نوید ناظم
محفلین
ہر نام کی ایک تاثیر ہوتی ہے ۔ اچھا نام اچھی کیفیت مرتب کرتا ہے تو برا نام کیفیت شکن ہوتا ہے۔ کائنات میں شاید ہی کوئی شے ایسی ہو کہ جس کا کوئی نام نہ ہو، ورنہ خالق سے لے کر مخلوق تک سبھی نام رکھتے ہیں۔ نام صفت کے حوالے سے بھی شہرت پا سکتا ہے اور ذات کے حوالے سے بھی۔ مگر کچھ نام ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جن کو سننے کے لیے احساس کی سماعت درکار ہے۔ مثلاً ضرورت ایک ایسا نام ہے جو ضرورت مند کو بتانا نہیں پڑتا، صاحبِ دل اور صاحبِ سخاوت یہ نام آنکھوں میں دیکھ کر پڑھ لیتے ہیں۔ انسان کو اپنے نام کی لاج خود رکھنا بھی ضروری ہے، اگر کسی کا نام عبدالرحیم ہے اور وہ رحم نہیں کرتا تو یہ اپنے ہی نام کے ساتھ نا انصافی ہے۔ نام بعض اوقات زندگی میں ایسا کردار بھی ادا کرتا ہے کہ انسان کا کردار بدل جائے، قسمت اور سے اور ہو جائے۔۔۔۔ ایک بزرگ ہوئے ہیں کہ جن کا نام واصف علی ہے اور پھر تاریخ نے ثابت کیا کہ وہ واصفِ علی ہو گئے۔۔۔۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایسا صرف نام کی وجہ سے ہوا، مقصد صرف یہ ہے کہ نام کی تاثیر زندگی میں پیدا بھی ہو سکتی ہے اور نظر بھی آ سکتی ہے۔ بتانے والے بتاتے ہیں کہ اگر کسی کو مسلسل غنڈہ کہہ کر پکارا جائے تو ایک دن ایسا ضرور آئے گا کہ وہ شخص غنڈہ گردی شروع کر دے گا۔ اگر کسی کو محبت علی کہہ کر پکارتے جائیں تو اس میں علی کی محبت پیدا ہو جائے گی۔ بعض اوقات انسان جن ناموں کو پکارتا ہے وہ اپنی ہی مجبوری کے نام ہو سکتے ہیں، کہتے ہیں کہ کسی نے ایک بھوکے کو دیکھا جو چاند کی طرف دیکھ رہا تھا، اس نے پوچھا یہ کیا دیکھ رہے ہو تو جواب دیا کہ روٹی کو دیکھ رہا ہوں۔ اس طرح کچھ لوگ اپنا کام نکالنے کے لیے اللہ کے صفاتی ناموں کا وظیفہ ذکر کی صورت میں کرتے ہیں ۔۔۔ ادھر کام ہوا تو اُدھر ذکر کا بھی اختتام ہوا۔۔۔ اللہ کا نام صرف اللہ کی خاطر لینے والے کم ہی ہوتے ہیں۔۔۔۔ اللہ چونکہ اللہ کا ذاتی نام ہے اس لیے اس نام کی تاثیر کو بیان کیا جا سکتا ہے نہ اس پر کوئی بیان دیا جا سکتا ہے۔ جہاں تک ناموں کا تعلق ہے تو کائنات میں سب سے خوبصورت نام' محبوب کا نام ہوتا ہے۔ اس لیے کائنات کا سب سے خوب صورت نام محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ نام اللہ کے محبوب کا نام ہے اس لیے یہ اللہ، اللہ کے بندوں اور تمام مخلوٖق کو محبوب ہے، کائنات میں واحد یہی نام ہے کہ جس پر پتھر اور درخت بھی درود بھیجتے ہیں، عاصی اس نام کے طفیل خلاصی پاتے ہیں، اسی نام سے ہر نام کو رفعتیں ملتی ہیں۔۔۔ یہ نام اتنا بلند ہے کہ جو اس کے سائے میں آجائے، اس کا نام بھی بلند کر دیا جاتا ہے۔۔۔ہمیشہ ہمیشہ کے لیے!