قیمہ کے مزیدار اور ذائقے دار پکوان !

456969_9086840_magazine.jpg
گوشت ہر کسی کی پسندیدہ غذا میں شمار کیا جاتا ہے ۔ہمارے ملک میں گوشت سے طرح طرح کے پکوان بنائے جاتے ہیں اور بہت شوق سے کھائے بھی جاتے ہیں۔ہر کو ئی اپنی پسند کے مطابق بکرے،گائے ، چکن یا بھیڑ کا گوشت سے کھانوں کی لذت بڑھاتا ہے۔ ہمارے ہاں قیمہ بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ مغلوں اور نوابوں کے دور میں بھی قیمے کے مختلف کھانوں کو نہایت اہمیت حاصل تھی۔ قیمے کے بارے میں اکثر اکبر کے درباری ابو فضل کی تراکیب پکوان کا حوالہ دیا جاتا جو پلاؤ میں ایک جزو کے طور پر استعمال ہوتا۔ مغلوں کو گائے کا قیمہ پسند تھا مگر لکھنؤ میں باورچی بھیڑ کے قیمے کو ترجیح دیتے تھے کیونکہ اس کے گوشت کا قیمہ نرم ہوتا تھا۔ باورچی گوشت کو پیس کر باریک کردیتے اور پھر اس میں ادرک لہسن، خشخاش اور دیگر متعدد مصالحے استعمال کرتے۔ قیمے کو گیند یا ٹکیوں کی شکل بھی دی جاتی ہےاور سیخوں پر پھیلایا جاتاہےیا پھر آگ کے اوپر بھونا جاتاہے۔ جبکہ صرف قیمہ بھی پکایا جاتا ہے۔ قیمے میں مختلف سبزیاں بھی ڈال کر مختلف پکوان تیار کیے جاسکتے ہیں۔ بکرے،گائے ،چکن یا بھیڑ کےگوشت سےطرح طرح کے چٹ پٹے اورمصالحے دار قیمے کے پکوان بنائے جاتے ہیں۔ان ہی میں سے چند کی ترکیبیں حاضر خدمت ہیں، توجہ فرمائیں۔
اجزاء:
قیمہ۔آدھا کلو
خشخاش۔ ایک کھانے کا چمچ
کھوپرا ۔ایک کھانے کا چمچ (پسا ہوا)
لال مرچ ۔بارہ عدد (گول)
لونگ۔ تین عدد
دار چینی۔ دو ٹکڑے
ہری۔ الائچی تین عدد
کچا پپیتا۔ ایک کھانے کا چمچ
ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ
گھی یا تیل۔ آدھا کپ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
دہی۔ ایک کپ
پیاز۔ تین چائے کے چمچ (تلی اور پسی ہوئی)
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
ہرا دھنیا ۔گارنش کے لئے
ہری مرچ۔ گارنش کے لئے
ترکیب:
1۔خشخاش، کھوپرا، گول لال مرچ، لونگ، دار چینی اور ہری الائچی کو بھون کر پیس لیں۔
2۔قیمے کو کچا پپیتا اور ادرک لہسن کے پیسٹ سے میری نیٹ کرکے دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔
3۔اب گھی یا تیل گرم کرکے اس میں مصالحہ، ایک چوتھائی کپ پانی اور نمک کے ساتھ ڈال کر چند منٹ کے لیے فرائی کر لیں۔
4۔اب اس میں میری نیٹ کیا ہوا قیمہ شامل کریں۔
5۔پھر اس میں دہی ڈال کر ڈھک دیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ پانی خشک ہو جائے۔
6۔اس کے بعد پیاز اور گرم مصالحہ شامل کرکے کوئلے کا دم دیں۔
7۔اب ہرا دھنیا اور ہری مرچ سے گارنش کرکے کشمیری پراٹھے کے ساتھ گرم گرم سرو کریں۔

