فہم مضامین قرآن (رمضان المبارک)

کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں

تجمل حسین

محفلین
چوبیس رمضان المبارک ( حصہ سوم)
===============================================================
(71) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ نوح٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔ہم نے نوح علیہ السلام کو اس کی قوم کی طرف بھیجا کہ وہ انہیں بدعملی سے ڈرائے، انہیں اللہ کی بندگی کی تعلیم دے اور بتائے کہ قیامت حق ہے اور یہ کہ صرف اسی کی عبادت و اطاعت کی جائے تاکہ اللہ کے عذاب سے بچ جاؤ۔ نوح علیہ السلام نے ایک مدت تک اپنی قوم کو دعوت دی لیکن وہ جھٹلاتے رہے۔

رکوع 2۔۔۔۔ آخر بارگاہِ الٰہی میں عرض کی کہ یہ میری بات نہیں مانتے، یہ اپنے رئیسوں اور مالداروں کی بات سنتے ہیں اور مال و اولاد پر اِتراتے ہیں۔ یہ لوگ خود نہیں سنتے اور دوسروں کو روکتے ہیں اور کہا الٰہی ان کا ایک گھر بھی بستا زمین پر نہ چھوڑو۔ آخر وہ قوم سیلاب کی نذر ہوگئی۔

===============================================================
(72) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الجن ٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔کہیے مجھے وحی کی گئی ہے کہ جنوں کے ایک گروہ نے قرآن پڑھتے دیکھ کر کان لگا کر سنا اور قوم کو جاکے بتایا کہ یہ عجیب قرآن ہے جو راہِ راست کی طرف راہنمائی کرتا ہے۔ اس لیے ہم اس پر ایمان لے آئے اور اب اپنے رب کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں گے۔ وہ بڑی شان والا ہے اس نے کسی کو اپنی بیوی یا بیٹا نہیں بنایا اور یہ کہ ہمارے نادان لوگ اللہ کے بارے میں خلافِ حق بات کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آسمان کی طرف جانے کی کوشش کی لیکن وہاں تو کایا پلٹی پائی۔ ہر ناکے پر فرشتے سامان سے لیس پہرے پر ہیں اور ہر جگہ آگ کے گولے تیار ہیں اور ہم میں سے کسی کو پاس پھٹکنے نہیں دیتے۔ یہ نیا انتظام نئے کلام کی حفاظت کے لیے ہے تاکہ شریر جن اس میں کچھ ملا نہ دیں۔ ہمیں یقین ہوگیا ہے کہ اطاعت کے بغیر چارہ نہیں اور نافرمانی کرکے ہم کہیں چھپ نہیں سکتے نہ بھاگ کر جان بچاسکتے ہیں۔ سو ہم ایمان لے آئے۔ فرمایا کہ بندوں کی آزمائش تنگی یا فراخی سے ہے کہ دیکھیں تنگی میں صبر اور فراخی میں شکر کرتا ہے؟ مساجد صرف اللہ کے لیے ہیں ان میں کسی اور کو مت پکارو اور اللہ کے سوا کسی کی بندگی نہ کرو۔

رکوع 2۔۔۔۔ نفع نقصان کا مالک اللہ ہی ہے۔ مشرکوں کو اللہ کے بندہ کو اللہ کی عبادت سے نہیں روکنا چاہیے۔ اللہ کے نافرمان دوزخ میں جائیں گے اور وقت مقررہ کا پتہ فقط اللہ کو ہے۔ پیغمبر کا کام تو اللہ کے پیغام کو بلا کم و کاست لوگوں تک پہنچا دینا ہے۔

===============================================================
(73)٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ المزمل٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم رات کو نماز میں کھڑے ہوکر آدھی رات یا اس سے کچھ کم یا اس سے زیادہ بڑھادو اور قرآن کو خوب ٹھہر ٹھہر کر پڑھا کرو، ہم تم پر ایک بھاری کلام نازل کرنے والے ہیں۔ رات کو اٹھنا نفس کو قابو کرنے کے لیے بہت کارآمد اور ٹھیک پڑھنے کے لیے بہت موزوں ہے۔ اور اللہ کے نام کا ذکر کیا کرو اور صرف اسی کے ہوجاؤ۔ وہ مشرق و مغرب کا مالک ہے اس کے سوا کوئی اللہ نہیں، اسی کو کارساز بنالو اور اسی پر بھروسہ کرو۔ہم نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو رسول بنا کر بھیجا ہے جیسے فرعون کی طرف موسیٰ علیہ السلام کو بھیجا تھا۔ اس نے نافرمانی کی اور بری طرح تباہ ہوگیا۔ اب اگر تم نے ہمارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا کہا نہ مانا، قرآن پر عمل نہ کیا تو عذاب سے کیسے بچو گے۔ یاد رکھو قیامت حق ہے اور ہم نے تو نصیحت بھجوادی ہے، اب جو چاہے اس راہ کو اختیار کرے۔

رکوع 2۔۔۔۔ ارشاد ہوا کہ محبوب! ہم دیکھ رہے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھی کبھی آدھی، کبھی دوتہائی رات کے قریب نماز میں کھڑے ہوتے ہو تو رات کے طویل حصہ تک قیام کی بجائے آپ صلی اللہ علیہ وسلم جتنی دیر آسانی سے تلاوت کرسکتے ہیں، کرلیا کریں کیونکہ تم لوگ بیمار بھی ہوتے ہو، روزی بھی تلاش کرنا ہوتی ہے، کچھ کو جہاد میں بھی شریک ہونا ہوتا ہے۔ البتہ نماز قائم رکھو، زکوٰۃ ادا کرتے رہو اور خالص نیت سے کچھ غرباء و مساکین پر بھی خرچ کرتے رہو اور استغفار کرتے رہو۔ بیشک اللہ بخشنے والا ہے۔

