محفل فورم پر نئے زمرہ جات کے لیے تجاویز اکٹھی کریں!

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم،
محفل فورم کی اپگریڈ کے بعد سے میں نے آپ دوستوں کو تجاویز اکٹھے کرنے کے کام میں مصروف رکھا ہوا ہے۔ :)
ایک کام جسے میں محفل فورم کی اپگریڈ‌تک مؤخر کیا ہوا تھا، فورم کی تنظیم نو کا ہے۔ محفل فورم پر کچھ نہ کچھ عرصے کے بعد یہاں پر موضوعات میں تنوع پیدا کرنے کے لیے زمرہ جات کا اضافہ کیا جاتا رہتا ہے۔ اس کے لیے شرط یہ ہے کہ ان زمرہ جات کے موضوعات محفل فورم کے مزاج سے ہم آہنگ ہوں اور اس کے علاوہ ان موضوعات میں خاطر خواہ دلچسپی پائی جاتی ہو تاکہ یہ غیر آباد نہ رہیں۔ اس سلسلے میں میرے ذہن میں کچھ آئیڈیاز ہیں جن کا میں یہاں ذکر کروں گا، اور اگر آپ کسی موضوع پر معلومات کے تبادلے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو اس کے لیے یہاں تجویز پیش کر سکتے ہیں۔

- میرا ایک آئیڈیا صحافت کے موضوع پر ایک فورم سیٹ اپ کرنے کا ہے جہاں اخباری اور الیکٹرانک میڈیا کے بارے میں بات کی جا سکے۔ یہاں پرتجربہ کار صحافی مفید معلومات فراہم کر سکتے ہیں اور جرنلزم کے طلبا یا صحافت کے پیشے کا آغاز کرنے والے اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
- میں کچھ عرصے سے اسلامی تعلیمات کے زمرہ میں ایک قران فہمی یا درس و تدریس قران کے موضوع پر ایک ذیلی زمرہ سیٹ اپ کرنا چاہ رہا ہوں۔ اس کا مقصد صر ف اور صرف قران مجید کے مطالب اور تفسیر بیان کرنا اور اس کے بارے میں سوالات کرنا ہوگا۔ میں اس فورم کو موڈریٹڈ رکھوں گا، یعنی اس پر پوسٹس منظوری کے بعد ہی شائع ہوں گی۔
- مذہبی تعلیمات کے زمرہ جات میں اکثر مباحثوں کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے۔ میرے خیال میں ایک ایسا ذیلی زمرہ بھی ہونا چاہیے جہاں منتظمین کچھ عرصے بعد اس طرح کے موضوعات کو مقفل کرکے منتقل کرتے رہیں۔
- محفل فورم کی ایک محترم خاتون رکن کی فرمائش ہے کہ ایک ایسا زمرہ تشکیل دے دیا جائے جہاں صرف خواتین پوسٹ کر سکیں۔ :) کچھ عرصہ قبل جب فورم پر گوشہ خواتین کے نام سے ایک زمرہ تشکیل دیا گیا تھا تو اس پر اعتراض اٹھایا گیا تھا کہ اس سے امتیازی سلوک کا اشارہ ملتا ہے کیونکہ گھرداری صرف عورتوں کے لیے ہی مخصوص نہیں ہے۔ لیکن میرے خیال میں اس فرمائش کا تعلق گھرداری کے معاملات پر گفتگو سے نہیں ہے اور اگر باقی دوستوں کو اس پر اعتراض نہ ہو تو یہ زمرہ بھی سیٹ اپ کیا جا سکتا ہے۔
- میرے خیال میں فورم پر آڈیو اور ویڈیو میڈیا پوسٹ کرنے کے لیے بھی مزید زمرہ جات کا اضافہ کیا جانا چاہیے۔ موسیقی والے زمرہ میں کچھ پوسٹس ایسی ہوتی ہیں جن میں گانوں کے بول بھی پوسٹ کیے جاتے ہیں جبکہ کچھ میں صرف آڈیو یا ویڈیو کا ربط پوسٹ کیا جاتا ہے۔ میرے خیال میں ان کے لیے بھی علیحدہ زمرہ جات ہونے چاہییں۔
- نئے زمرہ جات تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ میں کچھ پرانے زمرہ جات کو ختم کر دینا چاہتا ہوں جن کی اب ضرورت نہیں رہی ہے۔ اس کے لیے یہ بھی کیا جا سکتا ہے کہ ایک علیحدہ کٹیگری محفوظات یعنی آرکائیو کے طور پر سیٹ اپ کر دی جائے جہاں ایسے فورم مقفل کرکے منتقل کر دیے جائیں۔ اسی سے متعلق ایک تجویز یہ ہے کہ انٹرویو فورم کی ایک ذیلی فورم پرانے انٹرویو کے نام سے تشکیل دے دی جائے جہاں پرانے انٹرویو منتقل کیے جاتے رہیں۔
- فورم پر اکثر زمرہ جات پر ابھی تک موڈریٹرز کا تقرر نہیں کیا گیا ہے۔ اگر کوئی دوست کسی زمرہ کو منظم کرنے میں ہمارے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں تو ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ موڈریٹرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ فورم پر باقاعدگی سے آتے ہوں اور متعلقہ موضوع میں خاطر خواہ دلچسپی بھی رکھتے ہوں۔ اس سلسلے میں چند دوستوں کے نام میرے ذہن میں ہیں۔ ان سے میں خود رابطہ کر لوں گا۔

فی الحال تو میری جانب سے اتنا ہی۔ اب مجھے آپ کی تجاویز کا انتظار رہے گا۔ :)
 

باسم

محفلین
ایک کمزور سی تجویز یہ ہے کہ اردو سافٹ ویر سپورٹ اور اردو لوکلائزیشن کو آپس میں ضم کردیا جائے اکثر یہاں پوسٹ کرنے میں غلطی واقع ہوجاتی ہے جیسے
جملہ 1.0.11 کے اردو ترجمہ سے استفادہ
اردو جملہ 1.5 کی پوٹ فائلیں
دوسری تجویز یہ ہے کہ گانوں کی طرح حمد و نعت اور اناشید کا زمرہ بھی ہونا چاہیے
تیسری یہ کہ پاکستان میں زلزلہ کے زمرہ کو اب حادثات یا سانحات سے بدل دیا جائے
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ باسم۔
میں نے سوچا ہوا ہے کہ پاکستان میں زلزلہ اور ایمرجنسی والی فورمز کو مقفل کرکے آرکائیو میں منتقل کر دیا جائے۔
اب فورم میں thread prefixes یعنی موضوعات کے سابقوں کا نظام بھی شامل ہے۔ میں جلد اس کا استعمال شروع کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہوں۔ اس کا استعمال خاص طور پر اردو کمپیوٹنگ اور لائبریری کے زمرہ جات کے لیے مفید رہے گا۔ ان زمرہ جات میں ہر نئے موضوع کے لیے علیحدہ سب فورم بنانے کی بجائے صرف ایک نیا prefix متعارف کرانا کافی ہوگا۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
حمدونعت اور ناشید سے یاد آیا کہ اسلامی تعلیمات کے زمرہ میں ایک ذیلی زمرہ اسلامی ملٹی میڈیا کا بھی ہو سکتا ہے۔
 
نبیل بھائی گو میں صرف اتنی معلومات رکھتا ہوں کہ پوسٹ ٹائپ کر لی یا جواب دے دیا۔۔۔۔ اگر مجھے کسی چیز کو تلاش کرنا ہو تو میرے جیسے انسان کے لئے کافی مشکل صورتحال ہو جاتی ہے۔۔۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کتنے لوگ ہیں جو کمپیوٹر میں مہارت رکھتے ہیں۔۔۔ میرے ذاتی خیال میں بیشتر افراد یا ممبران ایسے ہیں جو اس قدر تیکنکی مہارت نہیں رکھتے ہیں۔۔۔۔ سو ان کو بھی ساتھ لیکر چلنے والے بات ہونی چاہیئے ۔۔۔

