گرافکس فوٹوشاپ ایکشنز (Actions) - دوسرا حصہ - استعمال

میم نون

محفلین
بسم اﷲ الرحمن الرحیم

titlephotop.jpg


پہلے حصے میں مختصر تعارف کے بعد آئیے دیکھتے ہیں کہ فوٹوشاپ میں ایکشن کو کیسے استعمال کرتے ہیں۔
سبق کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئیے اس تصویر سے آغاز کرتے ہیں جو کہ ہم نے پچھلی قسط میں استعمال کی تھی-

4option.jpg

اس تصویر کو یاد رکھیں کہ اس سبق میں آگے بھی اسکا ذکر ہو گا

- کلئیر آل ایکشنز پر کلک کرنے سے ہماری ایکشن پلیٹ خالی ہو جائے گی اور اس میں کوئی بھی ایکشن باقی نہیں بچے گا۔
- جبکہ ری سیٹ ایکشنز سے ڈیفالٹ ایکشن آجائیں گے
- لوڈ ایکشنز کی مدد سے ہم نئے ایکشنز کو ایکشن پلیٹ میں کھول سکتے ہیں۔
- اور ری پلیس ایکشنز سے ہم جو ایکشن لوڈ کرنے جائیں گے صرف وہی ایکشن پلیٹ میں آئے گا اور پہلے سے موجود تمام ایکشنز غائب ہو جائیں گے


جیسے کہ پچھلے سبق میں ذکر کیا گیا تھا، فوٹوشاپ میں پہلے سے ہی چند ایکشنز موجود ہوتے ہیں جو کہ پچھلی تصویر میں گلابی رنگ میں دکھائے گئے ہیں، ان میں سے کسی بھی سیٹ پر کلک کرنے سے وہ ہماری ایکشن پلیٹ میں کھل جائے گا، فوٹوشاپ میں موجود ایکشنز میں سے چند ایک کو چھوڑ کر باقی تمام کوئی خاص نہیں ہیں، اس لئیے ان پر زیادہ وقت لگانے کی بجائے ایک سرسری سی نظر ڈالتے ہیں۔
میں نے ٹیکسٹ ایفیکٹس (Text Effects) کو منتخب کیا ہے اور اس سیٹ میں موجود ایکشنز یہاں پر نظر آ رہے ہیں۔

1texteffects.jpg


جیسے کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، یہاں پر موجود تمام ایکشنز کے آگے بریکٹس میں: ٹائپ، سلیکشن یا فوٹو لکھا ہوا ہے۔
جن ایکشنز کے آگے ٹائپ لکھا ہوا ہے انھیں استعمال کرنے سے پہلے ہمیں کچھ لکھنا پڑے گا۔
سلیکشن والے ایکشن کو چلانے سے پہلے ہمیں تصویر کے کسی حصے کو منتخب کرنا ہو گا۔
جہاں پر فوٹو لکھا ہوتا ہے، وہ ایکشن تصویر کے لئیے ہوتا ہے۔
بعض کے اگے لئیر بھی لکھا ہوتا ہے، اسکا مطلب ہوتا ہے کہ اس ایکشن کا اثر صرف منتخب شدہ لئیر پر ہی ہو گا۔


چلیں ان معلومات کے بعد اپنے آج کے سبق کی طرف واپس آتے ہیں، فوٹوشاپ میں جو ایکشنز موجود ہیں وہ کافی نہیں ہیں، لیکن فوٹوشاپ میں ایک خوبی یہ بھی ہے کہ ہم اپنی مرضی کے نئے ایکشنز بنا سکتے ہیں اور انھیں ایکسپورٹ بھی کر سکتے ہیں تاکہ کسی دوسرے کو دے سکیں۔ انٹرنیٹ پر ایسے بہت سے ایکشنز مل جاتے ہیں جو کہ دوسرے صارفین نے بنائے ہوتے ہیں، انکی اکثریت مفت ہوتی ہے، لیکن کمرشل ایکشنز بھی موجود ہیں جنھیں خریدا جا سکتا ہے۔
سب سے پہلے تو آپ جو ایکشن استعمال کرنا چاہتے ہیں اسے حاصل کریں، اسکی ایکسٹینشن *.atn ہوتی ہے (sample.atn)۔
اپنی تصویر کو فوٹوشاپ میں کھولیں

