نظام ریسٹورانٹ کا مینو ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کاکا اور وریام پڑوسی تھے........... ایک دن بکریوں کو پہلے پانی پلانے پر جھگڑا ہو گیا- وریام نے کاکے کی خوب گھونسہ افزائی کی.... جبکہ کاکے نے منجی کا پاوا وریام کے سر پر دے مارا......... وریام کا سر پھٹ گیا اور لوگ اسے ہسپتال لے گئے- کاکا یہ کھڑاک کر کے بہت پریشان تھا - ایک بہی خواہ نے مشورہ دیا کہ اگر ایف آئی آر پہلے درج کرا دو تو تمہاری پوزیشن مضبوط ہو جائے گی.......کاکے نے فورا اپنی اکلوتی بھینس 30 ہزار کے گھاٹے پر بیچی اور تھانے پہنچ گیا- تھانیدار نے کاکے کی آؤ بھگت کی اور ایف آئی آر کے لئے مختلف النوع" آئینی دفعات "کا مینو اس کے آگے رکھ دیا جس میں دس ہزار سے لیکر دو لاکھ والی "ڈش" موجود تھی- کاکے نے تیس ہزار والی ایف آئی آر کا "آرڈر" کیا جس پر تھانیدار نے لطف کام ودہن کے لیے اسے سرجن سے میڈیکل رپورٹ کی" چٹنی" لانے کا مشورہ دیا-

کاکا سرجن کے پاس گیا تو اس نے 8 ہزار سے لیکر 80 ہزار تک کی "حکیمی چٹنیوں" کا مینو اس کے سامنے رکھا- کاکے نے اپنی جیب ٹٹولتے ہوئے 14 ہزار والی ایک سستی ترین "چٹنی" منتخب کی- جس کے مطابق کاکے کا میٹابولزم اور آرٹریز کے ساتھ ساتھ مثانے پر بھی گہری چوٹیں آئی تھیں -سرجن نے اسے رپورٹ پر لیب رزلٹ کا "سلاد" چھڑکنے کا مشورہ دیا تاکہ لطف چٹنی دوبالا ہو جائے............

کاکا لیباریٹری گیا تو اسے 5ہزار سے 55 ہزار تک کے لیب رزلٹ "سلاد" کا مینو دکھایا گیا.....کاکے نے 7 ہزار والی رپورٹ پسند کی جس کے مطابق اس کے یورین سے خون آرہا تھا.........!!!

کاکا میڈیکل رپورٹ ہمراہ لیب رزلٹ لیے تھانے پہنچا تو تھانیدار نے ایک بار پھر اس کے سامنے چھاپے کا "مینو" رکھا....جس میں ملزم کو فون کر کے شرافت سے تھانے حاضری دینے سے لیکر...... دو پولیس وین ہمراہ 15 پولیس اہلکاروں کے "ڈولی ڈنڈا" کر کے لانے کا مینو شامل تھا........قیمت تھی 2 ہزار سے لیکر 45 ہزار تک - تھانیدار نے تفریح طبع کے لیے کاکے کو ایک امیرانہ ڈش بھی دکھائی...... جس میں 4 پولیس وین ہمراہ میڈیا کا کرائم سیل بمعہ ویڈیو چھاپا مارتے ہیں....اور ملزم سے شراب کی بھٹی برآمد کرتے ہیں....اور ٹی وی پر اسٹوری چلتی ہے......ڈیڑھ لاکھ روپے کی ڈش !!!!......کاکے نے دوبارہ جیب ٹٹولی اور 8 ہزار والا مینو پسند کیا جس میں دو پولیس والے ملزم کو موٹر سائیکل پر سینڈوچ بنا کر لاتے ہیں - اور گرفتاری کے وقت دو چار گھسن بھی مارتے ہیں......قیمت فی گھسن....200 روپے الگ-

چنانچہ سر پھٹول وریام کو ہسپتال سے گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا گیا- تھانیدار نے دونوں پارٹیوں کو ان جنگلی بیلوں کی کہانی سنائی جو آپس میں لڑتےلڑتے ایک دن شیر کی خوراک بن گئے ساتھ ہی نیک صفت تھانیدار نے دونوں پارٹیوں کو صلح صفائی کر کے امن و آشتی سے رہنے کی تلقین کی.........دونوں نے تھانیدار کی بات سے اتفاق کیا اور نیک مشورے کے لیے اس کا شکریہ ادا کیا......چنانچہ کاکے کا تھانے , سرجن اور لیب کا سارا بل وریام نے ادا کیا .....اور دونوں نے تھانیدار کو دس دس ہزار روپے کار سرکار کا قیمتی وقت ضائع کرنے کے ادا کیے اور یوں وکیل اور جج کے مہنگے مینو کے خرچ سے بچ گئے ....اور ہنسی خوشی رہنے لگے......!!

یہ ہے نظام ریسٹورینٹ کا وہ بدبودار مینو کہ جسے.... نہ تو Subway برگر کھانے والے عبدالشکور صاحب بدل سکتے ہیں....اور نہ ہی منصورہ میں سجدہ ریز کپتان...............کیونکہ اس ریسٹورینٹ کی سال خوردہ عمارت ہماری اپنی جاہلیت کے ستونوں پر صدیوں سے کھڑی ہے......نہ ہی ہم اپنا معاشرتی رویہ بدلنے کو تیار ہیں اور نہ ہی ریسٹورینٹ والے اپنا مینو !!!!

۔۔۔۔۔
از ظفر اعوان
دوہا، قطر
 
بہت بہت اعلی
نام اتنے عجیب سے رکھنے کی وجہ سمجھ نہیں آئی ، کیا ترجمہ شدہ ہے ؟ خاص طور پہ وریام
ترجمہ شدہ نہیں ہے۔
وریام پاکستانی و بھارتی پنجاب میں رکھے جانے والے ناموں میں سے ایک ہے۔ مسلمانوں اور سکھوں دونوں میں یہ نام ملتا ہے۔
 
Top