غزل پرائے اصلاح #3

انس معین

محفلین
اساتذہ سے اصلاح کی درخواست
الف عین
عظیم

ہے بیٹھا کوئی رند سر کو جھکائے
زمانوں کو اپنے مداروں پہ لائے
---------------------------------------
بہت چاند چمکے بہت دل لبھائے
مگر تیری صورت بہت یاد آئے
----------------------------------------
جو آنکھوں کی سرخی کا مطلب نہ سمجھے
تو رندوں کی محفل کے کیا دام پائے
-----------------------------------------
ہجر میں ہوئی اپنی حالت کچھ ایسی
کہ زخمی پرندہ کوئی پھڑپھڑائے
-----------------------------------------
مرے سر کی قسمیں وہ کھاتے ہیں ایسے
کہ گل کوئی صحرا کی قسمیں ہے کھائے
-----------------------------------------
ادا کیسے رک جائیں ہم مہ کشی سے
نگاہوں سے اپنی وہ ظالم پلائے
 

عظیم

محفلین
ہے بیٹھا کوئی رند سر کو جھکائے
زمانوں کو اپنے مداروں پہ لائے
---------------------------------------تکنیکی طور پر کوئی خامی نہیں مگر کہنا کیا چاہتے ہیں یہ سمجھ نہیں سکا
خاص طور پر دوسرا مصرع سمجھ میں نہیں آتا کہ کیا مطلب ہے

بہت چاند چمکے بہت دل لبھائے
مگر تیری صورت بہت یاد آئے
----------------------------------------'بہت دل لبھائے' سے کیا مراد ہے؟ کہ چاند دل کو لبھائے؟ اگر یہی مطلب ہے تو ادا نہیں ہو رہا
شاید، بہت چاند چمکے جو دل کو لبھائے۔۔۔ بہتر ہو

جو آنکھوں کی سرخی کا مطلب نہ سمجھے
تو رندوں کی محفل کے کیا دام پائے
-----------------------------------------'دام پائے' بے معنی لگ رہا ہے
تو رندوں کی محفل کے کس کام آئے
بہتر ہو سکتا ہے

ہجر میں ہوئی اپنی حالت کچھ ایسی
کہ زخمی پرندہ کوئی پھڑپھڑائے
-----------------------------------------ہجر میں جیم ساکن ہے
ہوئی ہجر میں اپنی حالت کچھ ایسی، کیا جا سکتا ہے
دوسرے مصرع میں 'کہ' فٹ بیٹھتا ہوا معلوم نہیں ہو رہا۔ اس کے ساتھ 'جیسے' لائیں تو بہتر ہو سکتا ہے مثلاً کہ جیسے پرندہ کوئی پھڑپھڑائے

مرے سر کی قسمیں وہ کھاتے ہیں ایسے
کہ گل کوئی صحرا کی قسمیں ہے کھائے
-----------------------------------------دوسرا مصرع بدلنے کی ضرورت ہے

ادا کیسے رک جائیں ہم مہ کشی سے
نگاہوں سے اپنی وہ ظالم پلائے
۔۔۔۔۔مہ کشی یا مے کشی؟
 

انس معین

محفلین
سر دوبارہ درخواست ہے

خیالوں میں اپنی ہی دنیا بسائے
ہے بیٹھا کوئی رند سر کو جھکائے

بہت چاند چمکے جو دل کو لبھائے
مگر تیری صورت بہت یاد آئے

جو آنکھوں کی سرخی کا مطلب نہ سمجھے
تو رندوں کی محفل کے کس کام آئے

ہوئی ہجر میں اپنی حالت کچھ ایسی
کہ جیسے پرندہ کوئی پھڑپھڑائے

ادا کیسے رک جائیں ہم مے کشی سے
نگاہوں سے اپنی وہ ظالم پلائے

۔۔۔۔۔ سر ہم مہ کشی ... مطلب مہ کیوں نہیں استعمال کر سکتے ... اور اگر کر سکتے ہیں تو کس صورت میں
 

