معما

زیف سید

محفلین
کبھی میں نظم لکھنے بیٹھتا ہوں جب
رجسٹر کھول کر، پنسل ترش کر
میز پر کہنی جما کر
اور ابھی تاریخ ہی کاغذ پر لکھ پاتا ہوں
یک دم وہ مری کرسی کے پیچھے آ دھمکتی ہے
حنا آلود ہاتھوں سے مری آنکھوں کو ڈھکتی ہے
تو اس کی گرم سانسوں سے
مری گردن پگھلتی ہے۔۔۔
وہ مجھ سے چھین کر پنسل
سبھی سطریں مکمل کرتی جاتی ہے

میں پنسل کی صراصر
اور اس کی چوڑیوں کی کھنکھناہٹ
پی کے مدہوشی میں کھو جاتا ہوں
پھر جب آنکھ کھلتی ہے
مرا دل ایک لمحے کو دھڑکنا بھول جاتا ہے
میں حیرانی سے کاغذ کی طرف جب دیکھتا ہوں
ایک کومل نظم کاغذ سے جھلکتی ہے
میں بیٹھا سوچتا رہتا ہوں
کیا میں نظم لکھتا ہوں
کہ مجھ کو نظم لکھتی ہے؟
 

الف عین

لائبریرین
اچھی نظم ہے زیف، بس مجھے دو اعتراضات ہیں (میں اعتراضات کے لئے ہی مشہور ہو گیا ہوں!!)
رجسٹر کھول کر، پنسل ترش کر
درست پنسل ’تراش‘ ہوتا ہے۔

میں پنسل کی صراصر
یہ صراصر کون سا لفظ ہے، اگر ’سر سر‘ کی آواز ہے تو کچھ اور ہونا چاہئے۔ ’سراسر‘ کے معنی بھی مختلف ہو جاتے ہیں۔
 

زیف سید

محفلین
اچھی نظم ہے زیف، بس مجھے دو اعتراضات ہیں (میں اعتراضات کے لئے ہی مشہور ہو گیا ہوں!!)

حضورِ والا، یہاں نظم پیش کرنے کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ لوگ پڑھیں اور اس کی خامیوں کی طرف توجہ دلائیں۔ورنہ خالی خولی واہ وا کرنے سے تو کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ ہماری طرح مبتدی تو کیا کہ کہنہ مشق لکھاری بھی تعمیری تنقید کے لیے بے تاب رہتے ہیں۔

رجسٹر کھول کر، پنسل ترش کر
درست پنسل ’تراش‘ ہوتا ہے۔
میں نے یہ سطر لکھنے سے پہلے تسلی کر لی تھی۔ ترش اور تراش ہم معنی ہیں۔کرلپ کی لغت میں یہ شعر درج ہے:

پیمانے چل رہے تھے نرگس کی انکھڑی سے
نیلم ترش رہے تھے چمپا کی پنکھڑی سے

میں پنسل کی صراصر
یہ صراصر کون سا لفظ ہے، اگر ’سر سر‘ کی آواز ہے تو کچھ اور ہونا چاہئے۔ ’سراسر‘ کے معنی بھی مختلف ہو جاتے ہیں۔

اسی لیے سراسر نہیں لکھا :) یہ دراصل صوتی لفظ ہے، جسے انگریزی میں شاید onomatopoeia کہتے ہیں۔یعنی پنسل کے کاغذ پر چلنے کی آواز کا لفظی روپ۔

آپ نے نظم پسند کی۔ اس کے لیے بہت بہت شکریہ۔

زیف
 

الف عین

لائبریرین
بات تو مانی جا سکتی ہے، لیکن ہر شخص کے پاس کرلپ کی لغت ہو، یہ ضروری تو نہیں۔ اس لئے میں پسند کرتا ہوں کہ محض عام مستعمل الفاظ ہی استعمال کئے جائیں۔
 

فاتح

لائبریرین
onomatopoeia کے تعلق سے کہنا چاہوں گا کہ میری نااقص رائے میں ایسا نہیں کہ جس کا جو جی چاہے وہ بنا لے بجائے اس کے یہ الفاظ بھی باقاعدہ ڈکشنری میں موجود ہوتے ہیں۔
آپ زیادہ بہتر جانتے ہیں۔
 
Top