آپ نے شاید غور کیا ہو کہ مخصوص تھریڈز پر لوگوں کی آمد و رفت رہتی ہے ۔۔۔۔ کوئی نئی پوسٹ آتی ہے تو وہ محض چند لوگوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہے اور پھر غائب ہو جاتی ہے ۔۔۔ اور پھر وہی مخصوص تھریڈز ہوتے ہیں ۔۔۔۔ اور ان مخصوص تھریڈز پر مخصوص لوگوں کی ہوتی ہے جو روزانہ ہی وزٹ کرتے ہیں ۔۔۔۔ میں ایسے تمام ممبران کو انگلیوں پر گن سکتا ہوں ۔۔۔ یہ بات میں اس لئے کہ رہا ہوں کہ میں روزانہ ہی محفل میں آتا ہوں ۔۔۔

بنیل بھائی ہونا کچھ ایسا چاہیئے کہ ہر تھریڈ پر لوگوں کی توجہ ہو ۔۔۔ اب ان تھریڈز کو فعال کیسے کیا جائے۔۔۔۔ اس کے لئے ایک تنظیمی ڈھانچے کی ضرورت ہے ۔۔۔

میری ناقص رائے میں تھریڈز کو کیٹیگریز میں بانٹ دیا جائے اور ان کیٹیگیریز کی "سب کیٹیگریز" بنا دی جائیں۔۔۔ اور ان تھریڈز کو فعال رکھنے کی انفرادی ذمہ داری بھی لگا دی جائے۔۔۔۔ تاکہ ہر تھریڈ توجہ حاصل کر سکے ۔۔۔۔

میرے ذہن میں کچھ تجاویز ہیں ۔۔۔ اگر آپ مناسب سمجھیں تو کچھ ورکنگ کر کے پوسٹ کروں
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ یونس، چند روز قبل تفسیر نے بھی اسی مسئلے کی نشاندہی کروائی تھی۔ میں نے اس وقت بھی عرض کیا تھا کہ فورم پر مواد کو منظم کرنا مشکل ہے کیونکہ اس میں اچھے اور نسبتاً کم اچھے دھاگوں میں تمیز کرنا مشکل ہوتا ہے۔ اس کے کچھ workaround موجود ضرور ہیں لیکن اس کے لیے فعال موڈریشن کی ضرورت ہے۔ میرے ذہن میں اس کے حل کے لیے کچھ آئیڈیاز موجود ہیں لیکن ان پر میں علیحدہ سے گفتگو کرنا چاہوں گا۔ آپ کے ذہن میں اگر نئے زمرہ جات سے متعلق کوئی تجاویز ہیں تو ضرور یہاں پیش کریں۔
 
میں اب ذرا سنجیدگی سے ایک بار محفل کا وزٹ کر لوں ۔۔۔ پھر میں انشااللہ ضرور رائے دونگا۔۔۔۔ کیونکہ بنیادی طور میرا کام بھی کچھ اسی قسم کا ہے اس لئے میں پلاننگ اور سجیشن پر کام کرتا ہوں۔۔۔۔ سو آج کوئی کام نہیں آج محفل کو گھوم پھر کر دیکھتا ہوں ۔۔۔۔ میں خود بھی کچھ کرنا چاہتا ہوں ۔۔۔۔۔۔۔۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
نبیل میرا خیال ہے کہ ہر شاعر کے کلام کا علیحدہ زمرہ ہونا چاہئے - بجائے اسکے کہ ہر شاعر کا کلام پسندیدہ کلام میں پوسٹ کیا جائے - اسطرح ہر شاعر کا کلام کلاسیفائی ہو سکے گا - اگر یہ ہوسکے تو بہت کمال کا کام ہوگا -
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ فرخ۔ میرا یہی کام thread prefixes کے ذریعے کرنے کا ارادہ ہے۔ اس کے ذریعے بھی موضوعات کو کلاسیفائی کرنا ممکن ہے۔
 
در اصل صارفین کا ذاتی انداز بھی بہت معنی رکھتا ہے اس بات کے لئے کہ چیزوں کو کس ترتیب سے رکھا جائے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک بات پہونچ سکے۔

مثلاً میں اپنی مثال لوں تو میں کبھی زمرہ جاتی تصریف نہیں کرتا۔ میں ہمیشہ نئے پیغامات پر نگاہ رکھتا ہوں۔ یا کبھی کبھار فوری روابط ڈراپ ڈاؤن سے آج کے پیغامات دیکھتا ہوں۔ اور بلا تفریق زمرہ اگر مناسب سمجھتا ہوں تو شرکت کرتا ہوں ورنہ بغیر کوئی جواب دیئے خاموشی سے دوبارہ نئے پیغامات کی اور چلا جاتا ہوں۔ اس طرح ہر نئی حرکت پر میری نگاہ رہتی ہے۔ ویسے بھی میں عموماً محفل میں خاصی دیر تک رہتا ہوں۔

پر موزوں زمرہ جات کی ضرورت تب شدت محسوس ہوتی ہے جب کسی خاص پیغام کو کھنگالنا ہو اور اس میں تین یا تین سے زائد حروف کا کوئی شاذ لفظ یاد نہ ہو کہ تلاش کیا جا سکے۔ خیر اسی مقصد کے لئے ٹیگ کا نظام بھی ہوتا ہے انتظار کیجئے کہ اس میں جداکار کے طور پر اردو کا کوما استعمال کیا جا سکے۔

ایک صلاح یہ ہے کہ ایک عدد رائے شماری کرا لی جائے جس میں لوگوں سے ان کا طرز تصریف دریافت کیا جائے تاکہ مواد کی صف بندی زیادہ بہتر کی جا سکے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ ابن سعید۔ اگرچہ میں بھی نئے پیغامات کی فہرست ہی دیکھتا ہوں لیکن ان میں سے بھی صرف مخصوص زمرہ جات کے پیغامات پڑھتا ہوں۔ فورم پر زمرہ جات کی ترتیب کے لیے کوئی کمپرومائز ڈھونڈھنا پڑتا ہے۔ نئے زمرہ جات کی اس وقت ضرورت پڑتی ہے جب کوئی ایک زمرہ کسی موضوع کے ساتھ انصاف نہیں کر رہا ہوتا۔ دوسری جانب تہہ در تہہ سب فورمز بنانے سے فورم کی usability متاثر ہوتی ہے اور مطلوبہ انفارمیشن ڈھونڈھنے میں دقت پیش آتی ہے۔ اب ٹیگز اور prefixcs کے ذریعے انفارمیشن کو منظم کرنا پہلے کے نسبت قدرے آسان ہو گیا ہے۔ میری کوشش ہوگی کہ کچھ ہی ہفتے میں فورم کو اگلے ورژن 3.7.1 پر اپگریڈ کر دوں۔ اس اپڈیٹ کے ذریعے ٹیگز کے درمیان اردو کوما شامل کرنا بھی ممکن ہو جائے گا۔ اس وقت تک آپ انگریزی کوما کے ذریعے ٹیگز کو علیحدہ کر سکتے ہیں۔
 

بلال

محفلین
میں نے اسی سلسلہ میں پہلے بھی ایک تھریڈ کھولا تھا لیکن کسی نے توجہ نہیں دی پھر میں خود بھی خاموش ہو گیا کہ شائد میری بات فضول ہے۔۔۔

اگر ایک نیا موضوع "شخصیات" کے نام سے بنا دیا جائے اور اس کی مزید تفصیل میں اسلامی، سائنسی اور فلاحی شخصیات وغیرہ کا موضوع بن جائے تو بہتر ہو گا۔۔۔ جہاں مختلف شخصیات کے بارے میں بات چیت ہو سکے گی۔ اور اگر کسی شخصیات کے بارے میں معلومات لینی ہو تو وہاں ممبران ایک دوسرے سے پوچھ سکیں گے۔ یا کوئی کسی مشہور شخص کے بارے میں جانتا ہو گا تو وہ وہاں خود پوسٹ کر دے گا۔
 
نبیل بھائی !

