محسن وقار علی
محفلین
امریکی جریدے ٹائمز میگزین میں ملالہ یوسف زئی دنیا کی با اثر شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے والی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں۔ فوٹو: ٹائم
ملالہ یوسف زئی کا نام دنیا کی 100 با اثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی جریدے ٹائمز میگزین میں ملالہ یوسف زئی دنیا کی با اثر شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے والی پہلی پاکستانی شخصیت ہیں، ملالہ کا نام بااثرشخصیات کی فہرست میں امریکی صدر کی اہلیہ مشعل اوباما، مشہور گلوکارہ بیونسی اور گلوکارجسٹن ٹمبرلیک کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
ٹائمز میگزین کی فہرست میں رہنماؤں کی کیٹیگری میں امریکی صدر باراک اوباما، امریکی سینیٹر رینڈ پال، ڈائریکٹر سینٹرل اینٹیلی جنس ایجنسی جان برینن، شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان اور پوپ فرانسس کے نام بھی شامل ہیں۔
ملالہ کو تعلیم حاصل کرنے کی پاداش میں گزشتہ سال طالبان کی جانب سے گولیاں مار کر ہلاک کرنے کی کوشش کی گئی، طالبان اپنے اس بزدلانہ فعل میں کامیاب تو نہ ہوسکے تاہم حملے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں، برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد اب انہوں نے ایک اسکول میں داخلہ لے کر اپنی تعلیم کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔
ملالہ ان دنوں دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لئے ایک کتاب بھی لکھ رہی ہیں جس میں وہ طالبان کی دھمکیوں کی پرواہ کئے بغیر تعلیم کے حصول کے لئے کی گئی اپنی جدو جہد کا ذکر کریں گی۔
بہ شکریہ روزنامہ ایکسپریس