میرے دادا اور دادی

حسان خان

لائبریرین
میرے دادا کا پورا نام حاجی نظام الدین خان غوری قادری ہے۔ اتنے بڑے نام کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ نظام الدین تو اُن کا ذاتی نام ہے، خان نسلی-خاندانی نام ہے، غوری اُن کے افغان والد کی عطا کردہ قبائلی شناخت ہے، اور قادری سلسلے سے بیعت ہونے کی وجہ سے قادری کا لاحقہ اپنے نام کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ پہلے اپنی حرفت کی وجہ سے ماسٹر صاحب پکارے جاتے تھے، لیکن جب حج سے شرف یاب ہوئے تو اہلِ محلہ نے احتراماً حاجی صاحب پکارنا شروع کر دیا جو بالآخر نام کا جز بن گیا۔
میرے دادا ۱۹۲۴ء میں ریاست گوالیار کے چھوٹے سے گاؤں نلکھیڑہ میں پیدا ہوئے، لیکن اُنہوں نے تشکیلِ پاکستان سے قبل کا بڑا حصہ بڑودا میں گزارا ہے۔ عرصہ دراز سے خاندانی پیشہ خیاطی تھا، لہذا دادا نے بھی اسی پیشے میں قسمت آزمائی شروع کی۔ تشکیلِ پاکستان سے قبل اُن کی اپنے ماموں کی بیٹی سے شادی ہوئی تھی، لیکن وہ والی دادی کوئی اولاد ہونے سے قبل ہی چل بسیں۔ انیس سو اڑتالیس میں میرے دادا کا خاندان کراچی منتقل ہو گیا (جس کے لیے میں اُن کا شکرگزار ہوں)، اور محمودآباد میں سکونت اختیار کی جو چند سال قبل تک جاری رہی۔ ۱۹۹۷ تک میرے دادا اپنی خیاطی کی دکان میں کام کیا کرتے تھے، اور اپنے تمام بیٹوں کو بھی انہوں نے یہ فن سکھایا ہے۔ جب تمام بیٹوں نے تعلیم حاصل کر کے خیاطی کا کام چھوڑ دیا، تو آخرکار میرے دادا نے بھی اس پرانے خاندانی کام سے 'ریٹائرمنٹ' لے لی۔ اس کے علاہ ساٹھ کی دہائی میں کچھ عرصے ٹیکسی بھی چلائی ہے۔ میرے داد محمودآباد میں واقع تاج مسجد کے تاحیات صدر اور منتظم ہیں، حالانکہ اب اُنہیں محمودآباد سے منتقل ہوئے کچھ چھ سات سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔ زبانیں سیکھنے کا شوق مجھے دادا سے ہی لاحق ہوا ہے۔ نیز، میرا نام 'حسان' بھی دادا کی ایماء پر رکھا گیا تھا۔ بڑے محنتی اور نفیس انسان ہیں، اور اس عمر میں بھی ویسے ہی زندہ دل اور مشفق۔

253695_10150189572946541_1933331_n.jpg

253971_10150189572631541_4330471_n.jpg

RAAAAL6N_EG4TSviVRH2jlCw82tCjdUUZ6MEVPS1psRfGvbbcLiP3PiQzG0PpGLHn8d-nj-2inabFxoNHidQj-fspRp0VS5y4CwSzbL6eXY1k5XuAJtU9VCCF8vIzWI1zN3u_u8rupheD9TboQ.jpg


یہ تھی وہ مسجد جس کے منتظم اور صدر میرے دادا ہیں، اور یہ جو کھڑکی نظر آ رہی ہے یہ میرے دادا کا دفتر اور ذاتی کتابخانہ ہوا کرتا تھا۔ حالیہ دنوں میں مسجد کی از سرِ نو تعمیر جاری ہے۔
303519_10150271797181541_4323365_n.jpg




میری دادی کا پورا نام رضیہ سلطانہ خاتون ہے۔ آپ دہلی میں پیدا ہوئی تھیں، اور وہیں سے تشکیلِ پاکستان کے بعد کراچی منتقل ہوئیں۔ اپنے زمانے کے لحاظ سے پڑھی لکھی خاتون ہیں۔ اردو زبان کا بہت اچھا علم رکھتی ہیں، اور بڑے اچھے لب و لہجے میں بات کرتی ہیں۔ زنانِ محلہ میں بطور نعت خواں مشہور تھیں۔ اور مجھ سمیت محلے کے کئی بچوں نے اُن سے ناظرہ قرآن بھی پڑھا ہے۔ محلے میں 'خالہ جان' کے نام سے مشہور تھیں۔ چونکہ میں اُن کا سب سے بڑا پوتا ہوں، اس لیے اُن کا چہیتا رہا ہوں۔ اور میری تربیت میں اُن کا بہت ہاتھ ہے۔ کئی اچھی چیزیں میں نے سب سے پہلے اپنی دادی سے ہی سیکھی ہیں۔ مطالعے کا شوق بھی میری دادی نے ہی پروان چڑھایا ہے، کیونکہ وہ ہر مہینے باقاعدگی سے نونہال خرید کر پڑھوایا کرتی تھیں۔
250804_10150189573121541_6539435_n.jpg



میں اپنی دادی اور دادا کے ہمراہ:
252169_10150189571371541_2924421_n.jpg
 

حسان خان

لائبریرین
ماشاءاللہ حسان خان
اللہ پاک ان بزرگوں کا سایہ تادیر قائم رکھے اور یونہی انکی شفقتوں سے فیضیاب ہوتے رہو آمین

ان دعاؤں کے لیے بے حد شکریہ :)

آپ کے دادا دادی سے مل کر بہت اچھا لگا:love:

شکریہ بھائی جان۔ :)
 

تلمیذ

لائبریرین
چندسال پہلے (گزشتہ نسل) تک معاشرے میں بچوں کی عصری تعلیم کے علاوہ اخلاقی اقدار کی تربیت پرخاص توجہ دی جاتی تھی۔ مگر پچھلی صدی کی آخری سہ ماہی کے بعد سے تو کچھ ایسی آندھی چلی ہے کہ جدیدت کے محاسن کی نسبت قباحتیں زیادہ مروج ہو گئی ہیں جس کا نئی نسل کی عادات و کردار پر بہت منفی اثر پڑا ہے۔ نتیجہ معاشرے میں بدا منی، بے چینی، بے یقینی کے ایسے ہی مظاہر کی صورت میں آپ کے سامنے ہے۔
اپنے بزرگوں کا مختصر تعارف کروانے کے لئے شکریہ۔اولاد کو تربیت دینے سے متعلق ان کی صلاحیت کا مزید اندازہ ہم ان کے سپوت حسان حان کے اوصاف سےبخوبی لگا سکتے ہیں۔
آپ کی دادی محترمہ کی صحت و تندرستی کے لئے دعائیں۔
 

رانا

محفلین
ماشاء اللہ حسان بھائی- بہت ہی علم دوست ہستیاں ہیں۔ بہت ہی عمدہ تعارف کرایا ہے آپ نے اپنے دادا جان اور دادی جان کا۔ اللہ تعالی انہیں صحت و سلامتی سے رکھے۔ آمین۔
 

زبیر مرزا

محفلین
ماشاءاللہ
آپ کی اپنے دادا سے محبت کو تو میں نے آپ سے ملاقات میں بخوبی محسوس کیا جب آپ نے
ان کاذکربڑے پیاراورعقیدت سے کیا- اللہ تعالٰی ہمیں بزرگوں کی صبحت اوران سے فیض حاصل کرنے کی توفیق اورسعادت
عطا فرمائے
حسان آپ کی کافی شباہت ہے اپنے دادا سے
 

فارقلیط رحمانی

لائبریرین
اللہ رب العزت! ان بزرگوں کا سایہ تا دیر قائم رکھے اور ان کے فیضان کا دریا یوں ہی موجزن رہے۔ آمین بجاہ النبی الکریم
داداجان اور دادی جان کا تعارف کافی جاندار ہے۔ اللہ تعالی آپ کو بھی شادو آباد رکھے۔
 

غدیر زھرا

لائبریرین
ماشاءاللہ حسان بھیا آپ کے دادا ابو اور دادی اماں بہت باوقار ہیں :) اللہ ان بزرگوں کا سایہ ہمیشہ آپ کے سر پہ سلامت رکھے ۔ الٰہی آمین ۔
 

نیلم

محفلین
ماشاءاللہ اللہ آپ کے دادا دادی کو لمبی عمر عطا کرئے اور تمام بچوں کو اللہ تعالی اپنے بزرگوں کا فرمابدار بنائے آمین
 
ماشاءاللہ،
بہت خوش نصیب ہیں آپ حسان کہ اللہ نے آپ کو بزرگوں کی قربت اور شفقت سے نوازا۔
یہ خیاطی کیا ہوتا ہے ذرا وضاحت کر دیں مجھ کم عقل کے لیے۔
 

سید زبیر

محفلین
حسان خان !
بہت خوشی ہوئی ، آپ کی انتہائی خوش بختی ہے ۔
اللہ پاک ان بزرگوں کا سایہ تادیر قائم رکھے اور یونہی انکی شفقتوں سے فیضیاب ہوتے رہیں آمین​
 
Top