مغربی افکار و نظریات، پاکستانی معاشرے پر اثرات اور ان کا سدباب

اپنی طرز کا ایک منفرد سرٹیفیکیٹ کورس
(مغربی افکار و نظریات، پاکستانی معاشرے پر اثرات اور ان کا سدباب)

قریب ایک سال ہونے کو ہے کہ میں جامعہ ہمدرد کراچی سے بطور اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامیات منسلک ہوا ، جامعہ ہمدرد سے منسلک ہونے کی کچھ بنیادی وجوہات کے ساتھ ایک بڑی وجہ حکیم محمد سعید شہید سے محبت اور تعلق بھی تھا یہ بات سچ ہے کہ میں نے لکھنا ہمدرد نونہال سے سیکھا بچپن میں ہی جو پہلی علمی گھٹی ملی وہ ہمدرد نونہال تھا اور وہ دن ہے اور آج کا دن جب بھی کبھی ہمدرد نونہال میسر آتا ہے تو پڑھے بغیر رہا نہیں جاتا ، الحمد للہ اسکول کے دور میں حکیم صاحب ؒ کو دیکھا اور ان سے تمغہ بھی وصول کیا ، جامعہ ہمدرد سے منسلک ہونے کی دوسری بڑی وجہ یہ تھی کہ دیگر نجی یونیورسٹیوں کے مقابلے میں یہاں کا ماحول انتہائی معتدل ہے اور طالب علموں کی اکثریت متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے اسلیے اس دور جدت کے بہت سے وہ مسائل کہ جن کا دوسری یونیورسٹیاں شکار ہیں جامعہ ہمدرد بڑی حد تک ان سے محفوظ ہے۔

جامعہ ہمدرد سے منسلک ہونے کے بعد اکیڈمک مصروفیات کے ساتھ ساتھ دیگر کام کرنے کا موقع بھی ملا مسئلہ فلسطین و اقصٰی کی اہمیت پر ایک کانفرنس کا انعقاد کروایا ہمارے شعبہ اسلامیات کے بی ایس ، ایم فل اور پی ایچ ڈی طالب علموں نے اس میں بھرپور شرکت کی یہاں کی ایک اچھی بات یہ ہے کہ ہمارے ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ لاریک صاحب اور ہمارے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عاطف آفتاب صاحب انتہائی معاون اور علمی شخصیات ہیں اور کسی بھی علمی و فکری عنوان کے تحت ہونے والے کام کی ہمیشہ پذیرائی کرتے ہیں۔

جامعہ ہمدرد کے شعبہ اسلامیات اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے تحت ہونے والا یہ سرٹیفیکیٹ کورس اپنی طرز کا سب سے پہلا کورس ہوگا کہ جو پاکستان کی کسی بھی جامعہ میں منعقد ہونے جا رہا ہے ایک ایسے دور میں کہ جہاں ہمارے تعلیمی اداروں سے لبرل سیکولرزم کی آواز بلند ہو رہی ہے ایک معتبر تعلیمی ادارے کا اس کے مقابلے پر ایک مشرقی اور دینی فکر پر مبنی تصور پیش کرنا اپنی نوعیت کی ایک منفرد بات ہے۔

اس وقت پاکستانی معاشرہ مذہبیت اور مغربیت کے دوراہے پر کھڑا ہے ایک ایسے دور میں کسی ایک پلڑے میں اپنا وزن ڈالنا انتہائی ضروری اور اہمیت کا حامل ہے ہمارے اس کورس کی خوبی یہ ہے کہ ہم نے شعبہ اسلامیات سے منسلک عصری اور روایتی دینی اداروں ہر دو کے طلباء اور اساتذہ کو مدعو کیا ہے تاکہ ان کو وہ فکری بنیادیں فراہم کی جا سکیں کہ جب موجودہ معاشرے کے نوجوان ان کے سامنے مذہب کے حوالے سے سوالات کریں تو وہ ان سوالات کا جواب دینے کے قابل ہوں۔

کورس کے عنوانات درج ذیل ہیں :-

1۔ مغربی افکار و نظریات کا تاریخی پس منظر۔
2۔ بر صغیر میں مغربی افکار و نظریات کی آمد۔
3۔ استعمار ، استشراق ، تجدد پسندی اور ترقی پسند تحریک۔
4۔ الحاد جدید اور اس کے بنیادی عنوانات۔
5۔ مادیت پرستی ،ہیومنزم ،عقل پرستی ، سائنس پرستی اور مذہب کے مابعد الطبیعیاتی امور کے حوالے سے سوالات و اشکالات۔
6۔ سیکولرزم ، لبرلزم ، قوم پرستی ، اشتراکیت و سرمایہ داریت۔
7۔ خاندانی نظام ، فینینزم ، جینڈر رولز ، اسلامی قوانین کی جدت سازی۔
8۔ دور جدید میں میڈیا کا کردار ، اس کے نقصانات ، آزادی اظہار اور بے حیائی کے نقصانات۔

کوشش یہ رہے گی کہ کورس کے دوران اہل علم شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے کہ جو خاص اس شعبے پر مہارت رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سرٹیفیکیٹ کورس کی کوئی باقاعدہ فیس نہیں ہے ہمارے مدعو علماء اور عصری تعلیمی اداروں سے منسلک شعبہ اسلامیات کے اساتذہ اور طلباء ہیں۔

الحمد للہ ، اللہ ربّ العزت نے پچھلے دس ایک سال میں خاص ان عنوانات پر تواتر سے لکھنے کی توفیق بھی عطا فرمائی اور اس حوالے سے مختلف دینی درسگاہوں اور عصری تعلیمی اداروں میں جاکر محاضرات دینے کی توفیق بھی عطاء فرمائی۔

امید ہے کہ اس ادنیٰ سی کاوش کے بدلے میں اللہ ربّ العزت اپنے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے خدام میں شامل فرمائیں گے اور مزید دین کی خدمت کرنے کی قوت و توفیق عطا فرمائیں گے۔
(آمین ثم آمین)


جامعہ ہمدرد سٹی کیمپس کراچی
(شعبہ اسلامیات) فیکلٹی آف سوشل سائنسز
سرٹیفیکیٹ کورس : مغربی افکار و نظریات ، پاکستانی معاشرے پر اثرات اور ان کا سد باب۔
مدرس ؛ ڈاکٹر حسیب احمد خان اسسٹنٹ پروفیسر جامعہ ہمدرد کراچی۔
ہر اتوار صبح گیارہ سے دوپہر ایک جولائی اگست کی چھٹیوں میں نوجوان علماء ، مدرسین اور عصری تعلیمی اداروں کے شعبہ اسلامیات کے طالب علموں اور اساتذہ کیلئے شاندار پیشکش۔

نوٹ ؛ جامعہ ہمدرد کی جانب سے جاری کیے جانے والے اس سرٹیفیکیٹ کورس کی کوئی فیس نہیں ، لوکیشن مین جیل چورنگی نزد چیز اپ ، شاندار ماحول میں سیکھنے کا بہترین موقع۔

داعی : صدر شعبہ اسلامیات ڈاکٹر عاطف آفتاب پروفیسر شعبہ اسلامیات جامعہ ہمدرد کراچی۔

رجسٹریشن لنک :-
سرÙÙ¹ÛÙÛÚ©ÛÙ¹ Ú©Ùرس : ÙØºØ±Ø¨Û Ø§Ùکار Ù ÙظرÛØ§ØªØ Ù¾Ø§Ú©Ø³ØªØ§ÙÛ ÙØ¹Ø§Ø´Ø±Û Ù¾Ø± اثرات اÙر ا٠کا سدباب
 
Top