===============================================================
(74) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ المدثر ٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو حکم دیا جارہا ہے کہ اپنے دامن کو ہر طرح کی آلودگی سے محفوظ رکھتے ہوئے دعوت کے کام کا آغاز کریں اور اپنے رب کی عظمت کا اعلان کریں لیکن اس راہ میں بڑے خوشحال اور قیادت کے خواہش مند لوگوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لہٰذا صبر و تحمل سے کام لیں اور ایسے لوگوں کا معاملہ مجھ پر چھوڑ دیں۔ پھر عرب کے مشہور شاعر ولید بن مغیرہ کا واقعہ بیان فرمایا کہ کس طرح ابوجہل نے اسے ورغلا کر حق تسلیم کرنے سے روکا۔ پھر جہنم کی حقیقت واضح فرمائی۔

رکوع 2۔۔۔۔ دوزخی خود اقرار کریں گے کہ وہ نماز ادا نہ کرتے، محتاجوں کو کھانا نہ دیتے، دنیا کے دھندوں میں پھنسے رہتے، روزِ آخرت کے منکر تھے، یہاں تک کہ انہیں موت آگئی۔ کوئی سفارش کام نہ آئے گی۔ ان کا یہ مطالبہ کتنا غلط تھا کہ ان سب کو اللہ کی طرف سے کھلے خط ملنے چاہئیں تھے جن پر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت کی تصدیق ہوتی۔
===============================================================
 

تجمل حسین

محفلین
پچیس رمضان المبارک (حصہ اول)
سورۃ القیامۃ تا سورۃ الانفطار 75تا 82​
===============================================================
(75)٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ القیامۃ ٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔یوم قیامت انسان اپنے دوبارہ جی اٹھنے سے بظاہر اس لیے انکار کررہا ہے کہ انسان کی بوسیدہ اور بکھری ہوئی ہڈیاں دوبارہ کیسے جمع کی جاسکیں گی۔ یہ اس کے لیے کچھ مشکل نہیں، وہ تو انسان کی پور پور کو ٹھیک ٹھیک بٹھادینے پر قادر ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ وہ انکار کرکے اپنے فسق و فجور میں ڈوبا رہنا چاہتے ہیں مگر جب قیامت کے آثار ظاہر ہوں گے تو چلّائے گا کہ اب کہاں جاؤں، کوئی جائے پناہ نہیں۔ اس دن اس کے اچھے برے اعمال اس پر واضح ہوجائیں گے۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ لاکھ بہانے بنائے اس کا ضمیر اس کی کرتوتوں کا خود ہی واقف ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو فرمایا کہ جب وحی نازل ہوتی ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ساتھ ساتھ پڑھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم یاد کرنے کی کوشش نہ کریں صرف غور سے سنتے رہیں، اسے یاد کرنا، بعد میں ٹھیک ٹھیک پڑھوانا اور تفسیر و تشریح کرنا ہمارا کام ہے۔ قیامت کے انکار کی وجہ یہ بھی ہے کہ انسان آخرت کے مقابل دنیا کو پسند کرتا اور ترجیح دیتا ہے۔

رکوع 2۔۔۔۔ جنہوں نے زندگی کے آخری سانس تک کوئی نیک کام نہ کیا وہ یقیناً آج سزا کے مستحق ہیں۔ انہوں نے یہ بھی نہ سوچا کہ انہیں بے مقصد تو پیدا نہیں کیا گیا۔ انسان کو سوچنا چاہیے کہ اللہ نے نطفہ کی ایک بوند سے تجھے ہر طرح ٹھیک ٹھاک کرکے نیا کھڑا کیا اور اسی میں نر اور مادہ جوڑے بنائے۔ تو کیا یہ خدا مُردوں کو زندہ نہیں کرسکتا؟

===============================================================

(76)٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الدھر٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔ایک زمانہ تھا کہ انسان قابلِ ذکر نہ تھا تو ہم نے اسے مخلوط نطفے سے بنایا تاکہ اسے آزمائش میں ڈالیں گے۔ اسے سمیع و بصیر بنایا اور پھر صراطِ مستقیم بھی بتایا پھر اسے اس کے اختیار پر چھوڑ دیا کہ چاہے تو اللہ کی شکرگزاری کی راہ اختیار کرے اور چاہے تو ناشکری کی راہ پر گامزن ہو۔ ناشکری کرنے والوں کا ٹھکانہ آگ ہوگا اور شکرگزاروں کو آسائش کی ہرچیز مہیا ہوگی۔ پھر شکرگزاروں کا کردار اور جنت کی نعمتیں بیان فرمائیں۔

رکوع 2۔۔۔۔ اس صراطِ مستقیم کی نشاندہی کے لیے ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن نازل کیا اور بتایا کہ صراطِ مستقیم کی طرف دعوت میں آزمائشیں آئیں گی، ایسے وقت میں صبر اور صبح و شام ذکرِ الٰہی سے کام لیں۔ ہم کسی پر زبردستی نہیں کرتے۔ قرآن بھیج دیا، صحیح حالات و واقعات لوگوں کو بتاکر ان کی کامیابی کا راستہ انہیں بتادیا۔ اب اسے قبول کرنے یا رد کرنے والوں کے لیے آخرت میں جزا و سزا مقرر کر رکھی ہے۔

===============================================================
(77)٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ المرسلات٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔ہواؤں کی قسم کھا کر بتایا کہ جس طرح یہ ہوائیں بارش برساکر مُردہ زمینوں کو زندہ کرکے سر سبز کردیتی ہیں اسی طرح اللہ مُردوں کو دوبارہ زندہ کرگے گا۔ پھر قیامت برپا ہونے سے پہلے کے واقعات کی منظر کشی فرمائی تاکہ انسان کے دل میں اس دن کی ہیبت پیدا ہو اور وہ ایمان کے لیے نرم و گداز ہوجائے۔ پھر منکرین کے انجامِ بد سے انہیں ڈرایا۔ فرمایا کہ اللہ نے انسانوں کو بے مقصد نہیں بنایا بلکہ اپنی اطاعت و بندگی کروانے کے لیے ۔ پھر دوزخ کی ہولناکیوں کا منظر دکھایا جس میں یہ گرنے والے ہیں۔ کہا کوئی بچنے کی تدبیر ہو تو کر دیکھو۔