الف عین

لائبریرین
پہلے اس کا جواب.... مہ بمعنی چاند مہ کشی بمعنی چاند کو کھینچنا؟ بے معنی لفظ ہے۔ مے بمعنی شراب، فارسی محاورے کے مطابق شراب کھینچنا بمعنی شراب پینا۔ یہاں مے کشی کی ہی بات ہے نا! اس لیے ظاہر ہے کہ مے کشی درست لفظ ہے، مہ کشی نہیں
 

الف عین

لائبریرین
خیالوں میں اپنی ہی دنیا بسائے
ہے بیٹھا کوئی رند سر کو جھکائے
... درست

بہت چاند چمکے جو دل کو لبھائے
مگر تیری صورت بہت یاد آئے
.... مطلع ہو چکا، دوسرے ھسن مطلع کی ضرورت نہیں تو کیوں قافیہ لا کر شعر مہمل بنا رہے ہو؟ کہنا یہی چاہتے ہو نا بہت چاند دیکھے لیکن تیری صورت ہی بہتر لگی! اس خیال کو دوبارہ کہیں

جو آنکھوں کی سرخی کا مطلب نہ سمجھے
تو رندوں کی محفل کے کس کام آئے
... ٹھیک

ہوئی ہجر میں اپنی حالت کچھ ایسی
کہ جیسے پرندہ کوئی پھڑپھڑائے
..... درست

ادا کیسے رک جائیں ہم مے کشی سے
نگاہوں سے اپنی وہ ظالم پلائے
ٹھیک، لیکن دوسرے مصرعے میں 'جو' کسی طرح لا سکیں تو بہتر ہے، جیسے
جو آنکھوں سے اپنی.....
 

انس معین

محفلین
سر دوبارہ درخواست ہے

جو آنکھوں کی سرخی کا مطلب نہ سمجھے
تو رندوں کی محفل میں کس کام آئے
(کیا اس کو ایسے کر لوں -- کے کی جگہ -- میں )

اداؤں سے کتنی بھی یہ چاند چمکیں
مگر تیری صورت ہی آنکھوں کو بھائے

ادا کیسے رک جائیں ہم مے کشی سے
جو آنکھوں سے اپنی وہ ظالم پلائے
 

عظیم

محفلین
جو آنکھوں کی سرخی کا مطلب نہ سمجھے
تو رندوں کی محفل میں کس کام آئے
(کیا اس کو ایسے کر لوں -- کے کی جگہ -- میں )
۔۔۔اس میں کوئی حرج نہیں لگتا، کے کی جگہ 'میں' استعمال کر سکتے ہیں

اداؤں سے کتنی بھی یہ چاند چمکیں
مگر تیری صورت ہی آنکھوں کو بھائے
۔۔۔۔۔'یہ چاند' سے کون سے چاند مراد ہیں یہ واضح نہیں ہوتا
شاید 'کچھ چاند چمکیں' چل جائے
بہتر ہے کہ کسی اور طرح واضح مصرع کہنے کی کوشش کریں
۔۔مقطع درست ہو گیا ہے
 

الف عین

لائبریرین
عظیم شاعری میں سائنسی طور پر درست بیانات نہ بھی ہوں تو چل سکتا ہے کہ شاعری ہے ہی عیر سائنسی! اب اگر شاعر کسی اور سیارے پر ایک سے زائد چاند دیکھ رہا ہے، یا اسی زمین پر تو اسے دیکھنے کی اجازت تو دینی ہو گی!
اداؤں سے کتنی بھی یہ چاند چمکے
سائنسی طور پر درست ہے نا!
 

عظیم

محفلین
عظیم شاعری میں سائنسی طور پر درست بیانات نہ بھی ہوں تو چل سکتا ہے کہ شاعری ہے ہی عیر سائنسی! اب اگر شاعر کسی اور سیارے پر ایک سے زائد چاند دیکھ رہا ہے، یا اسی زمین پر تو اسے دیکھنے کی اجازت تو دینی ہو گی!
اداؤں سے کتنی بھی یہ چاند چمکے
سائنسی طور پر درست ہے نا!
جی بابا،
میرا خیال تھا کہ شاعر کی مراد چاند چہروں سے ہے۔
 
Top