مظفر وارثی نعت۔ محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو۔ مظفر وارثی

فرحت کیانی

لائبریرین
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو
وہ اپنے کردار کی زبانی
بتائے قرآن کے معانی
اس آئینےمیں خدا کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

سماعتوں پر یقین کرنا
دھوئیں کے اندر ہے رنگ بھرنا
ابد کی آنکھیں بھی جس کو دیکھیں
وہ کُہسارِ ازل کا جھرنا
جبینِ خیرالبشر سے پُھوٹے
یقینِ اہلِ نظر سے پُھوٹے
فنا کے پتلو! بقا کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

ہزاروں لوگ ایسے محترم ہیں
جو صاحبِ خامہ و عَلم ہیں
وہ خاکِ پا بھی نہیں نبی کی
وہ سب اکٹھے بھی اُس سے کم ہیں
بڑے بڑوں سے بھی وہ بڑا ہے
افق کے منبر پہ وہ کھڑا ہے
خطیبِ ارض و سما کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

وہ دستِ رحمت دراز رکھے
نگاہِ عالم نواز رکھے
گناہ سے اپنے اُمتی کو
وہ خلوتوں میں بھی باز رکھے
دریچہء روح سے وہ جھانکے
کُھلے ہیں در اُس پہ ہر مکاں کے
مکینِ دارالہدٰی کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

ہر ایک سانس اُس کی زندگی کا
ہے ایک مینار روشنی کا
جریدہء وقت پر رقم ہے
ہر ایک لمحہ میرے نبی کا
اگر کوئی ذات دائمی ہے
تو صرف میرے حضور کی ہے
ہر اک صدی کی صدا کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

ہر ایک فرزندِ ارضِ خاکی
رہا پناہوں میں مصطفےٰﷺ کی
کوئی کہیں کا، کوئی کہیں کا
نہ کوئی بددل، نہ کوئی شاکی
جو درسگاہِ نبی سے نکلے
غلام بھی شاہ بن کے نکلے
معلمِ ارتقاء کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

قدم اُٹھائے جہاں پہ رکھ کر
چراغ سے ہر نشاں پی رکھ کر
کھلائے کَوڑی کو بھی وہ حلوہ
خود اپنی نوکِ زباں پہ رکھ کر
زمانہ لائے نظیر اُس کی
فلاحِ انساں فقیر اُس کی
کمال ہے جس ادا کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰٰ ﷺ کو دیکھو


مظفر وارثی
 
ہزاروں لوگ ایسے محترم ہیں
جو صاحبِ خامہ و عَلم ہیں
وہ خاکِ پا بھی نہیں نبی کی
وہ سب اکٹھے بھی اُس سے کم ہیں
بڑے بڑوں سے بھی وہ بڑا ہے
افق کے منبر پہ وہ کھڑا ہے
خطیبِ ارض و سما کو دیکھو
محمدِ مصطفیٰ ﷺ کو دیکھو

پورا کلام ہی بہترین ہے مگر یہ بند لاجواب
 
Top