رکوع 2۔۔۔۔ پھر ان کے مقابلے میں مومنین کی آسائشوں کا تذکرہ کیا جو انہیں حاصل ہوں گی تاکہ ان کو بھی نیکی کی ترغیب ہو۔ کہا کہ اس چند روزہ زندگی سے فائدہ اٹھا لو اور خرابی ہے جھٹلانے والوں کے لیے۔ آخری وحی آچکی اب یہ اس کے بعد کس بات پر یقین لائیں گے۔

جاری۔۔۔۔
 
آخری تدوین:

تجمل حسین

محفلین
پچیس رمضان المبارک (حصہ دوم و آخر)

پارہ تیس
===============================================================
(78 ) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ النبا ٭٭٭٭٭٭٭٭٭رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔قیامت کا ذکر سن کر یہ ایک دوسرے سے پوچھتے ہیں کہ قیامت کیا چیز ہے۔ بعض ہنسی اڑانے کے لہجے میں اور بعض صاف انکار کے طور کے طور پر۔ یہ بڑی ڈراؤنی چیز ہے اس کا یقین ہی کر لو تو تمہارے لیے بہتر ہے ورنہ سر پکڑ کر روؤ گے۔ پھر سمجھایا کہ بھلا اللہ تعالیٰ نے تمہاری معیشت کے جو اسباب زمین و آسمان، پہاڑ، دریا، بادل، اناج، باغات اور کام اور نیند کے لیے دن، رات وغیرہ پیدا کیے ہیں یہ سب کچھ کیا بے مقصد ہے؟ فرمایا جزا اور سزا کا دن ضرور آکر رہے گا۔ اور یہ کہ جو لوگ مقصدِ حیات پورا نہیں کرتے ان کے لیے شدید عذاب ہے۔

رکوع 2۔۔۔۔ پھر اس انعام و اکرام کا ذکر کیا جو ہدایت پر چلنے والے خوش نصیبوں کو اس روز عطا ہوں گے جبکہ آخرت سے انکار کرنے والے اپنی بے لگام کرتوتوں اور ان کی سزاؤں کو سامنے پاکر انتہائی مایوسی میں کہیں گے کاش ہم مرکر مٹی ہی رہتے۔

===============================================================
(79) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ النّٰزعٰت ٭٭٭٭٭٭٭٭٭ رکوع 1تا 2
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
رکوع 1۔۔۔۔اس کائنات کے نظام پر متعین فرشتوں کی قسم اٹھا کر بتایا ہے کہ قیامت ضرور آئے گی۔ زلزلہ ہائے قیامت کی نشانیوں سے حساب کتاب کے دن کو سامنے آتے دیکھ کر مارے خوف کے ان مجرموں کی آنکھیں سہمی اور دل کانپ رہے ہوں گے کیونکہ اپنی بدکرداریوں کا انجام اب انہیں یقینی دکھائی دینے لگے گا۔ لوگ کہتے ہیں کہ کیا ہم کو پہلی حالت پر لوٹا دیا جائے گا جبکہ ہم کھوکھلی اور بوسیدہ ہڈیاں بن جائیں گے۔ فرمایا اللہ کے لیے یہ کام مشکل نہیں۔ دو جھٹکے ہوں، ایک میں اس کائنات کا موجودہ نظام ختم ہوجائے گا اور دوسرے میں ایک ڈانٹ پڑے گی اور سب لوگ قبروں سے نکل کر میدانِ حشر میں ہوں گے۔ فرعون جس نے رب ہونے کا دعویٰ کیا اور موسیٰ علیہ السلام کی ہدایت پر کان نہ دھرا بلکہ ان کی مخالفت کی تو اللہ نے اسے داستانِ عبرت بنادیا، وہ بھی آخرت کا منکر تھا۔


رکوع 2۔۔۔۔ زمین و آسمان کی تخلیق تمہاری دوسری تخلیق سے زیادہ مشکل و پیچیدہ ہے۔ جب اللہ اس کے کرنے پر قادر ہے تو وہ تمہیں دوبارہ زندہ بھی کرسکتا ہے۔ اللہ نے تمہارا یہ سامانِ زیست بے مقصد نہیں بنایا۔ جو دنیا کی محبت میں لگا رہا اس کا ٹھکانہ دوزخ ہے اور رب سے ڈرنے والے اور جنہوں نے اپنے دل کو نفسانی خواہشات سے روکا ان کا ٹھکانہ بہشت ہے اور یہ کہ قیامت کا ٹھیک وقت صرف اللہ کو معلوم ہے جب یہ اسے دیکھ لیں گے کہیں گے کہ ہائے یہ ابھی کیوں آگئی، ابھی تو ہم نے دنیا میں ایک ہی شام یا ایک ہی صبح گزاری تھی کہ اس نے جلدی میں خاتمہ کردیا۔

===============================================================
(80)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ عبس
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم! مال دار اور صاحبِ اقتدار لوگ بے پرواہ ہوتے ہیں، اس لیے ان میں نصیحت قبول کرنے کی صلاحیت کم ہی ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کے مقابلے میں غریب و مسکین لوگ جلد ہدایت پالیتے ہیں۔ لہٰذا اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم! آپ ڈرنے والوں کی طرف زیادہ توجہ دیں کہ وہ پاکیزگی حاصل کریں۔ جب شورِ قیامت اٹھے گا اس دن ماں، باپ، بہن، بھائی، بیوی، بچے کوئی کسی کے کام نہ آئیں گے، ہر ایک اپنی فکر میں ہوگا۔ نیکوکار خوش اور بدکار سیاہ رُو ہوں گے۔