2open.jpg



جیسے کہ اوپر ذکر ہو چکا ہے (اوپر والی رنگ دار تصویر میں) لوڈ ایکشنز پر کلک کریں، ایسا کرنے سے ایک نئی کھڑکی کھل جائے گی

3loadactions.jpg


اس کھڑکی میں اپنے ایکشن کو تلاش کریں اور پھر لوڈ کا بٹن دبا دیں۔
یہ والا ایکشن میں نے deviantart.com سے حاصل کیا ہے۔


جیسے ہی ہم ایکشن سیٹ کو لوڈ کرتے ہیں، وہ ہماری ایکشن پلیٹ میں آ جاتا ہے

4actionplay.jpg


جیسا کہ ہم دیکھ سکتے ہیں اس سیٹ میں 5 ایکشنز موجود ہیں، پہلا ایکشن طریقہ استعمال کے نام سے ہے، اس سے ہم یہ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اسے چلانے سے ہمیں ان ایکشنز کا طریقہ استعمال بتایا جائے گا۔
کچھ ایکشنز کے آگے ایف کنجیاں لکھی ہوئی ہیں، یہ ”ہاٹ کیز“ ہیں اور انھیں دبانے سے ایکشن چل جاتا ہے۔

تو آئیے پہلے ایکشن کو منتخب کرتے ہیں اور پھر play کا بٹن دبا دیتے ہیں، ایسا کرنے سے یہ والا پیغام کھل جائے گا

5message1.jpg


یہ پیغام کہتا ہے کہ اس ایکشن کو چلانے کے لئیے تصویر کا حجم 200 پکسل سے زیادہ ہونا چاہئیے۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ تصویر ” بیک گراؤانڈ لئیر“ میں ہونی چاہئیے (ہم نے چونکہ نئی تصویر کھولی ہے تو وہ پہلے سے ہی ایسی ہے، جسکا اندازہ لئیر پلیٹ میں دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے)۔ سب سے پہلے Ageing ایکشن کو چلائیں اور پھر اگر ہاتھ سے بھرے رنگوں والا تاثر دینا چاہیں تو Colour ایکشن چلائیں اور آخر میں Bending یا Cracks ایکشن چلائیں۔


اب Continue پر کلک کرنے سے ایک نیا پیغام کھل جائے گا

6message2.jpg


اس پیغام میں دوبارہ یاد دہانی کرائی جا رہی ہے کہ آخری تین ایکشنز کو چلانے سے پہلے ہمیں Ageing ایکشن چلانا ہو گا نہیں تو باقی ایکشن کام نہیں کریں گے۔ یہاں پیغام میں ایک غلطی ہے، Ageing کو Againg لکھا گیا ہے۔

طریقہ استعمال کو اس طرح ایکشن میں ہی ڈال دینا ایک بہت اچھا عمل ہے، بہت سے لوگ ایکشن کے ساتھ مجھے پڑئیے فائل فراہم کرتے ہیں یہی طریقہ کار کمرشل ایکشنز بنانے والے بھی اپناتے ہیں جو کئی کئی صفحات پر مشتمل طریقہ استعمال فراہم کرتے ہیں جو کہ اکثر فالتو ہوتا ہے۔ یا یوں کہئیے کہ اگر مفصل طرقہ استعمال سے ساتھ مختصر طریقہ ایکشن میں بھی ڈال دیا جائے تو بہت اچھا ہو۔


