کمانڈ لائن سے میری واقفیت واجبی سی ہی ہے اور اس طریقے سے کامیابی مجھے مشکل لگ رہی ہے ۔
مشکل تو پیش آئے گی، لیکن کوشش کرتے ہیں۔
سب سے پہلے تو آپ نے پچھلے انسٹالر کے ذریعے جو کچھ انسٹال کیا تھا، اسے اَناِنسٹال کر دیجیے۔ (آپ سوچ رہے ہوں گے کہ یہ کیا بات ہوئی؟ اس کا جواب اگلے قدم پر دیکھیے۔)
اِس صفحے پر جائیے، اور
cmder.zip ڈاؤنلوڈ کیجیے۔ یہ
Cmder یا ’کمانڈر‘ ہے، جو وِنڈوز کے لیے ایک کنسول ایمولیٹر ہے۔ دوسرے الفاظ میں یہ ایک سوفٹویئر ہے جو وِنڈوز پر کمانڈلائن کو کچھ دلکش (اور مزید یوزایبل) بنا دیتا ہے۔ اس کے علاوہ، اِس میں
paste سمیت دیگر یوٹِلیٹیز کے تازہ نسخے بھی موجود ہیں، سو ہمیں اب اُن پرانی یوٹِلیٹیز کی ضرورت نہیں رہی (جنہیں ہم پچھلے قدم پر اَناِنسٹال کر چکے ہیں)۔
cmder.zip کو
cmder نامی فولڈر ہی میں ایکسٹریکٹ کر لیجیے۔ میرے کمپیوٹر پر اِس وقت کچھ ایسی صورت ہے:
اِس تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں اپنے کمپیوٹر کی ڈی ڈرائیو میں موجود ہوں، اور اِس میں
cmder.zip فائل اور
cmder فولڈر موجود ہیں۔ (ڈراپباکس کا فولڈر اِس وقت ہمارے کسی کام کا نہیں، اسے بھول جائیے۔)
اب
cmder فولڈر میں جائیے، اور
Cmder.exe کو چلائیے۔ ایک نئی وِنڈو کھلے گی، جس میں کمانڈر پہلے دفعہ چلائے جانے پر اپنی کچھ چیزیں سیدھی کرے گا اور ان کے متعلقہ پیغامات دکھائے گا۔ اس کے بعد آپ کو اِس قسم کا پرومپٹ (
prompt) نظر آئے گا:
یہ پرومپٹ بتا رہا ہے کہ میں اِس وقت اپنے کمپیوٹر میں
D:\cmder نامی جگہ پر ہوں۔ درحقیقت یہ وہ جگہ ہے جہاں سے
Cmder.exe کو چلایا گیا ہے۔ (اگر آپ نے کمانڈر کو کسی اور جگہ ایکسٹریکٹ کیا ہے، تو آپ کو اپنے پرومپٹ میں وہ جگہ نظر آئے گی۔) اس کے نیچے
λ کے بعد ایک کرسر جھپک رہا ہے۔ یہاں آپ اپنی کمانڈز لکھ سکتے ہیں۔
آزمانے کے لیے یہاں یہ کمانڈ چلائیے:
یعنی
dir لکھیے اور اینٹر دبا دیجیے۔ آپ کے پاس کچھ اِس قسم کی آؤٹپُٹ آئے گی:
کوڈ:
D:\cmder
λ dir
Volume in drive D is New Volume
Volume Serial Number is EA6A-418C
Directory of D:\cmder
2019-08-20 01:25 PM <DIR> .
2019-08-20 01:25 PM <DIR> ..
