مجرئی خلق میں ان آنکھوں سے کیا کیا دیکھا - میر مونس لکھنوی (مکمل سلام)

حسان خان

لائبریرین
مجرئی خلق میں ان آنکھوں سے کیا کیا دیکھا
پر کہیں سبطِ پیمبر سا نہ آقا دیکھا

ظلم اے مجرئی سجاد نے کیا کیا دیکھا
گھر لٹا، قید ہوئے، باپ کا لاشا دیکھا

کہتی تھی زینبِ مضطر کہ خدا خیر کرے
شب کو یاں خواب میں عریاں سرِ زہرا دیکھا

جب چڑھے دوشِ محمد پہ علی کعبے میں
یک بیک زیرِ قدم عرشِ معلا دیکھا

(قطعہ)
بعدِ معراج علی نے یہ نبی سے پوچھا
یا رسولِ دو جہاں عرش پہ کیا کیا دیکھا

ہنس کے فرمایا کہ اے نیرِ افلاکِ شرف
ہر جگہ واں بھی ترے نور کا جلوا دیکھا

گر پڑے سبطِ نبی تھام کے ہاتھوں سے جگر
علی اکبر کو جو ریتی پہ تڑپتا دیکھا

بانو کہتی تھی جواں ہو کے سِدھارے اکبر
وا دریغا نہ دلہن دیکھی نہ سہرا دیکھا

بیڑیاں دیکھیں تو پھیلا دیے عابد نے قدم
سر کو نہوڑا دیا جب طوق کا حلقا دیکھا

کیا تحمل تھا کہ پیاسے رہے دو روز حُسین
آنکھ اٹھا کر نہ مگر جانبِ دریا دیکھا

بانو رو دیتی تھی منہ ڈھانپ کے اصغر کے لیے
کسی عورت کی جو آغوش میں بچّا دیکھا

(قطعہ)
کہتے تھے سیدِ سجاد کہ دیکھے نہ کوئی
ہم نے جو کچھ ستمِ لشکرِ اعدا دیکھا

صدمے کانٹوں کے، جفا طوق کی، ایذائے رسن
ایک بابا کے جدا ہونے سے کیا کیا دیکھا

شام میں لوگ یہ کہتے تھے کہ آج آنکھوں سے
بے ردا ہم نے سرِ دخترِ زہرا دیکھا

ننگے سر خلق نے اُس بی بی کو دیکھا افسوس
جس کی مادر کا کسی نے نہ جنازا دیکھا

(قطعہ)
جا کے زینب نے وطن میں یہ کہا صغرا سے
کہوں کس منہ سے کہ پردیس میں کیا کیا دیکھا

تین دن بند رہا گرمی میں پانی مجھ پر
کس مسافر نے بتاؤ ستم ایسا دیکھا

سامنے قتل ہوئے مسلمِ بیکس کے پسر
اپنے فرزندوں کو بسمل سا تڑپتا دیکھا

میں نے ماتم کیا لاشے پہ بنے قاسم کے
میں نے اک رات کی بیاہی کا رنڈاپا دیکھا

میں نے دیکھا علمِ شاہ کو آلودهٔ خوں
میں نے عباس کو بے جاں لبِ دریا دیکھا

میں نے دیکھا علی اصغر کا گلا خون سے تر
میں نے زخمی علی اکبر کا کلیجا دیکھا

میں نے دیکھا شہِ مظلوم کو خنجر کے تلے
میں نے نیزے پہ سرِ دلبرِ زہرا دیکھا

ہائے کیوں ہو نہ گئیں کور کہ اِن آنکھوں سے
میں نے بے گور و کفن بھائی کا لاشا دیکھا

غرض اک دم کہیں فرصت نہ ملی ماتم کی
قید خانے میں سکینہ کا جنازا دیکھا

پھر گیا آنکھوں میں شہ کا رخِ پُرخوں مونس
جب کہیں مقتلِ شپیر کا نقشا دیکھا
(میر مونس لکھنوی)
 

سلمان امین

محفلین
ماشااللہ حسان بھائی آپ نے بہت اعلیٰ کلام شئیر کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ آپ کی توفیقات میں اضافہ فرمائے (آمین)۔
جزاک اللہ۔
 

bergazeda

محفلین
شہؑ نے جب چاند محرم کا فلک پر دیکھا
قید سجادؑ کو زینبؑ کا کُھلا سر دیکھا

بال کھولے ہوئے لاشے پہ ہے زہراؑ دیکھی
خُون روتا ہوا مقتل میں پیمبرؑ دیکھا

جِس طرح آلِ پیمبرؑ کا گھرانہ اُجڑا
ایسا برباد نہ دُنیا میں کوٰئی گھر دیکھا

بنتِ زہراؑ کی رِدا دیکھی سرِ نیزہ پر
تیغِ قاتل کے تلے سبطِ پیمبرؐ دیکھا

ڈوبتا شمس بہت رویا سلامی دے کر
جبکہ مہتابِ مُحمدؐ کو سناں پر دیکھا

جب نبی زادیوںؑ کے سر سے رِدائیں اُتریں
غیرتِ دین بتا کیسے وہ منظر دیکھا..؟

خط میں صغریٰؑ کی جو روتی ہوئی آنکھیں دیکھیِں
ناناؐ یاد آئے جو پِھر لاشہء اکبرؑ دیکھا

ہم نے اخترؔ کی طرح تُجھ میں سدا اے قنبرؔ
دِل میں شبیرؑ کا غم آنکھوں میں کوثرؔ دیکھا

ذیشان حیدر قنبرؔ........
 
Top