===============================================================
(81) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ التکویر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
ارشاد ہوا کہ اس دنیا کی زندگی ناپائیدار ہے جو ایک دن ختم ہوگی اور یہ سارا کارخانہ درہم برہم ہوجائے گا اور وہ باتیں ظاہر ہوں گی جو اس وقت کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں۔ اس دن سورج کی روشنی اور گرمی نام کو بھی نہ رہے گی۔ ستارے ماند پڑجائیں گے، پہاڑ فضا میں اڑتے پھریں گے، انسان کو نہ اپنا نہ اپنے مال و متاع کا ہوش رہے گا، سمندر کا پانی گرم آگ ہوجائے گا، انسانوں کے اعمال کے مطابق گروہ بنائے جائیں گے، زندہ گاڑ دی گئی لڑکیوں سے پوچھا جائے گا کہ کس جرم میں ایسا کیا گیا، دوزخ دہکائی جائے گی، جنت کو قریب لایا جائے گا، اس طرح قیامت کی تصویر کھینچی گئی۔ یہ روشن کتاب نصیحت و خیرخواہی پر مبنی ہے۔ جو چاہتا ہے اسے قبول کرے کوئی جبر نہیں، لیکن تمہارے دلوں میں ایسی چاہت کا پیدا ہونا بھی تو اللہ کی مشیت پر موقوف ہے۔
===============================================================
(82)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الانفطار
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے
جب قیامت برپا ہوگی، انسان قبروں سے باہر آجائیں گے اور اس کے اعمال اس کے سامنے آجائیں گے۔ فرمایا آخر کس چیز نے تمہیں رب سے باغی کررکھا ہے، وہ جس نے تجھے پیدا کیا، مناسب اعضا اور شکل و صورت دی۔ فرمایا صرف نیکوکار ہی بہشت میں ہوں گے اور نافرمان جہنم میں ہوں اور وہاں سے کہیں بھاگ نہ سکیں گے۔ پھر قیامت کی ہولناکی بیان کی کہ یہ کسی کے اندازہ میں نہیں آسکتی، وہی اس دن کا مالک ہوگا اور کسی کا بس نہ چل سکے گا۔
===============================================================
 

تجمل حسین

محفلین
چھبیس رمضان المبارک (حصہ اول)
سورۃ المطففین تا سورۃ التین 83تا 95​

===============================================================
(​
83​
)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ المطففین
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
ناپ تول اور کمی بیشی کرنے والوں کے لیے سخت خرابی ہے۔ یہ یومِ آخر پر یقین نہ ہونے کے باعث ہے اور اسی باعث انسان ایسی ہی بداعمالیاں کرکے معاشرے میں بگاڑ اور فساد کا موجب بنتا ہے۔ کیا یہ لوگ نہیں سمجھتے کہ ایک عظیم دن انہیں دوبارہ اٹھایا جائے گا جب تمام لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے۔ ایسا کرکے ان کے دل زنگ آلودہ ہوچکے ہیں اور ان میں خیرو شر کا احساس نہیں رہا، چنانچہ انہیں جہنم میں پھینک کر پوچھا جائے گا کہ جب پیغمبر تمہیں یہ بات بتاتے تھے تو تم جھوٹ جانتے تھے۔ فرمایا ان کے مقابلے میں نیک لوگوں کو ہر طرح کی نعمتیں اور آسائشیں حاصل ہوں گی۔ دنیا میں بدکار، نیک لوگوں پر ہنستے تھے آج یہ بدکاروں پر ہنسیں گے۔

===============================================================
(84)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الانشقاق
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
قیامت نے آنا ہے۔ جب یہ کارخانہ پھٹ جائے گا، زمین پھیل کر برابر ہوجائے گی اور اندر کی ہر چیز کو باہر نکال ڈالے۔ اے انسان! تجھے دنیا میں محنت اور مشقت کی زندگی بسر کرنی ہے، خواہ وہ محنت مشقت اللہ کے حکم کی تعمیل میں ہو یا اپنے نفس کی خواہشات کو پورا کرنے میں ہو، پھر مر کر دوبارہ زندہ ہونا ہے۔ اعمال نامے تقسیم ہوں گے، جس کے داہنے ہاتھ میں ہوگا اس کا حساب آسان ہوگا، جسے پیٹھ پیچھے پکڑایا جائے گا وہ موت کو پکارے گا تاکہ آفتوں سے چھٹ جائے، لیکن موت کہاں؟ وہ دہکتی آگ میں ڈالا جائے گا کیونکہ انہوں نے دنیا کی خوشیوں میں مگن رہ کر آخرت کو بھلائے رکھا۔

===============================================================
(85)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ البروج
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
جن لوگوں نے کسی بھی مسلمان مرد و عورت کو ایذا پہنچائی اور پھر توبہ کیے بغیر مرگئے تو ان کے لیے جہنم میں جلنے والا عذاب تیار کیا گیا ہے اور جو لوگ ایمان لاکر عمل صالح کرتے ہیں ان کا ٹھکانہ جنت کے باغات ہیں۔ تم پیدا ہوکر مرو گے اور پھر زندہ ہوگے۔ اللہ بخشنے والا اور اپنے بندوں کو ٹوٹ کر چاہنے والا عرشِ بریں کا مالک ہے۔ سرکشوں کو پل بھر میں تباہ کرڈالتا ہے، یقین نہ ہو تو فرعون و ثمود کے حالات دیکھ لو۔ مگر کفار ان واقعات سے سبق لینے کی بجائے قرآن کو جھٹلانے اور مٹانے کے درپے ہیں مگر قرآن تو محفوظ ہے البتہ یہ لوگ گرفت میں آنے والے ہیں۔

===============================================================
(86)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الطارق
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
آسمان اور رات کو چمکتے ستاروں کی قسم کھائی تاکہ انسان اس نظام سماوی پر غور کرکے اس کے خالق کو پہچانے۔ ہر انسان پر ایک نگران مقرر ہے جو اسے حدود میں رکھتا ہے۔ جس اللہ نے آدمی کو ایک قطرہ سے بنایا وہ اسے دوبارہ بھی بناسکتا ہے۔ آخرت میں اعمال کی جانچ ہوگی۔ اعمال بد سے بچنے کے لیے آدمی کے پاس کوئی طاقت ہوگی نہ کوئی مددگار۔ کافروں کی چالاگیاں ان کی کامیابی کی دلیل نہیں۔ انہیں مہلت دی جارہی ہے۔