میں چند چیزوں کو تذکرہ کرنا چاہوں گا ۔۔۔۔

آپ کی تچاویز آرا اور شکایات
لکھنے پڑہھے میں مدد
سوال آپ کے جواب ہمارے
لائبریری ٹیم میں شمولیت اختیار کیجیے
پسندیدہ کلام
پسندیدہ تحریریں
موسیقی کی دنیا
گپ شپ
تہنیتی پیغامات

میں نے دیکھا ہے کہ لوگوں کا رجحان زیادہ تر انہیں ہی تھریڈ کی طرف ہے ۔۔۔۔ باقی تھریڈز کو فعال کرنے کے بارے میں غور کیا جانا چاہیے ۔۔۔۔ آخر کیا وجہ ہے کہ دیگر تھریڈز فعال نہیں ہیں ۔۔۔۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
یونس، آپ کے خیال میں کون سے زمرہ جات ہیں جنہیں زیادہ فعال کرنے کی ضرورت ہے؟
 
یونس، آپ کے خیال میں کون سے زمرہ جات ہیں جنہیں زیادہ فعال کرنے کی ضرورت ہے؟

نبیل ! میرے خیال میں ایسے تمام زمرہ جات کو فعال کیا جانا چاہیے جو ہماری روزمرہ زندگی سے متعلق ہوں ۔۔۔۔ مثلا ۔۔۔

کچن کارنر
مختلف کار آمد ٹپس۔۔۔ مطلب گھریلو چٹکلے ۔۔۔ جن میں خواتین کی دلچسپی ہوتی ہے
ملبوسات سے متعلق۔۔

طلبا کے لئے معلومات یا ٹپس ۔۔۔۔ جو میٹرک اور گریجوشن کے درمیان ہوں

آپ کے مضامین ۔۔۔۔۔۔۔۔ جس میں ایک مقابلے کو فضا ہو ۔۔۔ اور پوائنٹس کا اجرا قاری کی پسندیدگی لے لحاظ سے

انٹرنیٹ ۔۔۔۔۔۔۔ جس میں نت نئ اور معلوماتی ویب سائٹس کے بارے میں بحث کی جائے

مقصد یہ کہ ایسی تمام تھریڈز جس میں لوگوں کو خود مجبور ہوکر شامل ہونا پڑے ۔۔۔ اور ایسے تھریڈز صرف روزمرہ زندگی سے ہی ریلیٹڈ ہو سکتے ہیں ۔۔۔۔ جس میں ایک عام قاری کی دلچسپی ہوتی ہے

باقی میں ابھی کچھ اور بھی دیکھ رہا ہوں ۔۔۔ تھوڑا سا وقت درکار ہے
 

تعبیر

محفلین
ارے یہ تو میرے انٹرسٹ کا ٹاپک پے جسے میں نے دیکھا ہی نہیں :)

اس کے علاوہ میرے خیال سے ایک فارم ایسا ہونا چاہیے جو پیغامات کا ہو۔ نام صحیح سے نہیں آرہا اسکا :(جس میں ہم کسی ممبر کی گمشدگی،مس یو۔ اپنے آنے یا جانے کی اطلاع دے سکیں۔

ایک مجھے آج تک گپ شپ اور متفرقات کا فرق سمجھ نہیں آیا۔ کئی ٹاپکس جو کہ گپ شپ کے ہوتے ہیں متفرقات میں ہوتے ہیں اور متفرقات سے related گپ شپ میں۔ اسکو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک چیز اور میں نے دیکھی ہے کہ اکثر ٹاپکس جو گیم سیکشن کے نہیں ہوتے وہ بھی وہاں ہوتے ہیں۔

میرے خیال سے لاک ٹاپکس کا بھی ایک الگ سیکشن ہونا چاہیے کہ وہاں جواب تو دے نہیں سکتے صرف پڑھنا ہی تو ہوتا ہے ۔

کوئز اور competitions کا بھی کوئی سیکشن ہو یا پھر یہاں ہر مہینے کوئی مقابلہ ضرور رکھا کریں۔


