غزل : کہاں یہ خون میں لَت پَت کمان سُوکھتی ہے - اختر عثمان

غزل
کہاں یہ خون میں لَت پَت کمان سُوکھتی ہے
جو دیکھتے ہی پرندوں کی جان سُوکھتی ہے

مجھ ایسا شخص اگر تشنگیِ اہلِ وفا
رقم کرے تو قلم کی زبان سُوکھتی ہے

تری نگہ کی نمی مجھ تک آئے بھی کیسے !
ہَوا کی سانس کہیں درمیان سُوکھتی ہے

چمک دمک ہے ، مہک ہے مری ذرا کی ذرا
لہو کی لہر ہے ، سو کوئی آن سُوکھتی ہے

یہ اور بات کہ پہلے ہو اَبر سے سیراب
مگر زمین سے پہلے چٹان سُوکھتی ہے
اختر عثمان
 
آخری تدوین:
Top