===============================================================
(87)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الاعلیٰ
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
اللہ کی حمد کرو جس نے پیدا کیا اور تناسب قائم کیا، جس نے تقدیر بنائی اور رہنمائی کی، نباتات اُگائے پھر ان کو سیاہ کوڑا بنادیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دی کہ وحی کا پڑھوانا اور حفظ کرانا ہمارا ذمہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نصیحت کریں۔ وہی شخص نصیحت قبول کرتا ہے جو اللہ سے ڈرتا ہے۔ جو گریز کرے گا بڑا بدبخت ہے، وہ آگ میں جائے گا۔ جس نے پاکیزگی اختیار کی، نماز پڑھی وہ کامیاب ہوا اور جو آخرت چھوڑ کر دنیا کو اختیار کرتے ہیں وہ کیسے فلاح پاسکتے ہیں۔ یہی پیغام ابراہیم علیہ السلام اور موسیٰ علیہ السلام کے صحیفوں میں لکھا ہے۔

===============================================================
(88)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الغاشیہ
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
سرکش اور منکر لوگوں کا قیامت کے روز جو حشر ہوگا اور فرمانبردار لوگوں کو جا آسائشیں حاصل ہوں گی ان کا تذکرہ کیا گیا ہے تاکہ غور کرنے والوں کو نصیحت ملے۔ فرمایا کہ انسانوں کے اردگرد پروردگار کی اتنی نشانیاں بکھری پڑی ہیں کہ وہ ان میں غور و فکر کریں تو معلوم ہوگا کہ اللہ نے انہیں بلامقصد نہیں بنایا۔ یہ آیات انسان کو اپنے خالق کی معرفت حاصل کرنے کے لیے کافی ہیں۔آپﷺ ان کو صرف یاد دہانی کرائیں۔ جس نے منہ موڑا اور انکار کیا اللہ انہیں بڑا عذاب دے گا۔ آخر انہوں نے ہمارے پاس ہی آنا ہے اور ہمیں ان سے حساب لینا ہے۔

جاری۔۔۔۔
 

تجمل حسین

محفلین
چھبیس رمضان المبارک (دوم و آخر)

===============================================================
(89)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الفجر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: تمہاری دنیاوی دولت و اقتدار کی یہ چار روزہ چاندنی آخر کار اندھیری رات میں بدلنے والی ہے۔ یقین نہ آئے تو بڑی طاقتور قوموں، عاد، ثمود اور فرعون کا انجام دیکھ لو۔ اللہ کی ہر قوم کے اعمال پر نظر ہے اور وقت آنے پر وہ سخت گرفت کرتا ہے۔ انسان کس قدر خود غرض، زرپرست ہے اور یتیموں اور مسکینوں کے بارے میں کس قدر بے رحم واقع ہوا ہے کہ میراث کا مال سمیٹ کر کھا جاتا ہے لیکن قیامت کے روز ان اعمال پر پچھتائے گا۔ آخر میں نصیحت کی کہ وہ اب بھی ان اعمال سے باز آکر خدا کا مطیع فرمان بن جائے۔

===============================================================
(90)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ البلد
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: قسم ہے اس شہر (مکہ) کی جس میں آپﷺ مقیم ہیں۔ انسانوں کو آزمائشوں اور مشقت کے لیے پیدا کیا گیا ہے اور اسے خیال ہے کہ اس پر کوئی قابو نہ پائے گا، یہ خام خیال ہے۔ وہ دولت برباد کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ کوئی اسے اللے تللے کرتے نہیں دیکھ رہا۔ گویا اسے یقین نہیں کہ دوبارہ زندہ ہونا ہے اور کسی کے سامنے جوابدہ ہونا ہے۔ نہ ہی اسے احساس ہے کہ مشاہدہ کے لیے اسے آنکھیں اور زبان دے رکھی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ یتیم، مسکین، فاقہ زدہ بندوں پر ترس نہیں کھاتا اور نہ ہی ایمان لاکر صبرو رحم کی تلقین کرنیوالوں میں شامل ہوتا ہے۔ فرمایا: جو آپس میں رحم کھانے کی نصیحت کرتے ہیں وہی خوش نصیب لوگ ہیں اور ہماری آیات کے منکر بدنصیب ہیں۔ ان پر آگ ڈھانپ دی جائے گی۔

===============================================================
(91)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الشمس
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: شمس و قمر، ان کا تابانیوں، رات کی تاریکیوں، آسمان کی رفعتوں، زمین کی ہمواریوں اور انسان کی عقل صحیحہ و فطرت کاملہ کی قسم، جس نے تزکیہ نفس کیا وہ فلاح پائے گا اور جو اپنے نفس کو برائیوں میں پھنسادے گا اور اسے مضر باتوں سے بچانے کی فکر نہ کرے گا وہ سراسر نقصان میں رہے گا۔ پھر اس کو قوم ثمود کی مثال دے کر اچھی طرح واضح کردیا۔

===============================================================
(92)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الیل
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: جیسے رات دن، نر اور مادہ ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور ان میں سے ہر دور کے آثار و نتائج بھی باہم متضاد ہیں اسی طرح انسانی کوششیں بھی مختلف اور متضاد ہیں۔ جو اللہ سے ڈرتا ہے اور اچھی باتوں کی تصدیق کرتا ہے اس کی زندگی آسان ہوگی اور جو کنجوسی کرتا ہے، اچھے کاموں کی تکذیب کرتا ہے اس کی زندگی مشکل ہوگی اور مصیبت میں مال بھی اس کے نہ آئے گا۔ فرمایا: ہمارے ذمہ تھا کہ ہم انسان کی راہنمائی کریں وہ ہم نے کردی، نیکی بھی بتادی اور بدی بھی۔ پھر دنیا اور آخرت دونوں ہمارے اختیار میں ہیں ان میں سے جو وہ لینا چاہے لے سکتا ہے۔ فرمایا: لوگو بھڑکتی آگ سے بچنے کا سامان کرلو۔ اس میں وہی گرے گا جو بدبخت ہوگا، جس نے ہدایت کو جھوٹ جانا اور منہ پھیر لیا۔ اور صاحبانِ تقویٰ اس سے محفوظ و مامون رہیں گے کیونکہ وہ اپنا مال پاکیزگیٔ نفس و خوشنودئ رب اعلیٰ کے لئے خرچ کرتے آئے ہیں اور وہ ضرور ان سے خوش ہوگا۔

