لطفِ نہاں سے جب جب وہ مسکرا دیئے ہیں - رضا علی وحشت

کاشفی

محفلین
غزل
(رضا علی وحشت)

لطفِ نہاں سے جب جب وہ مسکرا دیئے ہیں
میں نے بھی زخم دل کے اُن کو دکھا دیئے ہیں

کچھ حرفِ آرزو تھا کچھ یادِ عیش ِ رفتہ
جتنے تھے نقش دل میں، ہم نے مٹا دئیے ہیں

فرطِ غم و الم سے جب دل ہوا ہے گریاں
اُس نے عنایتوں کے دریا بہا دئیے ہیں

دیکھے ہیں تیرے تیور دھوکا نہ کھائیں گے اب
اُٹھتے تھے ولولے کچھ، ہم نے دبا دئیے ہیں

اِس دلنشیں ادا کا مطلب کبھی نہ سمجھے
جب ہم نے کچھ کہا ہے وہ مسکرا دئیے ہیں!

کچھ شوخ کر دیا ہے چھیڑوں سے ہم نے تم کو
کچھ حوصلے ہمارے تم نے بڑھا دئیے ہیں

کیا کوئی تجھ کو دیکھے پردہ اُٹھانے والے
تونے تجلیوں کے پردے گرا دئیے ہیں

کرتا ہوں وحشت اُن سے عرضِ نیاز ہر دم
اِس کام کے طریقے دل نے بتا دئیے ہیں
 
Top