فیض فیض احمد فیض ::::: نہ کسی پہ زخم عیاں کوئی، نہ کسی کو فکر رفوُ کی ہے ::::: Faiz Ahmad Faiz

طارق شاہ

محفلین
غزل

نہ کسی پہ زخم عیاں کوئی، نہ کسی کو فکر رفوُ کی ہے
نہ کرَم ہے ہم پہ حبیب کا، نہ نِگاہ ہم پہ عدُو کی ہے

صَفِ زاہداں! ہے تو بے یقیں، صَفِ مے کشاں! ہے تو بے طلب
نہ وہ صُبْح، وِرد و وضُو کی ہے، نہ وہ شام، جام و سبُو کی ہے

نہ یہ غم نیا، نہ سِتم نیا، کہ تِری جفا کا گِلہ کریں
یہ نظرتھی پہلے بھی مُضطرب، یہ کسک تو دِل میں کبھو کی ہے

کفِ باغباں پہ بہارِ گُل کا ہے قرض پہلے سے بیشتر
کہ ہر ایک پُھول کے پَیرَہَن میں نمُود میرے لہُو کی ہے

نہیں ‌خوفِ روزِ سِیہ ہمَیں، کہ ہے فیض! ظرفِ نِگاہ میں
ابھی گوشہ گِیر وہ اِک کِرن، جو لگن اُس آئینہ رُو کی ہے

فیض احمد فیض
 
آخری تدوین:

طالب سحر

محفلین
صَفِ زاہداں! ہے تو بے یقیں، صَفِ مے کشاں! ہے تو بے طلب
نہ وہ صُبْح دُرود و وضو کی ہے، نہ وہ شام، جام و سبُو کی ہے

ایک دوست نے توجہ دلائی ہے کہ مصرعِ ثانی کی تقطیع نہیں ہو پا رہی ہے- غالباً درود و وضو میں کچھ مسؑلہ ہے- aruuz.com بھی مدد نہیں کر رہا ہے-

ٹیگ: سید ذیشان
 
ابن رضا

لائبریرین
نسخہ ھاے وفا (صفحہ 426) میں تو "درود" ھی پڑھا جا رہا ہے- اور اگر "درود" نہیں ہے، تو "ورود" ہو سکتا ہے-

ریختہ ڈاٹ آرگ پر بھی "درود" درج ہے-
https://rekhta.org/ghazals/na-kisii...rafuu-kii-hai-faiz-ahmad-faiz-ghazals?lang=Ur
ٹائپو ہو سکتا ہے ۔ درود سے وزن جاتا رہتا ہے جبکہ ورد سے وزن پورا ہے
 
طارق شاہ

محفلین
طالب سحر غلط ٹائپنگ کی نشاندہی کے لئے تشکّر!
جو درست کردی گئی ہے۔ :)
محمد اسامہ اور ابن رضا، آپ صاحبان کا بھی شکریہ (y)

حروف کی مماثلت ہی کی وجہ سے شاید یہ ہر جگہ
غلط لکھا ہُوا ہے۔
اپنی کم نظری پرمعذرت خواں ہُوں :disapointed:
 
طالب سحر

محفلین
حروف کی مماثلت ہی کی وجہ سے شاید یہ ہر جگہ
غلط لکھا ہُوا ہے۔
اپنی کم نظری پرمعذرت خواں ہُوں :disapointed:

ریختہ ڈاٹ آرگ پر سرِ وادئ سینا کا ہندوستانی ایڈیشن موجود ہے-
https://rekhta.org/ebooks/sar-e-vaadi-e-seena-faiz-ahmad-faiz-ebooks
اس میں "ورد و وضو" ہی درج ہے، جو کہ درست ہے (دیکھئے صفحہ 71)- اب یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ نسخہ ھاۓ وفا میں کتابت کی غلطی ہے، اور باقی جگہوں پر اس غلطی کو دہرایا گیا ہے- عروض ڈاٹ کوم پر بھی یہ غزل اسی غلطی کے ساتھ موجود ہے-
http://www.aruuz.com/examples/poetry/-65089
 
سید ذیشان

توجہ دلانے کا بہت شکریہ۔ عروض سائٹ پر تقریباً تمام شاعری اردو محفل سے ہی لی گئی ہے۔ عروض سائٹ کا بس یہی فائدہ ہے کہ شاعری کی بحر وغیرہ کا معلوم ہو جاتا ہے اور فارمیٹنگ بھی قدرے بہتر ہوتی ہے۔ اسی لئے جو اغلاط یہاں ہیں وہ وہاں پر بھی ہیں، اگرچہ دیوانِ غالب کی ٹائپوز کو دور کرنے کی کوشش کی گئی تھی جب اس کو عروض سائٹ پر شامل کیا جا رہا تھا۔ اور اس میں مدد کرنے والے دو بھائیوں نے تو اسی دھاگے میں جواب دے دیا ہے، یعنی محمد اسامہ سَرسَری اور ابن رضا بھائی۔ تیسرے برادر مہدی نقوی حجاز کم کم ہی نظر آتے ہیں۔ :)
 
Top