راقم ان چند لوگوں میں شامل ہے جنہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب سے پہلے وہ منظر دیکھا۔
مؤرخہ 31 مارچ 2007ء (11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب) تحریک منہاج القرآن کی 23 ویں عالمی میلاد کانفرنس کو لائیو ویب کاسٹ کرنے کے لئے ہم سرشام اپنا ساز و سامان لے کر مینار پاکستان کی طرف عازم سفر ہوئے اور صبح نماز فجر ہم نے وہیں سبزہ زار میں ادا کی۔ ARY ڈیجیٹل ٹی وی کی ٹیم اس رات کانفرنس کو ٹی وی پر براہ راست نشر کر رہی تھی اور ہم اسے اے آر وائی ڈیجٹل چینل کی سہولت نہ رکھنے والے لوگوں کے لئے
دین اسلام ڈاٹ کوم پر مہیا کر رہے تھے۔
یہ صبح 3:42 بجے کا وقت تھا، جب میں اپنی ٹیم کے ساتھ مینار پاکستان کے سائے تلے مرکزی سٹیج کے پہلو میں موجود تھا۔
شب ڈھلنے کے ساتھ ساتھ فضا میں خنکی خاصی بڑھ گئی تھی۔ ہوا بہت زور سے چل رہی تھی اور بار بار اپنا رخ تبدیل بھی کر رہی تھی۔ فضا میں معلق غبارے کبھی میری دائیں اور کبھی بائیں طرف چلے جاتے تھے۔ اوپر بادلوں کے ٹکڑے چاند کے آس پاس اٹھکیلیاں کرتے پھر رہے تھے۔
میں لیپ ٹاپ پر اپنے ویب سرور کے ساتھ ضروری چھیڑ چھاڑ میں مصروف تھا کہ میرے ایک ساتھی نے مجھے آسمان کی طرف متوجہ کیا، جہاں چاند کے آس پاس بادل مسلسل حرکت میں تھے۔ اس دیدنی منظر کو دیکھتے ہی میرے منہ سے سبحان اللہ کے الفاظ نکلے۔ چاند کے پاس بادلوں میں لفظ محمد صاف دکھائی دے رہا تھا۔ میرے دوست نے فوری کیمرہ نکالا اور اس منظر کو ہمیشہ کے لئے محفوظ کر لیا۔ مگر اتنی دیر میں لفظ محمد کا آخری حصہ تھوڑا مڑ چکا تھا۔
اس کے بعد ہم اپنے کام میں مشغول ہو گئے۔ دو تین منٹ کے بعد اچانک خیال آیا کہ اس بارے میں ڈاکٹر طاہرالقادری صاحب تک اطلاع پہنچائی جائے۔ ہم سٹیج سےکوئی 70 میٹر کے فاصلے پر تھے۔ اور راستے میں سیکیورٹی کے لوگ بھی کھڑے تھے جس کی وجہ سے ان تک پہنچتے پہنچتے بہت دیر ہو جاتی۔
چنانچہ سٹیج پر موجود تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی صاحب کو فون کیا جس پر سٹیج پر بیٹھے علماء و مشائخ آسمان کی طرف دیکھنے لگے۔ دریں اثناء یہ خبر ڈاکٹر صاحب تک پہنچی، جو خطاب میں مشغول تھے۔
انہوں نے تعجب سے آسمان کی طرف دیکھا اور یہ جملہ بولا:
بتا رہے ہیں کہ بادلوں میں اللہ پاک نے اسم محمد کو لکھ دیا ہے ادھر، چاند کے اردگرد۔
۔ ۔ ۔ اور اس کے بعد مزید ایک لمحہ توقف کے بغیر خطاب کا مضمون جاری رکھا۔
ان کے اس جملہ کہنے پر تمام کیمرے آسمان کی طرف اٹھ گئے مگر ہوا کی تیز حرکت سے اس وقت تک دیر ہو چکی تھی اور اسم مبارک کسی قدر دھندلا چکا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ویڈیو میں وہ منظر ہماری تصویر کی نسبت مدھم ہے، تاہم جو منظر ہم محفوظ کر چکے تھے وہ ہمارا نصیب تھا۔ بعد ازاں جب تمام تصاویر اکٹھی کی گئیں تو سب سے صاف تصویر وہی تھی، جسے میرے ساتھی نے بنایا تھا۔ الحمدللہ
چاند کے پاس بادلوں میں اسم محمد (ص) کے حوالے سے ویڈیو کلپ ملاحظہ ہو:
http://video.google.com/videoplay?docid=-8777821828235183542
اے آر وائی ڈیجیٹل ٹی وی چینل حسبِ سابق اس رات بھی ساری رات پروگرام کو لائیو ٹیلی کاسٹ کر رہا تھا اور یہ منظر دنیابھر میں بکھرے لاکھوں ناظرین نے براہ راست دیکھا، جن سے اس کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ بعد ازاں QTV اس خطاب کی ریکارڈنگ بھی نشر کر چکا ہے، جس میں وہ منظر جوں کا توں موجود تھا۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہیں بھی اسے اپنی کرامت قرار نہیں دیا بلکہ انہوں نے اسے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا معجزہ قرار دیا۔ اور یہی مؤقف تحریک منہاج القرآن کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
اس موقع پر مسلک دیوبند کی عظیم درسگاہ جامعہ اشرفیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن اشرفی صاحب بھی موجود تھے۔ ملاحظہ ہو: