مشکل وقت۔۔۔ (اختصاریہ)

نوید ناظم

محفلین
مشکل وقت اِس لیے آتا ہےکہ مشکل وقت کا سامنا کیا جائے...اس کو انٹرٹین کیا جائے ...کھلے دل کے ساتھ اس کا استقبال کیا جائے...یہ ہر کسی پہ کبھی نہ کبھی ضرور آتا ہے...اس کی کئی شکلیں ہیں' کچھ ظاہری ہیں' کچھ باطنی...مشکل وقت کا تعلق امیری یا غریبی سے نہیں ہے ...پیسہ ہونے کے باوجود انسان مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے جبکہ اس کے بر عکس غریب کو لگتا ہے کہ اس کی ساری مشکلیں پیسہ کم ہونے کی وجہ سے ہیں. مگر ایسا نہیں ہے ' مشکلات کا باعث پیسہ نہیں ہے...دراصل زندگی کو مشکل وقت سے نکالا جا سکتا ہے مگر مشکل وقت کو زندگی سے نکالا نہیں جا سکتا..مشکل وقت وہ ہوتا ہے جب انسان کی پسند انسان سے جدا ہو رہی ہو اور حقیقت یہ ہے کہ انسان کی پسندیدگیاں آہستہ آہستہ رخصت ہوتی رہتی ہیں...اسے اس کا بچپن اور بچپن کے دوست یاد آتے ہیں مگر وہ وقت رخصت ہو چکا ہوتا ہے....اسے جوانی اور جوانی کا دور یاد آتا ہے مگر وہ ماضی کا قصہ ہے ...تندرست جسم کمزوریوں اور بیماریوں کی زد میں آ جاتا ہے اور یوں خوبصورت وقت مشکل وقت میں بدل جاتا ہے...وہ وقت جو اپنوں کے ساتھ گزرتا ہے 'خوبصورت ہوتا ہے مگر پھر اپنے گزرنا شروع ہو جاتے ہیں...ماں باپ گزر جاتے ہیں 'دوست یار بچھڑ جاتے ہیں اور انسان نئی مشکلات کا شکار ہونا شروع ہو جاتا ہے...بہر حال چاردن کی زندگی میں مشکل وقت گزرتا ہے اور پھر آجاتا ہے' آتا ہے اور پھر گزر جاتا ہے اور یوں انسان اپنی حسرتوں پہ آنسو بہا کر سوتا اور جاگتا رہتا ہے...مشکل وقت میں جو شئے انسان کے کام آتی ہے وہ یقین ہے...اس بات کا یقین کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے'بے شک ہر مشکل کے بعد آسانی ہے...طوفان آتے ہیں اور پھر بادِ صبا چلنا شروع ہو جاتی ہے...بادل گرجتے ہیں 'بجلیاں چمکتی ہیں اور پھر اسی آسمان پر رنگوں کی لکیر نمودار ہو جاتی ہے...خزائیں گزرتی ہیں تو بہاریں آتی ہیں...انسان پر زندگی آتی اور جاتی رہتی ہے اور یوں اس کا حسن برقرار رہتا ہے...رندگی کے نشیب و فراز اسے دلگداز بناتے رہتے ہیں...اور مشکل وقت آسانی کے ساتھ کٹ جاتا ہے!
 
زبر دست۔۔۔
بڑی پر فکر اور پر اثر تحریر ہے ۔۔۔۔
بہت سی داد ۔۔۔
میں بھی اک بات عرض کرنا چاہوں گا۔۔۔

بعض اوقات انسان چلتا پھرتا ، ہنستا کھیلتا۔۔اچانک کسی کے دل میں مر جاتا ہے ۔۔موت کا یہ روپ ۔۔ظاہر ی موت سے زیادہ دردناک اور بھیانک ہوتا ہے ۔
 
Top