لفظ و معنی کیا ہیں، حرف و صوت کی دنیا ہے کیا ۔ علامہ طالب جوہری

فرخ منظور

لائبریرین
غزل

لفظ و معنی کیا ہیں، حرف و صوت کی دنیا ہے کیا

دل نے سمجھایا تھا کیا، اور عقل نے سمجھا ہے کیا

یہ زمیں کیسی ہے اور جنگل کا سنّاٹا ہے کیا

ہاتھیوں کا غول اس میدان سے گزرا ہے کیا

کیوں پرندے اپنے اپنے گھونسلوں سے اُڑ گئے

ان گھنی شاخوں میں پوشیدہ کوئی چیتا ہے کیا

اس کو جھینگر کی صدا نے ریزہ ریزہ کر دیا

ضد ہے ہنگامے کی ورنہ اور سنّاٹا ہے کیا

مطمئن ہے کھول کر مخفی خزانوں کے کواڑ

اپنی پونچی سے وہ میری طرح بے پروا ہے کیا

مجھ کو مل پایا نہ کیوں اپنی ہی ہستی کا سُراغ

آگہی میری چراغِ دستِ نابینا ہے کیا

میرا ہونا کب ہوا، میرے نہ ہونے سے بُرا

اور اگر ہونا بُرا ٹھہرا تو پھر اچھا ہے کیا

اِک دھماکہ ہے سبب اس عالِمِ موجود کا

فلسفہ نے اس دھماکے کا سبب لکھا ہے کیا

اس کے چہرے کی تھکن میں کھو گئے بستی کے رنگ

یہ مُسافر آج ہی پردیس سے پلٹا ہے کیا

(علّامہ طالب جوہری کی کتاب حرفِ نمو سے انتخاب)
 

فاتح

لائبریرین
شکریہ قبلہ!
علامہ طالب جوہری کی کتاب سے مزید کلام بھی عطا فرمائیں۔
 
Top