محمد تابش صدیقی
منتظم
نامناسب
٭
نہیں ہمرہو، یہ مناسب نہیں ہے٭
یہ تہذیب کی ایک ایسی نفی ہے
کہ تہذیبِ آئندہ کے پاس بھی
اس کے اثبات کا کوئی پہلو نہ ہو گا
اصولوں کی لاشوں کو
یوں دھوپ میں چھوڑ کر
آگے بڑھنا مناسب نہیں ہے
یہ ماضی کی سچائیاں ہیں
اگر حال ان کی صداقت سے منکر ہوا ہے
اگر آج یہ بے حقیقت ہیں
بے مایہ ہیں
بے اثر ہیں
تو کیا تم بزرگوں کی میت کی ذلت گوارا کرو گے؟
نہیں ہمرہو، یہ مناسب نہیں ہے
اصولوں کی تربت بناؤ
کفن ان کو پہناؤ اور دفن کر دو
کہ نسلیں جب آئیں
تو تہذیب کے ان شہیدوں کے مرقد پہ
اپنی عقیدت کے پھولوں کی چادر چڑھانا نہ بھولیں
٭٭٭
احمد ندیم قاسمی