قتیل شفائی صاحب کی ایک غزل کی تصدیق درکار ہے

ماروا ضیا

محفلین
اسلام ُ علیکم!
میں نے قتیل شفائی صاحب کی کتاب جو کے اردو ویب نے یونی کوڈ میں تبدیل کی ہے سے ایک غزل پوسٹ کی تو ایک دوست نے اُس غزل کے بارے میں نشاندہی کی کہ یہ غزل قتیل صاحب کی نہیں بلکہ خواجہ نصیرالدین شاہ صاحب (رح)کی ہے اور یہ غزل پیر کامل ناول میں بھی ہے۔ یہ غزل ورڈ فائل کے صفحہ نمبر 27 پر موجود ہے

میری زندگی تو فراق ہے، وہ ازل سے دل میں مکیں سہی

وہ نگاہِ شوق سے دور ہیں، رگِ جاں سے لاکھ قریں سہی


ہمیں جان دینی ہے ایک دن، وہ کسی طرح ہو کہیں سہی
ہمیں آپ کھینچئے وار پر، جو نہیں کوئی تو ہمیں سہی

سرِ طور سرِ حشر ہو، ہمیں انتظار قبول ہے
وہ کبھی ملیں، وہ کہیں ملیں، وہ کبھی سہی وہ کہیں سہی

نہ ہو ان پہ میرا بس نہیں، کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں
میں انھی کا تھا میں انھی کا ہوں،وہ میرے نہیں تو نہیں سہی

مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے، میری آرزو کا بھرم رہے
تری انجمن میں اگر نہیں، تری انجمن کا قریں سہی

ترا در تو ہم کو نہ مل سکا، تری رہگزر کی زمیں سہی
ہمیں سجدہ کرنے سے کام ہے، جو وہاں نہیں تو یہیں سہی

میری زندگی کا نصیب ہے، نہیں دور مجھ سے قریب ہے
مجھے اسکا غم تو نصیب ہے، وہ اگر نہیں تو نہیں سہی

جو ہو فیصلہ وہ سنائیے، اسے حشر پہ نہ اٹھایئے
جو کریں آپ ستم وہاں وہ ابھی سہی، وہ یہیں سہی

اسے دیکھنے کی جو لو لگی، تو قتیل دیکھ ہی لیں گے ہم
وہ ہزار آنکھ سے دور ہو، وہ ہزار پردہ نشیں سہی

اعجاز عبید صاحب نے کتاب کی تدوین کی ہے کیا آپ قتیل صاحب کی کتاب کا ریفرنس جہاں سے یہ لی گئی ہے دے سکتے ہیں۔
 

الف عین

لائبریرین
میں نے ظاہر ہے کہ یہ غزل وہیں سے لی ہو گی، لیکن اس بحث سے پہلے۔ اب حقیقت معلوم ہونے کے بعد اس غزل کو اس انتخاب سے نکالنے کا نظم کروں گا ابھی۔
 

ماروا ضیا

محفلین
بُہت شُکریہ الف عین سر ۔ میں نے کُچھ اور کُتب کا حوالہ بھی آپکو بھیجا تھا کے وہ کُتب بھی ٹھیک طرح سے پوسٹ نہیں ہے ویب سائٹ پر وہ بھی دیکھ لیں ۔ :)
 

الف عین

لائبریرین
بُہت شُکریہ الف عین سر ۔ میں نے کُچھ اور کُتب کا حوالہ بھی آپکو بھیجا تھا کے وہ کُتب بھی ٹھیک طرح سے پوسٹ نہیں ہے ویب سائٹ پر وہ بھی دیکھ لیں ۔ :)
ذرا لنک تو دو بھئی، اور کون کون سی کتب درست نہیں ہیں؟ ادھر دو تین ای میلس ملی تھیں، ان کے مطابق کچھ کتب کو درست کر دیا تھا۔
 

