باذوق
محفلین
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
حدیث : قرآن کریم کی وہ تشریح و توضیح ہے جس کی روشنی ہی میں اسلام ایک مکمل اور جامع دین کی صورت میں سامنے آتا ، عمل کے قالب میں ڈھلتا اور ایک اسلامی معاشرے کی تشکیل کرتا ہے ۔
اگر قرآن کی یہ شرح و تفسیرِ نبوی ہمارے پاس نہ ہوتی تو دینِ اسلام کی جامعیت کا اثبات ہو سکتا تھا نہ اس کا کوئی ڈھانچہ مرتب اور اس پر مبنی کوئی معاشرہ ہی متشکل ہو سکتا تھا ۔
لیکن الحمدللہ ! مسلمانوں کے پاس تینوں ہی چیزیں ہیں جسے وہ پورے شرح صدر اور کامل یقین و اذعان کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرتے ہیں ۔ اسلام ایک جامع دین ہے جس میں ہر شعبۂ زندگی سے متعلق ہدایات ہیں ، اس کا ایک عملی قالب ہے جسے اختیار کرنے کی وہ دعوت دیتے ہیں اور ان کے صفحات تاریخ پر خیر القرون کا وہ بہترین اسلامی معاشرہ ہے جس کی صورت گری (تشکیل) مذکورہ ڈھانچے ہی پر ہوئی تھی ۔
اسلام کی یہ جامعیت یا خوبی صرف اور صرف قرآن کریم کے ساتھ حدیثِ نبوی علی صاحبہ الصلوٰة و السلام کو ماخذِ دین اور حجت شرعیہ ماننے کی وجہ سے ہے ۔ اسی لیے قرآن نے بھی بار بار اللہ کی اطاعت کے ساتھ ، رسول کی اطاعت کو بھی ضروری قرار دیا ہے ، کیونکہ اس کے بغیر اللہ کی نازل کردہ کتاب پر کامل طریقے سے اور صحیح معنوں میں عمل کرنا ممکن ہی نہیں ہے ۔
حدیثِ رسول کی یہی وہ اہمیت ہے جو دشمنانِ اسلام کی نظر میں خار بن کر کھٹکتی ہے اور وہ مختلف عنوانات سے اس پر شب خون مارتے اور اس کی اہمیت کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ اسلام کی من مانی تعبیر کر کے مغرب کی حیا باختہ تہذیب ، اس کے الحاد و زندقہ اور کمیونزم جیسے غیر فطری نظریے کو سندِ جواز دے سکیں ۔
زیر نظر کتاب اسی فتنۂ انکار حدیث کی تردید و بطلان میں ایک نہایت معرکہ آراء کتاب میں جس میں آستین کے ان سانپوں کو بےنقاب کیا گیا ہے جو "قرآن" کے نام پر اسلام کی بنیادوں کو ڈھانے کی مذموم کوششیں کرتے رہے یا کر رہے ہیں اور ان کے ان تمام "مغالطوں" کا پردہ چاک کر دیا گیا ہے جو وہ حدیث کی تشریعی حیثیت کو مجروح کرنے کے لیے پیش کرتے ہیں ، کہ ۔۔۔
پائے چوبیں سخت بے تمکیں بود
تحریر : حافظ صلاح الدین یوسف
آئینۂ پرویزیت - پرویزیت اور فتنۂ انکارِ حدیث کے جواب میں ایک لاجواب کتاب
مصنف : مولانا عبدالرحمٰن کیلانی
ای-بک ڈاؤن لوڈنگ سہولت بشکریہ : برادر شاکر اعوان