مانا کسی ظالم کی حمایت نہیں کرتے --- عاصم واسطی

سین خے

محفلین
مانا کسی ظالم کی حمایت نہیں کرتے

مانا کسی ظالم کی حمایت نہیں کرتے
ہم لوگ مگر کھل کے بغاوت نہیں کرتے

کرتے ہیں مسلسل مرے ایمان پہ تنقید
خود اپنے عقیدوں کی وضاحت نہیں کرتے

کچھ وہ بھی طبیعت کا سکھی ایسا نہیں ہے
کچھ ہم بھی محبت میں قناعت نہیں کرتے

جو زخم دیے آپ نے محفوظ ہیں اب تک
عادت ہے امانت میں خیانت نہیں کرتے

کیوں ان کو ملا منصب افزائش گیتی
یہ لوگ تو مٹی سے محبت نہیں کرتے

کچھ ایسی بغاوت ہے طبیعت میں ہماری
جس بات کی ہوتی ہے اجازت نہیں کرتے

تنظیم کا یہ حال ہے اس شہر میں عاصمؔ
بے ساختہ بچے بھی شرارت نہیں کرتے

عاصم واسطی
 

فاخر رضا

محفلین
تنظیم کا یہ حال ہے اس شہر میں عاصمؔ
بے ساختہ بچے بھی شرارت نہیں کرتے
ایسے سہمے ہوئے بچے اکثر سڑکوں پر نظر آتے ہیں. ان کے چہرے پر مسکراہٹ لانے میں بھی بہت وقت لگتا ہے
مگر اتنا مشکل بھی نہیں ہے
یہی حال بہت بڑے گھروں کے بچوں کا ہے. ایک مشین بن کر رہ گئے ہیں.
پتہ نہیں ہم کہاں جارہے ہیں
 
Top