نستعلیق کے لیے کیا کوئی فونٹ سازی کا ٹیوٹوریل وولٹ کے لیے دستیاب ہے؟

شمزا

محفلین
اگرچہ نستعلیق کے بہت سے خوبصورت فونٹس منظر عام پر آ چکے ہیں جیسے کہ نفیس نستعلیق، علوی نستعلیق، جمیل نستعلیق ، باقی ابھی آنے والے ہیں جیسے قادری صاحب کا تاج نستعلیق جس کا سب بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
میں یہ جاننا چاہ رہا تھا کہ کیا کوئی ٹیوٹوریل بھی موجود ہے جس میں فونٹ لیب اور وولٹ کی مدد سے نستعلیق فونٹ بنانے کے بارے میں کچھ رہنمائی مل سکے؟
اگر کسی دوست کی نظر سے گزرا ہو تو براہ کرم لنک مہیا فرما دیں
دوسرا سوال نستعلیق فونٹس کے بارے میں ہے کہ اگرچہ فونٹس تو ڈاؤنلوڈ کے لیے دستیاب ہو گئے ہیں لیکن سوائے نفیس نستعلیق کے کسی اور فونٹ کا وولٹ کوڈ دستیاب نہیں
کیا اس کی کوئی خاص وجہ ہے یا کوئی کاپی رائٹ کا مسئلہ ہے یا کچھ اور؟
اور اس سوال کے جواب میں کہ مجھے وولٹ کوڈ کیوں درکار ہے یا جب اتنے خوبصورت فونٹس پہلے ہی موجود ہیں تو ایک علیحدہ سے نیا فونٹ بنا کر اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد کھڑی کرنے کی وجہ تو صاحبان کچھ خالصتا نجی استعمال کے لیے مجھے ایک فونٹ بنانے کی ضرورت پڑ گئی ، جو کہ فی الوقت موجود فونٹس بعض تکنیکی وجوہات کی بنا پر کام نہیں کر رہے تھے
ابھی تک جوڑ توڑ کر کے جو کچھ بن سکا ہے اس کا نمونہ لنک کر دیا ہے ۔
مزید رہنمائی یقینا مددگار ہو گی
nastaleeqshimza.jpg
 

نبیل

تکنیکی معاون
نفیس نستعلیق کے علاوہ عماد نستعلیق کے ساتھ بھی وولٹ ورک دستیاب ہے۔ یہ میں نے کسی زمانے میں ڈاؤنلوڈ سیکشن میں اپلوڈ کیا تھا لیکن شاید یہ غلطی سے حذف ہو گیا ہے۔ اگر دوبارہ ملا تو اسے پھر اپلوڈ کر دوں گا۔ یا کسی دوست کے پاس موجود ہو تو وہ پلیز اپلوڈ کر دیں۔ شاکرالقادری صاحب بھی غالباً عماد نستعلیق کے وولٹ ورک کو تاج نستعلیق کی بنیاد بنا رہے ہیں۔
 

شمزا

محفلین
شاکر بھائی لمبی غیر حاضری پر معذرت
مشکل بہت ہیں مرحلے غم روزگار کے
تو جناب تفصیل اس اجمال کی یہ ہے کہ مذکورہ بالا فونٹ کوئی پروفیشنل فونٹ نہیں صرف چند خطاطی کے اصولوں کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا فونٹ ہے جو ہر لحاظ سے نامکمل ہے۔ اس میں کل ترسیموں کی تعداد کوئی 200 ہے جو نستعلیق کی چند ہی الفاظ لکھ سکتا ہے، غالبا جو الفاظ آپ تصویر میں دیکھ رہے ہیں بس یہی لکھے جاسکتے ہیں ۔ ظاہر ہے فونٹ ساز حضرات اس امر سے آگاہ ہیں کہ فونٹ سازی کس قدر وقت طلب کام ہے اور اپنا یہ حال ہے کہ
اور بھی غم ہیں زمانے میں محبت کے سوا
تکنیکی تفصیل فونٹ کی یہ ہے کہ ایڈوبی کا ایک فونٹ ہے ایڈوب عربک ریگولر جو کافی عرصہ قبل منظر عام پر آیا تھا اور اس نے کافی پذیرائی حاصل کی تھی، راقم چونکہ فونٹ سازی سے نابلد تھا تو خیال آیا کہ اگر فونٹ بنانا ہے تو ایڈوب والوں کا فونٹ لے کر اس میں اپنے ترسیمے ڈال لو، فائدہ یہ ہو گا کہ یقینا ایڈوب کا فونٹ اور کہیں چلے نہ چلے ایڈوب کی اپنی اپلیکیشنز میں تو چلے گا نا
اور میرا یہ حسن ظن کافی حد تک درست ثابت ہوا
لگیچرز ایدوبی السٹریٹر میں تیار کیے گئے اور فونٹ لیب 5 میں فونٹ کی تشکیل ہوئی
وولٹ میں وولٹ ورک پر کام ہوا
اور اس کا سارا وولٹ ورک اڈوبی کی آفیشل ریلیز سے اٹھایا گیا