انگلش سیکشن بےچارا یتیم پڑا رہتا ہے ۔ تو کیا یہ بہتر نہیں ہے کہ کوئی ایسا سیکشن بنایا جائے جہاں ہم forward mails پوسٹ کریں اور کمنٹ کسی بھی زبان میں دیں۔
یا پھر انگلش سیکشن کو رومن اردو کا بھی کر دیں۔

ایک سیکشن ایسا ہو جس میں پرانے ٹاپکس جو بہت چلے ہوں اور اچھے بھی ہوں انہیں دوبارہ چلایا جائے کہ سب پڑھنا تو نئے ممبرز کے بس میں نہیں ہے نا۔

آپ کا خیال بالکل صحیح ہے آڈیو اور وڈیو کے الگ سیکشنز ہوں بلکہ ایک اور وڈیو سیکشن اور بھی ہو جہاں غیر فلمی وڈیوز پوسٹ کی جا سکیں ۔

میں نے پتہ نہیں کیا کیا لکھ دیا ہے۔
 

ابوشامل

محفلین
میرا ایک آئیڈیا صحافت کے موضوع پر ایک فورم سیٹ اپ کرنے کا ہے جہاں اخباری اور الیکٹرانک میڈیا کے بارے میں بات کی جا سکے۔ یہاں پرتجربہ کار صحافی مفید معلومات فراہم کر سکتے ہیں اور جرنلزم کے طلبا یا صحافت کے پیشے کا آغاز کرنے والے اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
خیال تو اچھا ہے نبیل صاحب۔ موجودہ دور میں اخبارات و برقی ذرائع ابلاغ کے کردار کے بارے میں اس فورم پر بہت سیرحاصل گفتگو ہو سکے گی اور خبروں کی باریکیوں کے حوالے سے (مجھ سمیت دیگر افراد) سوالات کے جوابات بھی دے سکیں گے۔
 

الف عین

لائبریرین
ایک زمرہ ذاتیات قسم کا بنا دیا جائے۔ اسی میں کون ہے جو محفل میں آیا۔ مِس کرنے والے موضوعات، کسی اطلاع کا ذکر، سب اسی میں ہو جائے۔ اسی میں تہنیتی پیغامات کا بھی شمول ہو سکتا ہے۔خاص کر سالگرہوں والے۔ تعارف اور انتر ویو بھی اسی میں شامل کئے جا سکتے ہیں۔ محفل کے منصبوں والے تہنیتی پیغامات چاہے محفل نام کی فورم میں ہی ہوں۔ محفل کے زمرے میں اعلانات، تجاویز سب شامل ہو سکتی ہیں۔ اس طرح یہ Reclassification کرنے کی بات کر رہا ہوں کہ زمروں کی تعداد کم ہی رہے۔ باقی درجہ بندی ٹیگز سے ممکن ہو ہی جائے گی۔
لائبریری کو مزید غور کر کے اصلاح کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بعد میں۔۔۔۔ یوں بھی آج کل سارے ارکان بریک کے بعد ملنے کی بات کر رہے ہیں!!
 

الف عین

لائبریرین
ہاں۔ اردو نامہ کو یوں تو محض اردو کے سلسلے میں تقاریب اور اجلاس کی رپورٹ کے لئے رکھا گیا ہے۔ لیکن میرا مشورہ ہے کہ ایک فورم ہو (نام ’اردو ہے جس کا نام۔۔‘ بھی ہو سکتا ہے۔ اس میں اس قسم کے اجلاس کے علاوہ اردو املا، اردو صحافت یا اس قسم کے دوسرے مسائل کی بات بھی کا سکتی ہے۔ اسی فورم میں محض اردو کی ویب سائیٹس پر تبصروں اور خبروں کا بھی ایک ذیلی زمرہ ہو۔ غیر اردو ویب سائٹس کا ذکر آئ ٹی کی دنیا والی فورم میں جاری رکھا جائے۔
کبھی میں املا کا ذکر کرتا ہوں تو سمجھ میں نہیں آتا کہ کہاں پوسٹ کروں۔ اکثر اردو نامہ والی فورم میں ہی پوسٹ کرتا رہتا ہوں۔
 
Top