گھوٹالہ قیمہ
اجزاء:
قیمہ۔ آدھا کلو
تیل۔ تین چوتھائی کپ
پیاز۔ ایک عدد (کٹی ہوئی)
لہسن ادرک پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ
لال مرچ پاؤڈر۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ
دھنیا پاؤڈر۔ دو چائے کے چمچ
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
دہی۔ آدھا کپ
ٹماٹر ۔تین عدد (کٹے ہوئے)
نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ (بھنا اور کٹا ہوا)
ٹماٹر۔ ایک عدد (چھوٹے کیوبز میں)
ہری مرچ ۔تین عدد (کٹی ہوئی)
ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ (کٹا ہوا)
انڈے۔ تین عدد (پھینٹے ہوئے)
ادرک حسب ضرورت (کٹا ہوا)
ترکیب:
1۔ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز کو پانچ سے سات منٹ فرائی کرلیں یہاں تک کہ ہلکی سنہری ہو جائے۔
2۔اب اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ، کٹے ٹماٹر، قیمہ، لال مرچ، ہلدی، دھنیا، نمک اور زیرہ ڈال کر فرائی کرلیں۔
3۔پھر اس میں دہی شامل کرکے فرائی کرلیں۔
4۔اب اس میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈھک کر پکائیں یہاں تک کہ گوشت گَل جائے۔
5۔پھر اس میں انڈے ڈال کر مکس کرلیں۔
6۔آخر میں ٹماٹر کیوبز، گرم مصالحہ، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر پانچ منٹ دَم پر رکھ دیں۔
7۔پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔

مکھنی قیمہ
اجزاء:
قیمہ ۔1 کلو
پیاز۔دو عدد
ٹماٹر۔دوعدد
گرم مصالحہ۔آدھا چائے کا چمچ
لال مرچ۔حسبِ ضرورت(پسی ہوئی)
ہرا دھنیا۔تھوڑا سا
ہری مرچ۔حسبِ ضرورت (باریک کٹی ہوئی)
پنیر۔آدھا کپ(کش کیا ہوا)
سویٹ کارن۔ایک کپ(ابلے ہوئے)
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ
ثابت لال مرچ۔چھ عدد
نمک ۔حسبِ ذائقہ
ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ
آئل۔حسبِ ضرورت
ترکیب:
کڑاہی میں آئل گرم کریں اور اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کربراؤن کریں۔اب اس میں ادرک ، لہسن،نمک ،مرچ،ہلدی اور ٹماٹر ڈال کر بھونیں۔قیمہ ڈال کر اسے گلنے کے لئے رکھ دیں۔قیمہ گلنے پر اس میں سویٹ کارن شامل کر لیں۔اور پانی خشک کر کےدوبارہ بھونیں۔اب اس میں گرم مصالحہ شامل کر دیں۔اور دم لگانے کے لئے رکھ دیں۔ہری مرچ اور ہرا دھنیا چھڑک کر پنیر بھی باریک کش کرکے شامل کردیں۔

توا قیمہ
اجزاء:
بکرے کا قیمہ۔ چار سو گرام
تیل۔ ایک چوتھائی کپ
ادرک۔ ایک کھانے کا چمچ
لہسن۔ دو کھانے کے چمچ
پیاز ۔آدھا کپ
کلیجی۔ دو سو گرام
ٹماٹر۔ ایک عدد
نمک۔ ایک چائے کا چمچ
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
ہلدی ۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
قصوری میتھی۔ ایک کھانے کا چمچ
ہری مرچ۔ ایک چوتھائی کپ
ہرا دھنیا۔ ایک چوتھائی کپ
ترکیب:
1۔سب سے پہلے تیل کو توے پر گرم کرکے ادرک، لہسن، پیاز اور بکرے کا قیمہ فرائی کریں۔
2۔جب قیمہ آدھا پک جائے تو کلیجی ڈال دیں اور ساتھ ہی ٹماٹر، نمک، لال مرچ اور ہلدی ڈال دیں اور بھونتے جائیں۔
3۔ضرورت پڑنے پر حسب ضرورت پانی استعمال کریں۔
4۔جب قیمہ اور کلیجی اچھی طرح پک جائیں تو کلیجی کو چمچ کی مدد سے توڑ لیں۔
5۔اب اسے اچھی طرح مکس کرلیں۔
6۔آخر میں گرم مصالحہ، قصوری میتھی اور ہری مرچ ڈال کر مکس کر لیں۔
7۔اب ڈش میں نکال کر ہرے دھنیے سے گارنش کرکے سرو کریں۔
 