ماروا ضیا

محفلین
شُکریہ
مُحترم الف عین صاحب ایک اور مسئلہ کی طرف توجہ دلانا تھی کے آپکی برقی کُتب میں کئی کتابوں کا نام خود سے تجویز کیا گیا ہے جو کے اُس شاعر کی ہے ہی نہیں ۔
میں نے عاطف سعید صاحب کی کتاب "دوریاں مُقدر ہیں "(جو کے اردو ویب ایڈیشن ہے) کے متعلق جب عاطف صاحب سے استفسار کیا تو وہ بولے کے میری ایسی کوئی کتاب ہے ہی نہیں :confused:
میری گزارش ہے کے اگر کسی شاعر کی متفرق غزلیات کا انتخاب کیا گیا ہو تو اسے کوئی نا م دینے کی جگہ انتخاب کے نام سے شایع کیا جائے شُکریہ
 

الف عین

لائبریرین
میں سبھی شعرا کو یہ پیغام دیتا رہتا ہوں کہ وہ اپنی تخلیقات خود بھیج دیں، ورنہ ان کی کتابیں بنا دی جائیں گی۔ ایسی بیسیوں کتابیں بنا چکا ہوں، جو ادیبوں کی نہیں ہیں، اور بعد میں یہ اطلاع بھی دے دیتا ہوں کہ ایسی کتاب بنائی گئی ہے۔ ایسی ساری کتابوں کو میں انتخاب اس لئے نہیں کہتا کہ ممکن ہے کہ کوئی بہت اچھی تخلیق مجھے نہیں مل سکی ہو۔ میں صرف دستیاب ادب کی کتب بناتا ہوں۔ اس لئے جمع و ترتیب میں اپنا نام بھی دے دیتا ہوں۔ یا کبھی کبھی کسی دوسرے کا بھی، جس نے اس مواد کے حصول میں تعاون کیا ہو۔ عاطف سعید کا یاد نہیں کہ ان سے کہاں ربط ہوا تھا یہ نہیں ہو سکا۔ اگر ان سے رابطہ ہو تمہارا تو پوچھ سکتی ہو، اگر ان کو اعتراض ہو تو میںاس کا حوالہ بھی نکال دیتا ہوں۔ اور اگر اعتراض نہ ہو تو لنک درست کر دوں گا۔
 

ماروا ضیا

محفلین
اچھا میں اُن سے پوچھ لوں گی اگر وہ اجازت دے دیں کے اُنکی کُتب کو اصل نام سے یونی کوڈ میں بدل دیا جائے تو اُسے بدلا جا سکتا ہے ؟
 

الف عین

لائبریرین
اوہو، میں تو ماورا ہی سمجھا تھا، اور ان کو یہی لکھ رہا تھا۔ یہ واؤ اور دال کا چکر بھی خوب ہے۔ سینکڑوں جگہ دال کی جگہ واؤ اور واؤ کی جگہ دال ٹائپ کیا ہوا دیکھا ہے میں نے۔ ابھی ابھی ایک ’بادجود‘ درست کیا ہے، جو میں بھی نستعلیق میں مِس ہی کر جاتا اگر ورڈ میں سپیل چیکنگ کی سرخ لکیر نہیں ہوتی تو!!!
لیکن ماروا کسی کا نام؟ تب تو میں بھی اگلی بار کسی بچی کا نام ٹھمری یا کسی بچے کا نام تین تال رکھ دوں!!
 

الف عین

لائبریرین
لیکن اس کا مقصد ماروا کے نام کا مذاق اڑانا نہیں، ممکن ہے کہ کوئی دوسرا لفظ ہو، محض موسیقی کی اصطلاح کو نام کے طور پر استعمال کرنے کے بارے میں ہی اوپر والا کمنٹ پڑھا جائے۔ اگر ماروا بٹیا کو برا محسوس ہوا ہے تو معذرت۔
 
Top