2019-08-20 01:25 PM <DIR> bin
2019-08-19 03:36 AM 140,800 Cmder.exe
2019-08-20 01:25 PM <DIR> config
2019-08-20 01:25 PM <DIR> icons
2019-08-19 03:36 AM 1,069 LICENSE
2019-08-20 01:25 PM <DIR> vendor
2019-08-19 03:36 AM 0 Version 1.3.12.915
3 File(s) 141,869 bytes
6 Dir(s) 77,715,656,704 bytes free
dir کی کمانڈ جس جگہ سے چلائی جاتی ہے، اُس جگہ پر موجود فولڈرز اور فائلز کی فہرست دکھاتی ہے۔ ابھی اس کمانڈ کو
D:\cmder سے چلایا گیا، چنانچہ اس نے
D:\cmder میں موجود تمام فولڈرز اور فائلز کو ظاہر کر دیا۔ آپ چاہیں تو اس فہرست کا موازنہ اپنے کمپیوٹر کے ریگولر فائل ایکسپلورر کے ساتھ کر سکتے ہیں:
dir کے بعد اب اِس بات کو آزماتے ہیں کہ کیا ہمارے پاس
paste کی کمانڈ موجود ہے یا نہیں۔ اس کے لیے ذیل کی کمانڈ چلائیے:
اِس کمانڈ میں ہم
paste کو چلا رہے ہیں اور اُس سے اُس کا ورژن پوچھ رہے ہیں۔ اگر
paste ہمارے کمپیوٹر پر موجود ہے، تو یہ آؤٹپُٹ آئے گی:
اب ہم اپنے کام کی طرف آتے ہیں۔ دوبارہ اُس جگہ جائیے جہاں
cmder فولڈر موجود ہے۔ میرے کمپیوٹر پر وہ جگہ ڈی ڈرائیو ہے، سو میں وہاں جاؤں گا۔ وہاں پر ایک نیا فولڈر بنائیے، میں اِس فولڈر کا نام
content رکھ رہا ہوں۔
اِس
content فولڈر کے اندر اپنی مطلوبہ عربی اور اردو متن کی فائلز کاپی کر دیجیے۔ اس بات کا خیال رکھیے کہ آپ کے پاس ان فائلز کا بیکاَپ کسی اور جگہ موجود ہو، تاکہ اگر غلطی سے ان فائلز کا متن خراب ہو جائے تو پریشانی نہ ہو۔ (ذیل کی تصویر میں میرے کمپیوٹر پر
content فولڈر کے اندر
file-ar.txt اور
file-ur.txt نظر آ رہی ہیں، جو وہی ہیں جن کی مثال میں نے پچھلے مراسلے میں دی تھی۔)
اپ دوبارہ کمانڈر کی وِنڈو میں جائیے، اور یہ کمانڈ چلائیے:
اس کی کچھ تفصیل:
cd ایک کمانڈ ہے جو
change directory کا مخفف ہے۔ اس کے آگے
../content کا مطلب ہے کہ اپنی موجودہ جگہ سے ایک لیول اوپر، اور وہاں موجود
content نامی فولڈر (ڈائریکٹری)۔ چنانچہ پوری کمانڈ کا مطلب ہوا کہ موجودہ جگہ سے ایک لیول اوپر جاؤ، اور وہاں موجود
content فولڈر/ڈائریکٹری کے اندر چلے جاؤ۔ یہ کمانڈ چلانے کے بعد کمانڈر کچھ یوں نظر آئے گا:
یہاں یہ بات نوٹ کیجیے کہ پرومپٹ میں موجود جگہ کا پاتھ تبدیل ہو چکا ہے، یعنی
D:\cmder سے
D:\content، جو اِس بات کی نشانی ہے کہ
cd کی کمانڈ آپ کو واقعی
content فولڈر کے اندر لے گئی ہے۔ مزید تصدیق آپ
dir کی مدد سے کر سکتے ہیں، جس کے چلانے پر آپ کو اپنی فائلز کی فہرست نظر آئے گی:
اب جب آپ
content کے اندر آ چکے ہیں، تو آپ
paste چلا کر اپنی فائلز کو ضم کر سکتے ہیں:
کوڈ:
paste file-ar.txt file-ur.txt -d "\n" > file-ar-ur.txt
(یہاں
file-ar.txt اور
file-ur.txt کی جگہ بالترتیب اپنی عربی اور اردو فائلز کے نام، اور
file-ar-ur.txt کی جگہ اپنی مرضی کا نام لکھیے۔) کمانڈ چلانے کے بعد میرے پاس کمانڈر میں کچھ یوں نظر آ رہا ہے:
آپ دیکھ سکتے ہیں کہ
paste نے اپنا کام خاموشی سے مکمل کیا اور پرومپٹ آپ کے سامنے دوبارہ آ گیا۔ اگر کوئی ایرر ہوتا تو وہ ظاہر ہو جاتا، لیکن خاموشی کا مطلب ہے کہ کمانڈ نے اپنا کام مکمل کر دیا۔ اب آپ فائل ایکسپلورر میں جا کر دیکھ سکتے ہیں کہ
content فولڈر کے اندر
file-ar-ur.txt (یا جو بھی نام آپ نے رکھا تھا) موجود ہے۔
(ایک اور بات: اگر عربی اور اردو فائلز میں سطروں کی تعداد برابر نہیں ہے، تو وہ فائل جس میں ضم شدہ متن موجود ہے، سادہ نوٹپیڈ میں کچھ جگہوں پر درست نہیں دکھائی دے گی۔ اس صورت میں آپ نئی فائل کو نوٹپیڈپلسپلس میں دیکھ سکتے ہیں۔ اگر نوٹپیڈ میں کھولنا ضروری ہو، تو پہلے فائل کو نوٹپیڈپلسپلس ہی میں کھولیے، پھر دو کام کیجیے:
Edit مینو میں جائیے،
EOL Conversion میں جائیے، اور
Unix (LF) منتخب کیجیے۔
ایک بار پھر
Edit مینو میں جائیے،
EOL Conversion میں جائیے، اور اب
Windows (CR LF) منتخب کیجیے۔
یہ کرنے کے بعد آپ کو اپنی فائل نوٹپیڈ میں بھی درست دکھائی دے گی۔)
یہاں ہماری داستان ختم ہوتی ہے۔ اگر کوئی بات وضاحت طلب ہو، تو بلا جھجک پوچھ لیجیے۔