نظم برائے اصلاح

(جاڑا)

دانت بجانے آئی سردی
برف جمانے آئی سردی

جاڑے کے توبہ شام سویرے
ٹھنڈ نے ڈالے آ کے ڈیرے

چرخ پہ چھائی کالی گھٹائیں
کاگا بولے کائیں کائیں

صبح سویرے ہر سُو پالا
رنگ ہوا سردی سے کالا

سر سر سر سر سرد ہوائیں
تھر تھر تھر تھر ہم تھرائیں

ڈھل جاتا ہے سورج جلدی
دن ہیں چھوٹے راتیں لمبی

گاتے نہیں اب گیت پرندے
بھول گئے سنگیت پرندے

چلتا رہے گا بہتا پانی
جم جائے گا ٹھہرا پانی

سوپ پیو اور حلوہ کھاؤ
سردی سے تم خود کو بچاؤ

فرغل پہنو ،اوڑھو لبادہ
جب سردی ہو جائے زیادہ

سردی کا بھی اپنا مزہ ہے
گرچہ لگتی ایک سزا ہے

رب نے بنائے سارے موسم
لطف اٹھائیں ہم تم،تم ہم

فصلِ گل آئے گی پھر بچو
آس کا دامن تھامے رکھو

(عمران کمال)
 
آخری تدوین:
جاڑے کے توبہ شام سویرے
ٹھنڈ نے ڈالے آ کے ڈھیرے

جاڑے کے توبہ کی جگہ "سردی کے یہ" استعمال کرلیجیے۔
اسی طرح ٹھنڈ نے کو جس نے کردیجیے۔
چرخ پہ چھائی کالی گھٹائیں
کاگا بولے کائیں کائیں

چرخ بچوں کے لیے مشکل لفظ ہوگا

فصلِ گل آئے گی پھر بچو
آس کا دامن تھامے رکھو
پہلا مصرع بحر میں نہیں۔ یوں بھی آپ فصلِ گُل کے پیچھے کیوں پڑے ہیں۔ بچوں کے لیے یہ ترکیب مشکل ہے۔
 
جاڑے کے توبہ کی جگہ "سردی کے یہ" استعمال کرلیجیے۔
اسی طرح ٹھنڈ نے کو جس نے کردیجیے۔

چرخ بچوں کے لیے مشکل لفظ ہوگا

پہلا مصرع بحر میں نہیں۔ یوں بھی آپ فصلِ گُل کے پیچھے کیوں پڑے ہیں۔ بچوں کے لیے یہ ترکیب مشکل ہے۔

بہت بہت شکریہ بہت نوازش آپ کی
آپ کی تجاویز بہت اچھی ہیں۔۔

چرخ کو بدل دیتے ہیں
ہر سو چھائی کالی گھٹائیں

شاید مجھے ذاتی طور پر فصلِ گل پسند ہے۔
یہاں فصل گل کا متبادل بھی کوئی نہیں آتا۔
مصرع بے وزن کیسے ہے؟ یہ سمجھ نہیں پایا۔

فص ل فعل گ لآ ئے فعولن گی پھر فعلن بچو فعلن

شاید میں تقطیع میں غلطی کر رہا ہوں۔
 
آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
اچھی نظم ہے
شاید بھائی خلیل 'فصلے' فعلن کر کے تقطیع کر رہے تھے، وزن تو درست ہے لیکن خلیل بھائی کی بات میں وزن بہت ہے کہ بچوں کی نظم ہے یہ، مشکل الفاظ سے اجتناب کرنا چاہیے اس میں۔
 
اچھی نظم ہے
شاید بھائی خلیل 'فصلے' فعلن کر کے تقطیع کر رہے تھے، وزن تو درست ہے لیکن خلیل بھائی کی بات میں وزن بہت ہے کہ بچوں کی نظم ہے یہ، مشکل الفاظ سے اجتناب کرنا چاہیے اس میں۔
بہت بہت شکریہ بہت نوازش
مشکل الفاظ لانا کبھی کبھی مجبوری بن جاتی ہے۔متبادل کوئی مناسب لفظ نہیں مل رہا ہوتا۔
الفاظ زیادہ ثقیل نہ ہوں تو میرے خیال میں بچوں کے علم میں اضافے کی غرض سے استعمال کر لیں تو۔۔۔۔۔
اس بارے میں آپ کی کیا تجویز ہے؟

ایک بار پھر سے شکریہ جزاک اللہ!
 
الف عین

لائبریرین
یہ بات بھی درست ہے کہ بچوں کے علم میں اضافے کے لیے مشکل الفاظ استعمال کیے جا سکتے ہیں مگر وہ ایسے ہوں کہ مطلب آسانی سے اندازہ لگا سکیں۔ سرما کے بعد ہم تو یہی سمجھتے ہیں بر صغیر میں کہ گرمیاں آتی ہیں، بہار اور خزاں ا نگریزوں کے موسم ہوتے ہیں۔ بچے فصل گل کو گرمی کا موسم بھی سمجھنے کی غلطی کر سکتے ہیں
 
بہت بہت شکریہ
اگر یوں کیا جائے تو
گرمی پھر آئے گی بچو
یا
گرما پھر آئے گا بچو

لیکن گرمی اور سردی دونوں ہی تکلیف دہ ہیں۔اس لیے بہار ہی مناسب لگتی ہے۔سردی کا خاتمہ۔خوشگوار موسم۔
معتدل موسم۔نہ گرمی نہ سردی۔
یہ ویسے میری رائے ہے۔حتمی رائے آپ کی ہو گی اسی پر عمل ہو گا۔
 
Top