منقبت امیر المومنین حضرت مولا علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم

خدا کے شیر محمد کے افتخار علی
ہیں کائنات ولایت کے تاج دار علی

جناب زہرا کے خاوند نام دار علی
حسن حسین کے باباے ذی وقار علی

تمہارا مرتبہ یہ ہے بہ اختصار، علی
خدا کے تم ہو، تمہارا ہے کردگار، علی

محبت شہ کونین کا مدار علی
ہماری روح کی ایمان کی پکار علی

کلیجے دیکھ کے لرزاں ہیں سورماؤں کے
تمہارے دست شجاعت میں ذوالفقار، علی

فقط یہی نہیں پیدا ہوئے ہیں کعبے میں
فضائل اور بھی رکھتے ہیں بے شمار علی

بڑا شرف ہے کہ ہیں آپ سید السادات
کیا ہے آپ کو مولا نے بختیار علی

تمہارا عشق رگ جاں میں بن کے خوں دوڑے
مجھے ہو آپ کی نسبت یہ پاے دار علی

نہ غم کرو سر محشر تم اے علی والو!
کریں گے بیڑا تمہارا بھی آ کے پار علی

مچل رہا ہے مرا دل زیارت در کو
دکھائیے کبھی اپنا مجھے دیار علی

مہک رہے ہیں ابھی تک مرے حروف سخن
زباں سے نکلا تھا ارفق بس ایک بار علی

احمد رضا فہر قادری المعروف بہ (اَرفَق)
پورن پور ضلع پیلی بھیت، یوپی، انڈیا

 
Top