نعیم صدیقی نعت: مجھ کو طلب کیا گیا، سرکارؐ! آ گیا ٭ نعیم صدیقیؒ

مجھ کو طلب کیا گیا، سرکارؐ! آ گیا
شرمِ گُنہ لیے، یہ گنہگار آ گیا

پھیلا کے اپنا دامنِ صد چاک اے حضورؐ!
درویشِ بے نوا سرِ دربار آ گیا

سوکھی پڑی تھیں کب سے تمنا کی کھیتیاں
گریہ مثالِ ابرِ گہر بار آ گیا

اِس پیکرِ سوال کو کیا حاجتِ سوال
فیض و عطا کے شہر میں نادار آ گیا

ٹھوکر جہاں لگی کوئی، میں جھومنے لگا
کانٹا کوئی چُبھا تو مجھے پیار آ گیا

سکّے جراحتوں کے لیے غم کے شہر سے
دلبر! تری عطا کا خریدار آ گیا

اپنا وجود سارا لُٹا کر بہ راہِ شوق
تیری تجلّیوں کا طلبگار آ گیا

٭٭٭
نعیم صدیقیؒ
 

جاسمن

لائبریرین
سبحان اللہ۔
بہت پیاری نعت۔
قربان اس قلم کے، جس سے یہ کلمات لکھے گئے۔
اللہ مہربان ہو اپنے اس بندے پہ، جو پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کو الفاظ کا روپ دیتا ہے۔
 
Top