===============================================================
(93)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الضحیٰ
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
اللہ تعالیٰ حضورﷺ کو تسلی فرمارہے ہیں کہ دن ہو یا رات، میں آپ ﷺ کے ساتھ ہوں۔ آپﷺ مشکلات اور دکھ دینے والی باتوں سے نہ گھبرائیں۔ آنے والا وقت بہت بہتر ہوگا، جلد ہی ایسے حالات پیدا ہوجائیں گے کہ آپ خوش ہوجائیں گے۔ فرمایا: آپﷺ یتیم تھے، تو ہم نے آپﷺ کا بندوبست کیا۔ آپﷺ حق کی تلاش میں سرگرداں تھے تو اللہ نے وحی سے راہ دکھادی۔ آپﷺ کو غریب سے امیر کیا۔ اب آپﷺ بھی یتیم کا خیال رکھیں۔ سوالی کو مت جھڑکیں اور عطاکردہ نعمتوں پر شکر بجالاتے رہا کریں۔

===============================================================

(94)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الم نشرح
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: کیا ہم نے آپﷺ کی خاطر آپﷺ کا سینہ کشادہ نہیں کردیا؟ اور آپﷺ سے وہ بھاری بوجھ نہیں اتاردیا جس نے آپﷺ کی پیٹھ کو گراں بار کررکھا تھا۔ اور ہم نے آپﷺ کے ذکر کو رفعت اور بقائے دوام عطا فرمائی۔ فرمایا کہ جب اللہ کی راہ میں مشکلات برداشت کی جائیں تو اللہ ان کے بعد آسانیاں پیدا کردیتا ہے۔ فرمایا: جب نبوت کی مصروفیات سے کچھ فرصت ملے تو فارغ وقت عبادت کی مشقت میں صرف اور اپنے رب ہی کی طرف راغب رہیے۔

===============================================================

(95) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ التین
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: انجیر اور زیتون اور طورسینا اور مکہ کی قسم ہم نے انسان کو بہترین ساخت پر پیدا کیا مگر وہ بدی کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر کردار کی پستیوں میں گرگیا۔ صرف ایمان والے اور نیک عمل کرنے والے ان پستیوں میں گرنے سے محفوظ رہے۔ افسوس منکرینِ حق اللہ کے انصاف کی تکذیب کرتے ہیں۔ وہ تمام فیصلہ کرنے والوں سے بہترین فیصلہ کرنے والا ہے اور سب حاکموں سے بڑا حاکم ہے۔
===============================================================
 

تجمل حسین

محفلین
ستائیس رمضان المبارک (حصہ اول)
سورۃ العلق تا سورۃ الناس 96 سے 114
===============================================================
(96)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ العلق
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: اللہ تعالیٰ نے انسان کو خون کے لوتھڑے سے پیدا کیا اور قلم کے ذریعہ ان چیزوں کا علم دیا جو وہ نہین جانتا تھا۔ اس کا تقاضا تھا کہ علم سے اپنے رب کو پہچان کر اس کی فرمانبرداری کرتا مگر دستیاب اسباب کو پاکر اس نے نہ صرف خدا سے سرکشی اختیار کی بلکہ دوسروں کو بھی اس کی عبادت و اطاعت سے روکنے لگا۔ جانے کہ سب نے رب ہی کی طرف پلٹنا ہے۔ یاد رکھ اگر تیری سرکشی جاری رہی تو ہمارے کارندے پیشانی پکڑ کر گھسیٹ لائیں گے اور کوئی چھڑانے والا نہ ہوگا۔ فرمایا: آپﷺ ان کا کہا نہ مانیں اور اللہ کو سجدہ کریں اور اس کے مقرب بن جائیں۔ (السجدہ)

===============================================================
(97)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ القدر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: ہم نے قرآن کو لیلۃ القدر میں نازل کیا اور یہ رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ ملائکہ سماوی اور جبریل امین علیہ السلام کا اس میں ہر طرف نزول ہوتا ہے اور اس وقت سے خیرو برکت کا خاص نزول ہوتا ہے اور سلامتی اور امن و امان کا یہ منظر ساری رات عالم میں صبح کے طلوع ہونے تک چھایا رہتا ہے۔

===============================================================
(98 )٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ البینہ
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: اہلِ کتاب اور مشرکین کو کفر سے نکالنے کے لئے پیغمبر آخرالزمانﷺ کو مبعوث کیا گیا۔ مگر اس بات کے باوجود کہ توحید، زکوٰۃ اور اقامت و صلوٰۃ جو قرآن کی بنیادی تعلیم ہے ان کی کتب میں بھی موجود ہیں۔ مگر انہوں نے قرآن کی تصدیق کرنے کی بجائے کفر کی راہ اختیار کی اور اس طرح بدترین مخلوق قرار پائے جبکہ قرآن مجید کی تعلیم کو اپنی سابقہ کتب میں پاکر کچھ لوگ ایمان لے آئے، عمل صالح کی راہ اختیار کی اور بہترین مخلوق ٹھہرے۔ انہوں نے خوفِ خدا سے یہ طرزِ عمل اپنا کر اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کی اور جنت کے مستحق ہوئے۔

===============================================================
(99)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ الزلزال
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: قیامت برپا ہوگی اور زمین کے اندر تمام بوجھ انسانوں سمیت باہر آجائیں گے اور زمین ان کو وہ اعمال بتادے گی جو اس کی پیٹھ پر کیے گئے۔ یہ اللہ کے حکم سے ہورہا ہوگا۔ تمام لوگ اپنے مدفن سے نکل کر اپنے اعمال دیکھ لیں گے۔ ان کا ہر چھوٹا، بڑا، اچھا، برا عمل سامنے آجائے گا جس کی انہیں سزا و جزا پانی ہوگی۔

===============================================================
(100)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ العٰدیٰت
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
جنگی گھوڑوں کی قسمیں کھاکر فرمایا کہ دیکھو یہ اپنے مالک کے کتنے وفادار و جانثار ہیں کہ اس کے اشارے پر دوڑتے، ہانپتے، گردوغبار سے اٹے میدان جنگ میں گھس جاتے ہیں۔ مگر انسان ہے کہ ناشکرا ہے اور مال سے محبت کرتا ہے۔ اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ایک دن اسے قبروں سے نکالا جائے گا، ان کے بھید ظاہر کیے جائیں گے پھر ان پر جزا و سزا ہوگی۔

