وعلیکم السلام
آپ کو بھی سالگرہ کی ڈھیروں مبارکباد۔ آپ اور زیک کا لگایا گیا درخت ایک تناور درخت بننے کے قریب ہے۔ آپ کی تجاویز اور محفل سے آگاہی آپ کی محفل سے لگاؤ اور اس پر گہری نظر کو ظاہر کرتی ہے ۔ آپ کی کافی تجاویز ہمارے دل کی بھی آواز ہیں ۔ یقیناً ہم سے کہیں بہتر دماغ یہاں موجود ہیں جو آپ کو ہم سے کہیں بہتر تجاویز دیں گے ۔ آپ کی آج ایک مراسلہ جو تجاویز سے متعلق تھا اس نے ہمت بندھائی کہ کچھ کہہ سکیں ۔ ہم بھی چند ایک باتیں دردمندی سے کرنا چاہیں گے کہ اس فورم کو اوج ثریا پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اگر ہماری باتیں بےکار لگیں تو نظرانداز کیجیے گا ۔
ایک فعال اور مددگار انتظامیہ یقیناً بہتری لائے گی ۔ ہمیں لگتا ہے کہ محفلین کو اس فورم پر روکنا بہت ضروری ہے۔ یہاں آنے والا یقینا ادب سے لگاؤ کی بنا پر آتا ہے۔ اس لیے ادب سے متعلق دلچسپیوں یعنی شاعری، نثرنگاری، ڈرامہ اور اسی طرح کے دوسرے کاموں سے متعلق منصوبے اور ان کا نفاذ وقت کی ضرورت ہے ۔
جو محفلین وقت نکال کو لڑیاں بناتے ہیں ان کی لڑیوں میں مناظر تو بہت ہوتے ہیں مگر کوئی تعریف و تنقید کی ضرورت محسوس نہیں کرتا ۔ اس سے لوگ دلبرداشتہ ہو کر فورم چھوڑ کر چلے جاتے ہیں ۔ جب کہ یہ محفل محفلین کی وجہ سے ہی تو ہے ۔
اردو محفل نہ صرف یوٹیوب پر ہو بلکہ فیس بک، انسٹا گرام اور دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فرمز پر بھی ہو ۔ اس طرح اچھا ٹریفک آئے گا ۔
ہمارے یہاں بہت خوبصورت شاعری موجود ہے۔ اس کو فیس بک اور انسٹا پر دیدہ زیب پوسٹوں کی صورت پر پھیلا دیا جائے ۔ ہر پوسٹ پر اردو محفل کا یو آر ایل اور لوگو نمایاں ہو تاکہ لوگ یہاں ممبرز بنیں۔ اچھا ہو کہ یہاں موجود شعراء اور لکھاریوں کا مختصر تعارف اردو محفل کے فیس بک، انسٹا پیجز پر بھی ہو۔ باوزن اور معیاری شاعری محفل سے باہر بھی جانی چاہیے ۔
اس محفل کے بہت سے لوگ فیس بک پر موجود ہیں اس طرح وہ بھی دوبارہ محفل کا رخ کر سکتے ہیں ۔
تمام اسکولوں، کالجوں اور یونیورٹیوں کے یہاں پیجز ہونے چاہئیں یا کم از کم اردو ڈپارٹمنٹس کے تاکہ تعلیمی ماحول پنپ سکے ۔ اسطرح اساتذہ اور طالبعلم بھی بڑی تعداد میں محفل کا رخ کریں گے۔
مراسلوں کی تعداد گننے کے بجائے ہر سال کا گوشوارہ ہو کہ محفل میں موجود کس نے کتنی تحاریر محفل میں پیش کیں اور ان لوگوں کو نمایاں مقام دیا جائے ۔ کیونکہ کرنے کو کچھ نہ ہو تو پھر خواہمخواہ کی باتیں ہی رہ جاتی ہیں۔ مراسلوں کی تعداد بڑھانے کے لیے بے تکے مراسلے اور بےکار باتیں اس طرح ختم ہو جائیں گی ۔ میرا ہرگزیہ مطلب نہیں کہ گپ شپ بند کر دی جائے مگر ایک بات سے دس باتیں نکالنے کی یقینا حوصلہ شکنی ہو گی ۔
اردو محفل پبلشرز، کتب فروشوں اور لکھاریوں سے ایڈز کی صورت میں ریوینیو حاصل کر سکتی ہے ۔ بلاگ کا آیئڈیا یہاں بہت کام آ سکتا ہے۔ آج کل ویسے بھی آن لائن کتب فروشی عروج پر ہے ۔
کچھ ایسی ٹیم بنائی جائے جو ایکسپرٹس پر مشتمل ہو کہ سوشل میڈیا پر لوگوں کو کیسے ہینڈل کیا جائے۔ ۔لوگوں کی ضرورتوں اورعزت نفس کا خیال رکھ کر ہی سوشل میڈیا میں مسابقتی جنگ جیتی جا سکتی ہےکوئی بھی عہدہ اگر نمائشی ہو تو اس کا حق ادا نہیں ہوتا ۔
میری دعا ہے کہ یہ فورم ہر اردو سے محبت کرنے والے کی زبان پر ہو ۔ اپنا صحیح مقام پاکر اردو ادب کی بہتریں خدمت کے لائق ہو ۔ میری طرف سے آپ،
زیک اور سب کو اس عظیم فورم کی اب تک کی تمام کامیابیاں مبارک ہو۔ اصلاح سخن میں استاد محترم
الف عین اور محترم
ظہیر احمد ظہیر صاحب سمیت تمام اساتذہ اور محفلین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔
محب علوی بھائی، شعیب بھائی اور ان کی ٹیم کو بہت مبارکباد ۔ ان شاءاللہ جب فرصت ہوئی تو دوبارہ آپ کو جوائن کروں گی ۔ اگر کسی کو کوئی بھی بات بری لگی ہو تو میں بے حد معذرت خواہ ہوں ۔
اردو محفل زندہ باد ۔ ۔ ۔ اردو زبان پائندہ باد