غزل ۔ آنکھوں پہ تو چھا جائے مگر دل میں نہ اُترے ۔ ضیا بلوچ

محمداحمد

لائبریرین
ضیا بلوچ ہمارے بہت ہی اچھے دوست ہیں لیکن اب ان سے گفتگو کی سبیل شاذ و نادر ہی ہوتی ہے۔ اُن کی خوبصورت غزل عالمی اخبار میں دیکھی تو سوچا کہ محفلین کے ساتھ بھی شریک کی جائے۔ :)

غزل

آنکھوں پہ تو چھا جائے مگر دل میں نہ اُترے
ہم ایسے اُجالے کو اُجالا نہیں کہتے

اے کُشتہء انفاسِ جنوں تو ہی بتا دے
کیا مارنے والے کو مسیحا نہیں کہتے؟

ہر آنکھ پہ کھلتے نہیں اسرارِ محبت
ہر دیکھنے والے کو تو بینا نہیں کہتے

اپنا جسے کہتے ہیں وہ بنتا ہے پرایا
اس خوف سے ہم آپ کو اپنا نہیں کہتے

اک آگ سی سینے میں لگی ہے نہ بُجھی ہے
کیا ایسے تماشے کو معمہ نہیں کہتے

لب بستہ فقیروں کو کبھی غور سے دیکھو
خاموش نگاہوں سے یہ کیا کیا نہیں کہتے

احساس نہیں جن کوضیاء رنج و الم کا
دُکھ جھیلنے والے انہیں زندہ نہیں کہتے

ضیا بلوچ
بشکریہ : عالمی اخبار
 

عبد الرحمن

لائبریرین
ہر آنکھ پہ کھلتے نہیں اسرارِ محبت
ہر دیکھنے والے کو تو بینا نہیں کہتے

اپنا جسے کہتے ہیں وہ بنتا ہے پرایا
اس خوف سے ہم آپ کو اپنا نہیں کہتے

واہ واہ! بہت خوب احمد بھائی! :)
 

نیرنگ خیال

لائبریرین
اے کُشتہء انفاسِ جنوں تو ہی بتا دے
کیا مارنے والے کو مسیحا نہیں کہتے؟

اک آگ سی سینے میں لگی ہے نہ بُجھی ہے
کیا ایسے تماشے کو معمہ نہیں کہتے

لب بستہ فقیروں کو کبھی غور سے دیکھو
خاموش نگاہوں سے یہ کیا کیا نہیں کہتے

واہ۔۔۔ لاجواب۔۔۔۔ بہت ہی عمدہ غزل ہے۔
ضیا بلوچ کا نام شاید پہلے بھی کہیں لکھا پڑھا دیکھا ہے۔ یہ بات البتہ ابھی معلوم ہوئی کہ آپ کے حلقہ احباب میں شامل ہیں۔۔۔۔
 

محمداحمد

لائبریرین
واہ۔۔۔ لاجواب۔۔۔۔ بہت ہی عمدہ غزل ہے۔
ضیا بلوچ کا نام شاید پہلے بھی کہیں لکھا پڑھا دیکھا ہے۔ یہ بات البتہ ابھی معلوم ہوئی کہ آپ کے حلقہ احباب میں شامل ہیں۔۔۔۔

بہت شکریہ ذوالقرنین بھائی ۔۔۔!

ضیاء بھائی سے ہماری رفاقت محفلِ سخن پر رہی ہے اور یہ وقت بہت یادگار وقت تھا۔
 
Top