لائن آف کنٹرول پر پھر فائرنگ، سرحد کے دونوں جانب ہلاکتیں

اکستانی فوج اور بھارتی حکام نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کے علاقے میں ایک دوسرے پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
سینیچر کی صبح ہونے والی اس فائرنگ سے کم از کم پانچ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جن میں سے ایک کا تعلق پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور چار کا بھارت کے زیر انتظام جموں و کشمیر سے ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل و سی پر نکیال سیکٹر میں بھارتی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ضلع کوٹلی کے گاؤں میں کنٹھی گالا اس بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنا اور اس کا رہائشی محمد شفیع گولی لگنے سے ہلاک اور عمران، شاہ پال اور مستری رشید نامی افراد زخمی ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے مطابق بھارتی فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا ہے۔

ادھر سری نگر سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض مسرور نے بتایا ہے کہ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع پونچھ میں سنیچر کی صبح پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے پار سے کی گئی فائرنگ میں 20 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

جموں کے ڈويژنل کمشنر ڈاکٹر پون كوٹوال نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کو بتایا، ’ہم احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں۔ ابھی تک 4 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اور 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں طیارے سے اس علاقے سے منتقل کیا گیا ہے۔‘
 
Top