اس فونٹ میں ترسیمے لگیچرز یا گلفس ممتاز خطاط حضرات کی خطاطی کے فن پاروں پر مشتمل ہیں جن میں قابل ذکر زریں رقم صاحب ہیں پھر یوسف سدیدی صاحب، خورشید رقم صاحب اور نادر القلم صاحب
یہ فونٹ جب شروع کیا گیا تھا تو اس وقت مجھے شاکر القادری صاحب کے کام کا علم نہ تھا لیکن اب یہ لگ رہا ہے کہ شاید تاج نستعلیق کے ہوتے ہوئے اس کی ضرورت نہ ہی پڑے ظاہر ہے پہیہ دوبارہ ایجاد کرنے کی ضرورت کیا ہے
لہذا اس پر مزید کام نہیں کیا جارہا اور تاج نستعلیق کی آمد کا نتظار ہے
لیکن میرا خیال تھا کہ اس ساری تگ و دو کے دوران جو تجربات حاصل ہوئے اگر ان کو کسی ٹیوٹوریل کی شکل دے دی جائے تو کیسا رہے گا، شاید دیگر نئے آنے والے دوستوں کو مزید بہتر فونٹس بنانے میں کم وقت لگے
 

نبیل

تکنیکی معاون
شمزا، آپ کے کام کی اپنی افادیت ہے، اسے نا روکیں۔ ابھی تک ہمارے پاس کوئی ایسا کیریکٹر یا لگیچر بیسڈ نستعلیق فونٹ نہیں ہے جو کہ ایڈوبی کی اپلیکیشنز میں درست کام کر سکے۔ آپ کا آئیڈیا بہت اچھا ہے، اس پر کام جاری رہنا چاہیے۔
 

شاکرالقادری

لائبریرین
شمزا۔ ۔ ۔ ۔! خوش رہیے
نبیل نے آپ کو درست اور اچھا مشورہ دیا ہے آپ اس فانٹ پر کام جاری رکھیے
مجھے آپ کے تیار کردہ ترسیمے اچھے لگے
اگر ممکن ہو تو آپ ایڈوبی اریبک فونٹ کے کیریکٹرز کو نستعلیق کے کیریکٹرز سے بدلنے کی کوشش کریں تاکہ ایڈوبی میں کام کرنے کے لیے ایک کیریکٹر بیس نستعلیق فونٹ تیار ہو جائے اور اسی کیریکٹر بیس فونٹ سے پھر ترسیمے لکھوا کر ایڈوبی کورل یا کسی اور گرافک ایڈیٹر میں انہیں بہتر بنا کر فونٹ میں شامل کر دیا جائے
میں خود اسی طریقہ کار پر عمل کر رہا ہوں اور کامیابی قدم بہ قدم حاصل ہو رہی ہے
آپ کا کہنا بجا کہ غم روزگار کچھ کرنے ہی نہیں دیتا لیکن شوق امام ہو جائے تو کٹھن مرحلے طے ہو ہی جاتے ہیں
یہ کام کوئی ایسا شخص نہیں کر سکتا جس کو خطاطی خصوصا نستعلیقی انداز کتابت سے گہرا شغف نہ ہو اور میں آپ کے تیار کردہ ترسیموں کو دیکھ کر یہ اندازہ کر سکتا ہوں کہ آپ میں اس کام کی صلاحیت موجود ہے
اس سلسلہ میں بات ہوتی رہے گی لیکن کیا مزید مشاورت سے پہلے آپ مجھے یہ فونٹ اور اس کا وولٹ ورک ایک نظر دیکھنے کے لیے مہیا کر سکتے ہیں
تاکہ میں اندازہ کر سکوں کہ کیریکٹر بیس فونٹ کی تیاری کے سلسلہ میں اس فونٹ میں کتنی گنجائش موجود ہے
 

شمزا

محفلین
قادری بھائی
مندرجہ ذیل فورم کے لنک پر مزید تفصیل اس فونٹ کی دستیاب ہے
http://blogs.adobe.com/typblography/2007/06/adobe_arabic_sa.html
وولٹ ورک براہ راست حاصل کرنے کے لیے
http://blogs.adobe.com/typblography/font_resources/AdobeArabic-Regular-v.1.150 Build 001.zip
کاپی رائٹس کے بارے میں مجھے علم نہیں کہ آیا یہ وولٹ ورک ہم فری استعمال کر سکتے ہیں یا نہیں لیکن چونکہ ایڈوبی کی اپنی سائٹ سے دستیاب ہے تو مطلب بطاہر تو یہی لگتا ہے کہ کوئی مضائقہ نہیں
 

arifkarim

معطل
وولٹ ورک توکئی نستعلیق فانٹس کے دستیاب ہیں۔ لیکن اوپن ٹائپ کم از کم حرفی بنیادوں پر نستعلیقی مشکلات کو حل کرنے سے قاصر ہے۔
 
Top