چلئیے اب اگلے ایکشن کو چلاتے ہیں، Ageing کو منتخب کریں اور play کا بٹن دبا دیں یا F2 دبائیں، چند سیکنڈ انتظار کریں اور پھر اپنی تصویر کا نتیجہ دیکھیں

7ageing.jpg


واہ زبردست، کیا خیال ہے آپ کا، اگر یہ والا ایفیکٹ صرف چند سیکنڈ میں خودکار طریقے سے ہو جائے اور آپ کو سوائے ایکشن چلانے کے کچھ بھی نہ کرنا پڑے؟
میرے خیال میں تو یہ بہت ہی فائدے مند آلہ ہے۔


لیکن اس ایکشن کے ابھی باقی حصے بھی ہیں، اب اگلے ایکشن کو چلائیںColour کو چلانا لازمی نہیں لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ یہ کیا کرتا ہے

8colour.jpg


جیسے کہ ہمیں طریقہ استعمال میں بتایا گیا تھا اس ایکشن کے چلانے سے ہاتھ سے بھرے رنگوں کا تاثر دیا گیا ہے۔

اب اگلے ایکشن بینڈنگ کو چلانے پر مجھے یہ والا غلطی کا پیغام دکھائی دیا

9errormassage.jpg


ممکن ہے کہ اس ایکشن کو بنانے والے نے کوئی ایسا لئیر ایفیکٹ استعمال کیا ہو جو کہ میرے کمپیوٹر میں نہیں ہے، خیر میں نے اسکے بارے میں زیادہ تحقیق نہیں کی اور اوکے کا بٹن دبا دیا، اور پھر جو ایفیکٹ بنا وہ دیکھئیے

10bending.jpg


یہ بھی کمال کا ایفیکٹ ہے، نیچے والا ایک کونہ تصویر سے باہر چلا گیا ہے، ہم اس لئیر کو پکڑ کر درمیان میں کر سکتے ہیں۔
غالباً یہ اس لئیے ہوا ہے کہ میری تصویر بہت چھوٹی تھی 268x300 پکسل


اب ہم آخری ایکشن کو چلاتے ہیں، لیکن یہ والا ایکشن Ageing یا Colour کے بعد چلانا ہے، نا کہBending کے بعد،تو دیکھتے ہیں کہ اس ایکشن کو چلانے سے کیا نتیجہ نکلتا ہے۔

11cracks.jpg


یہ بھی برا نہیں ہے، اس آخری ایکشن کو چلانے پر تین پیغامات کھلے اور ہر دفعہ تصویر کا کچھ حصہ منتخب تھا، ان پیغامات میں لکھا تھا کہ اگر ہم انتخاب کو بدلنا چاہیں تو بدل سکتے ہیں، یہ اس لئیے کہ بعد میں اسی انتخاب کی بنیاد پر تصویر میں لکیریں ڈالی جاتی ہیں، اسکے ساتھ ہی ہمارا یہ والا ایکشن مکمل ہوا۔


عام طور سے ایکشن فوٹوشاپ کے تمام ورژن میں چل جاتے ہیں اور compatibility کا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، یہ مسئلہ وہاں پیش آ سکتا ہے جب ایکشن کسی نئے ورژن میں بنائے گئے ہوں اور اس میں ایسے آلات استعمال کئیے گئے ہوں جو کے پچھلے ورژن میں موجود نہیں تھے، یا پھر اگر ایکشن پرانے ورژن میں بنایا گیا ہے اور کوئی ایسا آپشن استعمال کیا گیا ہے جو کہ اگلے ورژن میں موجود نہیں ہے تو یہ نہیں چلے گا۔
بعض دفعہ غلطی کے پیغامات بھی آ سکتے ہیں جیسا کہ اوپر بینڈنگ ایکشن کو استعمال کرتے ہوئے آیا، یہ compatibility کی وجہ نہیں ہوتا بلکہ اس لئیے کہ اس ایکشن میں استعمال کئیے جانے والے کچھ ایفیکٹس ہمارے پاس موجود نہیں ہوتے۔

