غزل : تیرگی سرِ مژگاں جگنوؤں کی آسانی : از : م۔م۔مغل

مغزل

محفلین
مغزل​
تیرگی سرِ مژگاں جگنوؤں کی آسانی
مشکلوں سے ملتی ہے مشکلوں کی آسانی
انتظار کی شب میں صبح جاگ اٹھی ہے
شام سے خفا سی ہے دستکوں کی آسانی
ہر نفس سلگتی ہے چہرگی کو روتی ہے
آئنوں کے جنگل میں حیرتوں کی آسانی
دل سراب زار ایسا عشق میں نہیں ہوتا
تشنگی سلامت اور بارشوں کی آسانی
وصل ایک اندیشہ بُن رہا ہے مدت سے
ہجر میں یقیں کا دکھ واہموں کی آسانی
دھڑکنیں ملامت سی سانس تازیانہ سی
ایسے میں غنیمت ہے آنسوؤں کی آسانی
مطمعن نہ ہوجانا یہ سخن کا صحرا ہے
اس میں کم ہی ملتی ہے آہوؤں کی آسانی
شعر گوئی بھی محمود یار سے عبارت ہے
گر تجھے میسر ہو رتجگوں کی آسانی
م۔م۔مغل​
(صبح ۴ بجے)​
 

محمد وارث

لائبریرین
واہ کیا خوبصورت غزل ہے محمود صاحب، سبھی اشعار بہت اچھے ہیں لیکن یہ بہت پسند آئے

دھڑکنیں ملامت سی سانس تازیانہ سی
ایسے میں غنیمت ہے آنسوؤں کی آسانی

مطمعن نہ ہوجانا یہ سخن کا صحرا ہے
اس میں کم ہی ملتی ہے آہوؤں کی آسانی

شعر گوئی بھی محمود یار سے عبارت ہے
گر تجھے میسر ہو رتجگوں کی آسانی

بہت داد قبول فرمائیں محترم۔
 

فاتح

لائبریرین
واہ کیا خوبصورت غزل ہے۔ مبارک باد قبول کیجیے۔
یہ شعر تو جان لیوا ہے:
وصل ایک اندیشہ بُن رہا ہے مدت سے
ہجر میں یقیں کا دکھ واہموں کی آسانی
 

الف عین

لائبریرین
واقعی اچھے شعر نکالے ہیں محمود، پسند آئے۔ اگرچہ قافیوں کی آسانی میسر نہیں تھی۔ پھر بھی کچھ قوافی میں مشکل ہی محسوس ہوتی ہے!! لیکن بہتر ہے کہ ایسی زمینیں نہ ڈھوندھی جائیں جہاں کچھ ’پہلوانی‘ دکھانی پڑے۔ (ناسخ یاد آ گئے، زمین کی وجہ سے ہی نہیں، یہ شعر یاد آگیا،
وہ پہلوانِ عشق ہوں ناسخ کہ بعد موت
برسوں مرے مزار پہ مگدر گھما کئے)
 

محمداحمد

لائبریرین
ایک بہت خوبصورت غزل ۔ ایک بہت پیارے دوست کی۔

کیا کہنے، لفظ نہیں ہیں تعریف کے لئے۔

بہت خوبصورت، بہت اعلیٰ!

اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ!

بہت سی محبت! میرے پیارے بھائی کے لئے۔ :rose:
 
محمود بھیا جانی سمجھ نہیں پا رہے کہ کون سا ایک شعر چنیں اور اس پر سر دھنیں، ساری غزل ہی مست و بے خود کئے دیتی ہے، اتنے مشکل ردیف میں اتنی آسانی سے لکھ گئے واللہ ہمیں آپ کے سخن پر رشک آتا ہے۔ بس آنکھیں بند کریں اور تخیل کریں کہ آپ کی بہنا نے آپ کو ویسے ہی بشمول آداب و اعزازات بے پناہ داد دی ہے جیسے محفل مشاعرہ میں حاضرین خدائے سخن میر رح کو دیا کرتے تھے۔ آپ کے لئے بہت سارا پیار اور ڈھیروں دعائیں
 
Top