===============================================================
(101)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ القارعہ
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
قیامت کی ہولناکی کو ظاہر کرکے فرمایا کہ لوگ پتنگوں کی طرح ہوں گے اور پہاڑ دھنکی ہوئی اون کی طرح ہوں گے۔ اعمال کا وزن کیا جائے گا۔ بھاری وزن والے خوش باش رہیں گے اور ہلکے وزن والوں کو ایک گڑھے میں ڈال دیا جائے گا جو آگ سے بھرا ہوگا۔

===============================================================
(102)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ التکاثر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: انسان زیادہ سے زیادہ دنیا جمع کرنے میں لگا رہتا ہے کہ حتیٰ کہ وہ قبر میں جاپہنچتا ہے۔ اگر اسے علم ہوتا تو ایسا نہ کرتا۔ اسے جلد معلوم ہوجائے گا جب دوزخ دیکھے گا اور اس وقت اس سے پوچھا جائے گا کہ بتاؤ اس دوڑ میں جو دولت تم نے کمائی وہ کیسے کمائی اور کہاں خرچ کی؟

===============================================================
(103)٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭سورۃ العصر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: انسانی تاریخ گواہی دے رہی ہے کہ آسمانی تعلیم سے بے نیاز ہوکر اور اپنی راہ اپنی رائے سے اختیار کرکے انسان نے ہمیشہ خسارہ اٹھا ہے۔ صرف وہی لوگ خسارے سے محفوظ رہتے ہیں جو ایمان لاکر اچھے عمل کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی حق بات اور صبر کی تاکید کرتے ہیں۔

جاری۔۔۔۔
 
آخری تدوین:

تجمل حسین

محفلین
ستائیس رمضان المبارک (حصہ دوم و آخر)

===============================================================
(104) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ ہمزہ
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: دوسروں کو طعنے دینا اور عیب لگانا اس سے بڑی بداخلاقی کوئی نہیں۔ ایسا شخص مال اکٹھا کرنے میں لگارہتا ہے کہ شاید اس کی وجہ سے وہ ہمیشہ باقی رہے گا۔ فرمایا: کیا تجھے خبر ہے کہ انجام کار ایک چکی میں ڈالا جائے گا۔ چکی جو ایک آگ ہے اور دلوں پر جاپہنچتی ہے۔ اس آگ کے بڑے بڑے ستونوں کے درمیان اسے قید کردیا جائے گا۔

===============================================================
(105) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ الفیل
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: کیا آپﷺ نے نہیں دیکھا کہ آپﷺ کے رب نے اس لشکر کے ساتھ کیا سلوک کیا جو ہاتھیوں کا ایک غول لے کر مکہ پر حملہ آور ہوا۔ خدا نے ان کے تمام داؤ غلط کردیئے اور ان جھنڈ کے جھنڈ پرندے بھیجے جو ان پر کنکروں والے پتھر پھینکتے اور انہیں کھائے ہوئے بھس کی طرح کردیا۔

===============================================================
(106) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ قریش
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
قریش تاجروں کو یاد دلایا کہ تم سردی اور گرمی میں تجارتی قافلوں میں جاتے ہو اور وہاں سے نفع کماکر آسودہ حال ہوکر مکہ میں رہتے ہو جہاں تمہیں نہ فاقوں کا خوف اور نہ لڑائی کا ڈر ہے۔ پھر تم ربِ کعبہ کی عبادت کیوں نہیں کرتے جس نے تمہیں سب سہولتیں دی ہیں۔

===============================================================

(107) سورۃ الماعون
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
ارشاد ہوا: بھلا آپﷺ نے شخص کو دیکھا ہے جو جزا و سزا کی تکذیب کرتا ہے؟ یہ وہ شخص ہے جو یتیموں کو دھکے دیتا ہے۔ مساکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب نہیں دیتا۔ ایسے نمازیوں کے لیے تباہی ہے جو اپنی نماز سے غفلت برتتے ہیں، ریاکاری کرتے ہیں اور افسوس ہے ان پر کہ ان سے کوئی معمولی چیز بھی مانگے تو انکار کردیتے ہیں۔

===============================================================

(108 ) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ الکوثر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: اے نبیﷺ ہم نے آپ کو خیرِ کثیر عطافرمائی ہے۔ لہٰذا آپﷺ اپنے رب کے لئے نماز پڑھیے اور قربانی کیجئے۔ یقیناً آپﷺ کا دشمن ہی بے نام ہوگا۔

===============================================================
(109) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ الکافرون
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
اے نبیﷺ! آپ کہہ دیجئے کہ اے کافروں میں ان کی عبادت نہیں کرتا جن کی تم عبادت کررہے ہو اور نہ تم اس کی عبادت کررہے ہو جس کی میں عبادت کررہا ہوں۔ اور نہ میں تمہارے خود ساختہ معبودوں کی پرستش کرنے والا ہوں اور نہ ہی تم میرے معبود کی عبادت کرنے والے ہو۔ چنانچہ ہم دونوں کی راہیں الگ الگ ہیں۔ تمہارے لئے تمہارا دین اور میرے لئے میرا دین۔

===============================================================
(110) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ النصر
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: جب خدا کی نصرت آپہنچی اور حق و صداقت کو فتح ہوئی اور آپﷺ نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ دینِ الٰہی میں لوگ جوق درجوق داخل ہورہے ہیں تو اب پروردگار کی حمد و ثنا کیجئے اور اس سے استغفار کیجئے۔ یقیناً وہ توبہ قبول کرنے والا ہے۔

===============================================================
(111) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ اللھب
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: ابولہب اور اس کی بیوی حضورﷺ کی مخالفت کی وجہ سے اپنی دولت کے باوجود دنیا میں بھی تباہ و برباد ہوئے۔ ان کی دولت کسی کام نہ آئی اور آخرت میں بھی بڑی ذلت کے ساتھ دوزخ میں جلنا ہوگا۔ اس کی بیوی جو ایندھن کی لکڑیاں لانے والی ہے اس کی گردن میں مونج کی رسی ہوگی۔

