محمد تابش صدیقی
منتظم
نذرانۂ عقیدت بحضور سرورِ کونینﷺ
٭٭٭
زمرۂ انبیاء و رسل میں نہیں دوسرا کوئی شاہِ ہدیٰ کی طرح
نسلِ انساں میں پیدا کیا ہی نہیں میرے اللہ نے مصطفیٰؐ کی طرح
شانِ تکریم و عزت کا کیا پوچھنا شانِ محبوبیت آپ کی مرحبا
قلبِ مخلوق میں آرزو کی طرح قلبِ خلاق میں مدعا کی طرح
خاتم الانبیاء، خاتم المرسلیں منتہی آپ پر کارِ پیغمبری
رہنمائی بھی کی رہنما کی طرح ناخدائی بھی کی ناخدا کی طرح
جامعِ خلقِ پاکیزہ ذاتِ نبیؐ حسنِ کامل کے مظہر بھی ہیں آپ ہی
ہم نے دیکھیں نہیں صورتیں سیرتیں، صورت و سیرتِ مجتبیٰ کی طرح
مومنوں کے لئے رحمتِ کبریا مجرموں کے لئے وہ نذیرِ مبیں
حق میں ہمراہ کے ابرِ گوہر فشاں حق میں گمراہ کے وہ ضیا کی طرح
اپنی امت سے اس درجہ تھا پیار انہیں ہو بہو جس کی تمثیل ممکن نہیں
بر سبیلِ تنزل سمجھنا ہو گر تو میں کہہ دوں کہ تھا مامتا کی طرح
بس خدا کی خدائی میں نکلے وہی جن کو اعزازِ معراج حاصل ہوا
کون لذت کشِ قربِ یزداں ہوا سارے نبیوں میں خیر الوریٰ کی طرح
گر بلاغت کے پہلو سے پوچھے کوئی ایک ہی جملۂ محمدت تو کہوں
عالمِ رنگ و بو ہے مثالِ خبر، ہستیِ پاک ہے مبتدیٰ کی طرح
سامنے گو نہیں ذاتِ پاکِ نبیؐ امتی کو ہے حاصل مگر رہبری
کارواں کارواں گونجتی ہے ابھی ان کی آواز بانگِ درا کی طرح
وصف کے کتنے پہلو نہاں رہ گئے چشمِ انساں سے خیر البشر کے نظرؔ
کیا خبر یہ تو اس وقت کھلتا کہیں دیکھ سکتا کوئی گر خدا کی طرح
٭٭٭
محمد عبد الحمید صدیقی نظرؔ لکھنوی

آخری تدوین: