فورم پر لنگ اسپیمنگ

دوست

محفلین
اسلام و علیکم
باوجویکہ فدوی اس فورم کا پرانا رکن ہے ، آج تک کسی انتظامی معاملے میں کم ہی تجویز، رائے ، شکایت درج کروائی ہے۔ اس فورم کی نظامت ہمیشہ بڑے قابل احباب کے ہاتھ میں رہی ہے۔ زکریا اجمل جب فعال تھے تو اردو محفل پر بڑا سکون تھا، وہ دن بھی عروج کے تھے۔ اس کے بعد ابنِ سعید نے بہت اچھی طرح نظامت اور ڈویلپمنٹ کاکام سنبھالا۔ لیکن پچھلے ایک دو سال سے میں فورم کو ایک خاص گروہ کے ہاتھوں یرغمال ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ ہر کسی کو اپنی بات کہنے کا حق ہے لیکن جب پانی سر سے گزرنے لگا تو مجھے کہنا پڑ رہا ہے۔ فورم پر ایک ہی موضوع پر ایک ہی طرح کے اخبار ی مضامین کی اسپیمنگ کی جا رہی ہے اور یہ ایک مخصوص گروہ کی جانب سے ہو رہا ہے۔بحث ایک بار یا دو بار ہوتی ہے۔ بار بار ایک ہی موضوع لے کر چھنکنا بجانا غیر ضروری اور فورم کا ماحول آلودہ کرنے کی کوشش ہے۔ میں اس پر شدید احتجاج کرتا ہوں اور مطالبہ کرتا ہوں کہ اصلاحِ احوال کا بندوبست کیا جائے۔
بیرونی مضامین کی کاپی پیسٹنگ کے لیے ضابطہ اخلاق وضع کیا جائے اور ایک ہی موضوع پر ایک ہی طرح کے موقف ، دلائل والے مضامین کی لنک اسپیمنگ روکی جائے۔
 

عثمان

محفلین
روزانہ درجنوں کے اعتبار سے اخباری تراشے لگانے والوں کا کچھ سدباب ہونا چاہیے۔ کچھ اراکین ہیں جن کا کل وقتی کام ہی روزانہ ناشتے کے بعد محفل پر حاضر ہو کر درجن بھر اخباری تراشے لگانا ہے۔ اور اس کے بعد ایک طویل نامعقول حجت بازی شروع ہو جاتی ہے۔ اگر اس معاملے میں کچھ موڈریشن ہو تو یہ مسئلہ اسی فیصد حل ہوجائے۔
 

دوست

محفلین
ہم نے اپنے بچوں کے اکاؤنٹ یہاں بنائے ہیں اس وجہ سے کے یہ ایک تعمیری پلیٹ فارم ہے. اس لیے نہیں کہ من پسند اخباری لنک پیسٹ کر کر کے ان کی برین واشنگ کروائیں. یہاں تو لوگوں نے مذاق بنا لیا ہے، ہر نان ایشو کو لے کر ہلڑ باز، لایعنی بحث اور جتنی دیر وہ تماشا فیس بک اور میڈیا پر چلتا ہے اتنی دیر وہ یہاں براہ راست ٹیلی کاسٹ کرتے رہتے ہیں. ہر بات کی ایک حد ہوتی ہے.
 

اسد

محفلین
اردو محفل یونیکوڈ اردو فورم ہوا کرتا تھا، اب آہستہ آہستہ تصویری فورم میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے۔ میں مکمل طور پر اتفاق کرتا ہوں کہ 'بیرونی مضامین کی کاپی پیسٹنگ کے لیے ضابطہ اخلاق وضع کیا جائے'، میں اس پر بھی یقین رکھتا ہوں کہ 'ہر کسی کو اپنی بات کہنے کا حق ہے'، لیکن کچھ اصول لاگو ہونے چاہئیں۔ اگر کوئی ممبر کوئی اخباری کالم یا آرٹیکل فورم میں پوسٹ کرنا چاہتا ہے تو اسے اس کا حق ہے، لیکن اسے اپنے فرائض بھی پورے کرنے چاہئیں۔ کسی اور جگہ سے کسی کالم کی تصویر پیغام میں شامل کرنے پر پابندی ہونی چاہئیے۔ اگر کوئی ممبر ایک آرٹیکل کو محفل میں شامل کرنا چاہتا ہے تو کہیں سے کالم‌\آرٹیکل کا یونیکوڈ ٹیکسٹ ڈھونڈے (یا ٹائپ کرے) اور محفل میں شامل کرے۔ اگر ایسا نہیں ہو سکتا تو پیغام میں کالم/آرٹیکل کا یو آر ایل لنک دے اور اس کی کچھ تفصیل لکھے اور اہمیت واضح کرے، جس کو دلچسپی ہو گی جا کر اصل سائٹ سے پڑھ لے گا۔

کیونکہ میں سیاست، حالاتِ حاضرہ اور مذہب کے زمروں سے دور رہتا ہوں اس لئے کہہ نہیں سکتا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ لیکن کبھی کبھار 'حالات حاضرہ' میں 'آپ کے کالم' میں جھانک لیتا ہوں کہ محفل والے کیا کہہ رہے ہیں اور بیشتر محفلیے کچھ کہنے کے بجائے اخباری کالموں کی تصویریں سجائے بیٹھے ہوتے ہیں۔ 'آپ کے کالم' میں اخباری کالم پوسٹ کرنے پر پابندی ہونی چاہئیے۔
 

دوست

محفلین
بالکل اس پر پابندی ہو نی چاہیئے۔ جس کا دل زیادہ کرتا ہے وہ بلاگ بنائے اور اس پر تصویروں کی دوکان سجا لے۔ فیس بُک پر تشریف لے جائے اپنی وال پر ان کالموں کی دوکان سجا لے۔ یہ فورم ایک مقصد کے لیے بناتھا، اور وہ تھا اردو کی ترویج۔ یہاں ہائی بلڈ پریشر کی ترویج مقصد نہیں تھا، اور نہ ہی یہ کوئی ورچوئل اکھاڑہ ہے۔ جس کو اپنا موقف بیان کرنا ہے اپنے کالم کی صورت میں بیان فرمائے اور پھر ٹھنڈا ٹھنڈا گھر کو جائے۔
یہاں تو کاپی پیسٹ کی دوکان کھلی ہوئی ہے۔
 
ہمارا خیال ہے کہ کچھ عرصہ قبل اس حوالے سے روک تھام کی گئی تھی لیکن ایک بار پھر سے اخبارات کے تصویری تراشوں کی وبا پھیل رہی ہے۔ یہ واقعی سنجیدہ حد تک پریشان کن بات ہے۔ اس بابت کچھ کرتے ہیں۔ :) :) :)
 
Top