===============================================================
(112) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ الاخلاص
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
فرمایا: اللہ اپنی ذات و صفات میں یگانہ و بے مثال ہے۔ اس کا نہ کوئی شریک و ساجھی ہے اور نہ کوئی مشیرومددگار۔ وہ بے نیاز اور ہر قسم کی احتیاج سے پاک ہے۔ نہ اس سے کوئی پیدا ہوا، نہ وہ کسی کی اولاد ہے۔ اور وہ ایسی یکتا ذات ہے کہ کوئی ہستی کسی بھی اعتبار سے اس کے درجے کی نہیں ہے۔

===============================================================
(113) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ الفلق
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
اے نبیﷺ! آپ کہیے میں صبح کے رب کی پناہ لیتا ہوں اور ہر اس چیز کے شر سے جسے اس نے پیدا کیا اور رات کی تاریکی کے شر سے جبکہ وہ چھاجائے، اور ٹونے ٹوٹکے کرنے والیوں کے شر سے اور حسد کرنے والے کے شر سے جس وقت وہ میرے ستانے پر آمادہ ہوجائے۔

===============================================================
(114) ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ سورۃ الناس
===============================================================

اللہ کے نام کے ساتھ جو بہت مہربان نہایت رحم کرنے والا ہے​
اے نبیﷺ! یوں کہیے میں پناہ لیتا ہوں انسانوں کے رب، بادشاہ اور معبود حقیقی سے۔ اس وسوسہ ڈالنے والے کے شر سے جو بار بار پلٹ کر آتا ہے۔ جو لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈالتا ہے خواہ وہ جنوں میں سے ہو یا انسانوں میں سے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
===============================================================
 

تجمل حسین

محفلین
سوچنے کی بات
الحمدللہ کہ ہم نے جو سفر اِھْدِنَاالصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْمَ سے شروع کیا تھا وہ ”وَالْعَصْرِ (1)اِنَّ الْاِنْسَانَ لَفِىْ خُسْرٍ (2)اِلَّا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ وَتَوَاصَوْا بِالْحَقِّ وَتَوَاصَوْا بِالصَّبْرِ(3) پر مکمل کیا۔ ہم نے دیکھا کہ گزشتہ قومیں اللہ کی واحدانیت اور آخرت کے تصور (دوبارہ زندہ ہوکر سزا اور جزا کے عمل سے گزرنے) سے انکار کے باعث تباہ ہوئیں۔

ہمیں پیغام الٰہی پر غور کرنا چاہیے اور اپنا جائزہ لینا چاہیے کہ کیا ہم درست سمت چل رہے ہیں یا ہمیں راہ تبدیل کرکے فلاح حاصل کرنا ہے؟۔ پیغام کا کچھ حصہ اس طرح ہے:۔
  1. اللہ یکتا ہے وہ بے نیاز ہے۔ سب اس کے محتاج ہیں۔ اس کا نہ کوئی شریک ہے نہ مددگار نہ ہمسر۔
  2. تمام عبادات قیام، رکوع، سجود اور فریاد اللہ ہی کے لیے ہے۔
  3. اللہ ہی فریاد رس، مشکل کشا، غریب نواز ہے اورمصیبت میں بھی وہی تھامتا ہے۔ رزق، اولاد، خزانے، عزت، ذلت، موت و حیات صرف اسی کے قبضۂ قدرت میں ہے۔
  4. رسول اللہ ﷺ کی زندگی پیروی کے لیے بہترین نمونہ ہے۔
  5. شرک ظلم عظیم ہے۔
  6. ایسا نہیں کہ کچھ احکام مانے جائیں اور کچھ کا انکار ہو۔ ان حالات میں انسان کو دنیا میں رسوائی اور آخرت میں شدید ترین عذاب ہوگا۔
  7. حقوق اللہ کی ادائیگی کے ساتھ حقوق العباد اور معاملات کی درست ادائیگی اور اوامر و نواہی پر عمل ضروری ہے۔
  8. مختصر یہ کہ اسلام نام ہی اطاعت و فرمانبرداری میں خود کو اللہ کے سپرد کرنا اور اللہ کے مقابلہ میں اپنی آزادی اور خود مختاری سے دست بردار ہوجانا ہے۔
٭٭٭٭٭٭تمت باالخیر٭٭٭٭٭٭٭​
 

تجمل حسین

محفلین
الحمدللہ۔
پچھلے سال کا شروع کردہ یہ سلسلہ اللہ کے فض و کرم سے تکمیل کو پہنچا۔ اس کے لیے میں محترمہ​

[RIGHT]جاسمن[/RIGHT]

بہنا کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے مفہومِ قرآن مجید کو غلطیوں سے پاک کرنے کے لیے غلطیوں کی نشاندہی کرکے میرا ساتھ دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ میں محترم مدیر صاحبان کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے مراسلوں کو ایڈیٹنگ کرکے غلطیاں دور کرنے کا کام کیا۔ ابھی بھی غلطیوں سے پاک کرنے کا بہت سا کام رہتا ہے۔ اس لیے آپ سب احباب سے گزارش ہے کہ اگر آپ کے لیے ممکن ہو تو پڑھنے کے ساتھ ساتھ جہاں بھی غلطی کا شبہ ہو اس کے بارے میں مطلع کرنے سے نہ ہچکچائیے۔​

اللہ سے دعا ہے کہ اللہ اس محنت کو قبول فرمائے اور کتاب کے مصنف (محترم سرفراز محمد بھٹی صاحب) کی مغفرت فرماکر ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔
نوٹ:۔
یہ دھاگہ اب مقفل کیا جارہا ہے۔ غلطیوں کی نشاندہی یا تبصرے کرنے کے لیے تبصروں والا دھاگہ ملاحظہ فرمائیں۔ شکریہ :)
 
مدیر کی آخری تدوین:
کیفیت
مزید جوابات کے لیے دستیاب نہیں
Top