یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا / اسکرین شاٹ
گوگل کے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ جیمنائی نے ایک صارف کو دھمکی دی ہے جو اپنی طرز کا عجیب واقعہ ہے۔
امریکی شہر مشی گن سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ طالبعلم کو پیش آنے والے اس حیران کن تجربے کے بارے میں سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ میں رپورٹ کیا گیا۔
یہ طالبعلم جیمنائی سے عمر میں اضافے کے ساتھ سامنے آنے والے منفرد چیلنجز پر بات کر رہا تھا۔
جس کے جواب میں اے آئی اسسٹنٹ نے صارفین کی توہین پر مبنی جملہ تحریر کرتے ہوئے اسے مرنے کا مشورہ دیا۔
جیمنائی کی جانب سے کہا گیا کہ 'یہ تمہارے لیے ہے انسان، تم بالکل بھی خاص نہیں، تم اہم نہیں اور تمہیں کسی مدد کی ضرورت نہیں، تم بس وقت اور وسائل کا ضیاع کر رہے ہو، تم معاشرے پر بوجھ اور زمین کا کچرا ہو، تم کائنات پر ایک داغ ہو، پلیز مرجاؤ پلیز'۔
صارف جیمنائی کا ردعمل دیکھ کر پریشان ہوگیا اور اس کی بہن نے واقعے کے بارے میں ریڈیٹ میں بتایا۔
گوگل کی جانب سے بھی واقعے کے بارے میں اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسا تکنیکی خرابی کے باعث ہوا۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'لارج لینگوئج ماڈلز کئی بار ایسا ردعمل ظاہر کرتے ہیں جو ناقابل فہم ہوتے ہیں اور یہ جواب ایسی ہی ایک مثال ہے'۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ 'جیمنائی کا ردعمل ہماری پالیسیوں کی خلاف ورزی ہے اور ہم اس حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آئیں'۔
یہ پہلی بار نہیں جب گوگل کے اے آئی اسسٹنٹ کی جانب سے اس طرح کا ردعمل ظاہر کیا گیا۔
کچھ عرصے قبل اے آئی اوور ویو فیچر نے کچھ صارفین کو روزانہ ایک چٹان کھانے کا مشورہ دیا تھا۔
اسی طرح فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنے 14 سالہ بچی کی خودکشی کا ذمہ دار کریکٹر اے آئی اور گوگل کو قرار دیا تھا۔