عامرؔ
یہاں لفظ بھرتی کا ہے۔ اور یاروں کا 'وں' کا اسقاط روانی متاثر کرتا ہے
مطلب دوستوں کو عامر جی
یا اس قسم کا دوسرا مصرع لائیں
 
عامر سلام

محفلین
بہت بہت شکریہ استاد محترم الف عین ۔۔۔ اصلاح فرمانے کا ۔۔ آپ اگر یہ بتا دیں اس طرح کی غلطیوں کو درست کرنے کے لیے کون سی کتاب کا مطالعہ بہتر رہے گا ۔۔۔ساتھ ساتھ آپ اصلاح فرماتے رہیے گا ۔۔۔
 
کتاب تو میں نے بھی کوئی نہیں پڑھی۔ اپنے وجدان اور طبع سے اصلاح کرتا ہوں جس کا اہل تو نہیں، لیکن یہاں اہل بنا دیا گیا ہوں!
 
Top