غزل بغرضِ اصلاح: پھر سے یادِ یار میں جگنو بلائے جائیں گے

استادِ محترم سر الف عین سے التماس ہے کہ برائے مہربانی اصلاح فرمائیں
راحل بھائی و دیگر احباب سے گزارش ہے کہ اپنے مشورے سے نوازیں

پردے اٹھائے جائیں گے پردے گرائے جائیں گے
مانوس سے کچھ اجنبی چہرے دکھا ئے جائیں گے

یہ بات جو محفل کی ہے محفل میں ہی کیجئے اسے
باہر کسے معلوم کیا کیا گل کھلائے جائیں گے

ترکِ محبت کا ارادہ ترک کرتے ہیں ہم آج
اب پھر سے یادِ یار میں جگنو بلائے جائیں گے

یہ بارگاہِ عشق ہے واعظ ترا مکتب نہیں
سر ہی نہیں دل بھی یہاں سجدے میں لائے جائیں گے

یہ شہرِ باطل ہے جناب اس میں تو یہ دستور ہے
جو اہلِ حق ہیں وہ یہاں سولی چڑھائے جائیں گے
 
آخری تدوین:
اچھی کاوش ہے۔ مجھے بس مطلع واضح نہیں لگا۔ ممکن ہے کہ میرے فہم کا نقص ہو۔

کچھ مقامات پر املا کی غلطیاں ہیں، جیسے جگنوں = جگنو
صولی = سولی

ترکِ محبت کا ارادہ ترک کرتے ہیں ہم آج
اب پھر سے یادِ یار میں جگنوں بلائے جائیں گے
دوسرے مصرعے میں "اب" اور "پھر" کے درمیان تنافر سے بچا جاسکتا ہے۔ یوں سوچ کر دیکھیں
پھر سے تمہاری یاد میں ۔۔۔ الخ

یہ بات جو محفل کی ہے محفل میں ہی کیجئے اسے
باہر کسے معلوم کیا کیا گل کھلائے جائیں گے
پہلے مصرعے کو یوں سوچ کر دیکھیں، بیان زیادہ صاف ہوتا محسوس ہوتا ہے یا نہیں
جو بات محفل کی ہو اس کو کیجئے محفل میں بس!

یہ شہرِ باطل ہے جناب اس میں تو یہ دستور ہے
جو اہلِ حق ہیں وہ یہاں صولی چڑھائے جائیں گے
پہلے مصرعے میں "اس میں تو یہ دستور ہے" کو "اس کا یہی دستور ہے" کردیں، زیادہ مناسب رہے گا میری رائے میں۔

دعاگو،
راحل۔
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
مطلع واضح نہیں واقعی
ترکِ محبت کا ارادہ ترک کرتے ہیں ہم آج
.. یہ بحر بھی منقسم ہے دو ٹکڑوں میں، اور پہلا ٹکڑا 'ارا' پر ختم ہو رہا ہے اور دوسرا 'دہ' سے شروع۔ یعنی لفظ ٹوٹ رہا ہے۔ اس کے علاوہ اگرچہ آخری فاعلن کو فاعلات میں بدلا جا سکتا ہے لیکن یہاں اس صورت میں اچھا نہیں لگتا۔
یہ بات جو محفل کی ہے محفل میں ہی کیجئے اسے
.. کیجئے تو وزن میں ہی نہیں آتا، 'کیجے' آتا ہے
لیکن راحل کا مجوزہ مصرع بھی مجھے رواں نہیں لگا۔
 
جی سر اصلاح کیلئے بہت شکریہ میں دوبارہ کوشش کرتا ہوں
 
Top