فنا کیا ہے؟ بس احساسِ خودی کا دُور ہو جانا - کوکب شاہجہانپوری

کاشفی

محفلین
غزل
(کوکب شاہجہانپوری)
فنا کیا ہے؟ بس احساسِ خودی کا دُور ہوجانا
صدائے ہرنفس کا نعرہء منصُور ہوجانا
بنائیں دیدہء حیراں کو آئینہ، تماشائی
کمالِ ذوقِ نظارہ ہے خود منظُور ہوجانا
محبت میں شکستِ اوّلیں کیا حیرت افزا تھی
نگاہوں کا وہ لڑنا، شیشہء دل چُور ہوجانا
اگر ہے صرف ترکیبِ عناصر پردہءِ حائل
تو کیا مشکل ہے اس کا درمیاں سے دُور ہوجانا
اُدھر پیہم کسی کے جلوہء رنگیں کی ارزانی
اِدھر قیدِ تعیّن سے مرا مجبُور ہوجانا
کہاں تسکینِ خاطر ہمدمو! جھوٹی تسلّی سے
ہنسی ہے! چارہءِ دردِ دل رنجُور ہوجانا
طلسمِ فکر ہے انسان کی نیرنگئی فطرت
کبھی مختار ہو جانا کبھی مجبُور ہوجانا
نہ ہوں لب آشنا جوش و خروشِ دل سے اے کوکب
کہ آئینِ وفا میں ننگ ہے منصُور ہوجانا
 
Top