عندلیب

محفلین
ہمارے یہاں حیدرآباد میں "دم کا قیمہ" بنایا جاتا ہے جو عموماً نان کے ساتھ کھایا جاتا ہے.

ترکیب
قیمے میں نمک مرچ، ادرک لہسن پیسٹ، کالی مرچ لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں.
اب پین میں مونگ پھلی، کھوپرا، چیرونجی، خشخاش کو بھون کر ٹھنڈا کریں اور ان کا پیسٹ بنا لیں.
اور اس پیسٹ میں دو چار چمچ دہی شامل کر لیں. کسی برتن میں تیل ڈال کر پیاز کو سنہری ہونے تک تل لیں، پھر اس میں بھونے ہوئے مسالوں کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں. اب اس میں قیمہ ڈال کر دھیمی آنچ پر تب تک پکائیں جب تک کہ سارا پانی خشک نہ ہوجائے. پانی خشک ہونے کے بعد تھوڑا سا گرم مصالحہ پاؤڈر، ہرا دھنیہ، لیموں کا رس ڈال کر مزید کچھ دیر بھون لیں.
پھر جیسے چاہیں سرو کریں.
 
دم کا قیمہ، کچنار قیمہ، بند گوبھی قیمہ میرے پسندیدہ ہیں۔
البتہ گھوٹالہ، مکھنی، بہاری اور توا کھانے کا اتفاق نہیں ہوا، امید ہے کہ پسند آئیں گے۔
 

نمرہ

محفلین
ہمارے یہاں حیدرآباد میں "دم کا قیمہ" بنایا جاتا ہے جو عموماً نان کے ساتھ کھایا جاتا ہے.

ترکیب
قیمے میں نمک مرچ، ادرک لہسن پیسٹ، کالی مرچ لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں.
اب پین میں مونگ پھلی، کھوپرا، چیرونجی، خشخاش کو بھون کر ٹھنڈا کریں اور ان کا پیسٹ بنا لیں.
اور اس پیسٹ میں دو چار چمچ دہی شامل کر لیں. کسی برتن میں تیل ڈال کر پیاز کو سنہری ہونے تک تل لیں، پھر اس میں بھونے ہوئے مسالوں کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں. اب اس میں قیمہ ڈال کر دھیمی آنچ پر تب تک پکائیں جب تک کہ سارا پانی خشک نہ ہوجائے. پانی خشک ہونے کے بعد تھوڑا سا گرم مصالحہ پاؤڈر، ہرا دھنیہ، لیموں کا رس ڈال کر مزید کچھ دیر بھون لیں.
پھر جیسے چاہیں سرو کریں.
چیرونجی کی تعریف کیجیے گا ذرا۔
 

سید عمران

محفلین
دم کا قیمہ، کچنار قیمہ، بند گوبھی قیمہ میرے پسندیدہ ہیں۔
البتہ گھوٹالہ، مکھنی، بہاری اور توا کھانے کا اتفاق نہیں ہوا، امید ہے کہ پسند آئیں گے۔
ایک مرتبہ کہیں کچنار قیمہ کھایا تھا...
بہت ذائقہ دار تھا...
اگر طبیعت پر ناگوار نہ گزرے تو اس کی ترکیب عنایت فرمادیجیے!!!
 
Top