اگلی قسط میں ایکشن کا جائزہ

اس سبق کو پی ڈی ایف میں یہاں سے اتاریں

اپنی دعاؤں میں یاد رکھئیے گا اور اپنے مفید مشوروں سے ضرور آگاہ کیجئیے گا۔

- والسلام
 

وجی

لائبریرین
بہت خوب ماشاءاللہ ویسے کیا اس طرح کی پرانی تصویر کو نئی کرسکتے ہیں
اگر ایسا کوئی طریقہ ہو تو ضرور بتائیے گا
 

میم نون

محفلین
بہت خوب ماشاءاللہ ویسے کیا اس طرح کی پرانی تصویر کو نئی کرسکتے ہیں
اگر ایسا کوئی طریقہ ہو تو ضرور بتائیے گا

کسی ایکشن سے کسی پرانی تصویر کو "نیا" کرنا بہت مشکل کام ہے، کیونکہ ایکشن خودکار طریقے سے چلتا ہے اور ہمیشہ وہی طریقہ اپناتا ہے جبکہ پرانی تصاویر ہمیشہ ایک جیسی نہیں ہوتیں، پھر بھی کچھ ایکشن ایسے موجود ہیں جو کہ کسی حد تک یہ کام کرتے ہیں لیکن میرے نزدیک سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ تصویر رکوری کی ٹکنیکس سیکھی جائیں اور اپنی تصویر کے لخاظ سے انکو آزمایا جائے، یہ کام کرنے کے لئیے فوٹوشاپ کا بہت اچھا استعمال کرنا آنا ضروری نہیں، بلکہ صرف وہی چند ایک ٹول جو کہ اسطرح کے کام کے لئیے مفید ہیں اگر وہ سیکھ لئیے جائیں تو کام چل سکتا ہے اور پھر بہت سارے تجربے کی ضرورت ہوتی ہے۔
پرانی تصویر کو مرمت کرنا پھر بھی ممکن ہے، لیکن اسمیں رنگ بھرنا تو صرف اور صرف ڈیزائینر کی fantasy اور مہارت پر منحصر کرتا ہے۔
شام کو انشاء اللہ ایسے چند ایک ایکشن ڈھونڈنے کی کوشش کروں گا اور یہاں پر پوسٹ کروں گا جو کہ کسی حد تک اس کام کے لئیے استعمال کئیے جا سکتے ہیں۔

والسلام
 

میم نون

محفلین
السلامُ علیکم،

دیر سے جواب دینے کیلئیے معزرت۔

انٹرنیٹ پر کچھ ریسرچ کرنے کے بعد مجھے ایسا کوئی ایکشن نہیں ملا جو کہ تصویر کی مرمت کرے۔
ایسے بہت سے ایکشن موجود ہیں جوکہ رنگ کی صفائی، کلر بیلنس وغیرہ کرتے ہیں، لیکن کسی پرانی تصویر کی مرمت کے لئیے کوئی ایکشن نہیں اسکی وجہ وہی ہے جو اوپر بتائی ہے۔

کلر بیلنس وغیرہ کے لئیے چند ایکشنز یہاں پر موجود ہیں:
http://www.turningturnip.co.uk/photoshop/photoshop-actions/soften-skin-actions.php
http://finessefx.com/actions/magic-skin-action-set/
یہ تو میں نے گوگل کے پہلے صفحے سے لئیے ہیں جب کہ اسطرح کے بہت سارے مفت ایکشن مل جاتے ہیں۔

لیکن پرانی تصویر کو مرمت کرنے کے لئیے کچھ ٹکنیکس ہیں وہ استعمال کی جاتی ہیں، ایک مثال یہ ہے:


3:40 منٹ سے آگے دیکھیں کیسا نتیجہ ہے۔


ایکشن چونکہ ایک خود کار عمل ہے اس لئیے اسکی کچھ حدود ہیں، لیکن اس سے بہت کچھ کیا جا سکتا ہے :)
 
Top