نعت ۔۔۔۔۔

صفی حیدر

محفلین
محترم اساتذہ کرام اور محفلین سے ملتمس ہوں کہ ان نعتیہ اشعار کی اصلاح کریں اور اپنی رائے سے نوازیں ۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مجھ پر بھی ہو نگاہِ کرم میرے محترم
مٹ جائے دل سے داغِ الم میرے محترم
ناچیز ہوں حقیر ہوں اوقات کیا مری
قائم ہے آپ سے ہی بھرم میرے محترم
مجھ کو نکالیں ظلمتِ دنیا سے آپ ہی
مجھ میں نہیں ہے طاقتِ رم میرے محترم
حسرت ہے زندگی یہ مدینے میں ختم ہو
قدموں میں نکلے آپ کے دم میرے محترم
میں اپنی جان آپ کی حرمت پہ وار دوں
جتنا کروں میں عشق، ہے کم میرے محترم
تعمیل، فرضِ عین ہے مجھ پر مرے حضور
جو حکم دیں ہے سر مرا خم میرے محترم
ہے آپ کی ہی ذاتِ مبارک کے نور سے
یہ رونقِ وجود و عدم میرے محترم
عالم ہے جذب و کیف کا مدحت میں آپ کی
نوکِ قلم سے دل ہے بہم میرے محترم
ہے التجا یہ آپ سے دیدار ہو عطا
فرقت میں میری چشم ہے نم میرے محترم
سرمہ بنا لوں میں تو بصیرت مجھے ملے
مل جائے مجھ کو خاکِ قدم میرے محترم
دھڑکن صفی کی پڑھتی ہے ہر سانس میں جسے
وہ دل پہ کی ہے نعت رقم میرے محترم
 
فلسفی

محفلین
محترم آپ اصلاح کی متمنی ہیں تو اس کو اصلاح سخن کے زمرے میں پیش کرتے خیر اصلاح تو اساتذہ فرمائیں گے ایک مشورہ پیش خدمت ہے کہ "میرے محترم" کے بجائے "اے رسولِ امیںؐ" شاید زیادہ رواں اور مناسب لگے۔

مجھ پر بھی ہو نگاہِ کرم اے رسول امیںؐ
مٹ جائے دل سے داغِ الم اے رسول امیںؐ
 
بہت نوازش سر آپ نے قابلِ قدر مشورے سے نوازا ۔۔۔۔ آپ نے نہایت موزوں ردیف عطا کی ہے جس کے لیے آپ کا شکر گزار ہوں ۔۔۔۔ دیگر نکات کے بارے میں آپ اور دیگر اساتذہ کرام سے مزید رہنمائی درکار ہے ۔۔۔۔۔۔ اصلاح سخن کے زمرے میں پوسٹ کرنا تھا لیکں غلطی سے اس زمرے میں پوسٹ ہو گیا ۔۔۔۔۔
 
محترم میں بھی آپ ہی طرح طالب علم ہوں۔ مشورہ ہی دے سکتا ہوں۔ جو درست بھی ہو سکتا ہے اور غلط بھی۔ جیسے ابھی آپ کی نعت ترنم میں پڑھنے کی کوشش کی تو ایک اور ردیف ذہن میں آئی ہے۔

مجھ پر بھی ہو نگاہِ کرم اے مرے حبیبؐ
مٹ جائے دل سے داغِ الم اے مرے حبیبؐ

اس میں سے کون سی زیادہ مناسب ہے یہ تو سر الف عین ہی بتائیں گے۔

ویسے ترنم سے پڑھنے پر بہت سی روانی اور الفاظ کی ترتیب خود بخود ذہن میں آجاتی ہے۔
 
آپ کی رائے اور مشورہ میرے لیے قابلِ قدر ہے ۔۔۔۔۔ ویسے میرے خیال میں ردیف " اے مرے حبیب " شاید اس بحر میں نہیں آ سکتی ۔۔۔۔۔۔۔ مزید اساتذہ ہی راہنمائی کر سکتے ہیں جس کے لیے منتظر ہوں ۔۔۔۔۔
 
بالکل آ سکتی ہے محترم۔ اصل میں بحر کے آخر میں یک حرفی (ہجائے کوتاہ) کی اجازت ہوتی ہے۔ اسی لیے "حبیب" کے آخری "ب" سے بحر پر فرق نہیں پڑتا۔ بہتر متبادل کیا ہے اس میں یقینا اساتذہ کی رائے کا انتظار کرتے ہیں۔
 
آخری تدوین:

سر یہ نعت مفعول فاعلاتُ مفاعیل فاعلن کے وزن میں ہے ۔۔۔۔۔ اس بحر کے مطابق " مجھ پر بھی ہو نگاہِ کرم اے مرے حبیبؐ " کی تقطیع کیسے ہو گی ۔۔۔۔ یہ سمجھنے سے قاصر ہوں ۔۔۔۔ آپ اس کی تقطیع میں راہنمائی کر دیں
 
جی محترم بحر یہی ہے۔ آپ آخری فاعلن کو فاعلات بنا سکتے ہیں۔ مجھے یہ معلوم نہیں کہ اس قاعدے کو کیا کہتے ہیں۔ لیکن ایسا کرنے کی اجازت ہے۔ اساتذہ کو ٹیگ کرتا ہوں وہ مزید وضاحت کر سکیں گے اس قاعدے کی۔

محمد ریحان قریشی
محمد وارث
محمد تابش صدیقی
 
جی درست فرمایا اسے عروض کی اصطلاح میں عملِ تسبیغ کہتے ہیں۔
 
صفی حیدر

محفلین
جی محترم بحر یہی ہے۔ آپ آخری فاعلن کو فاعلات بنا سکتے ہیں۔ مجھے یہ معلوم نہیں کہ اس قاعدے کو کیا کہتے ہیں۔ لیکن ایسا کرنے کی اجازت ہے۔ اساتذہ کو ٹیگ کرتا ہوں وہ مزید وضاحت کر سکیں گے اس قاعدے کی۔

محمد ریحان قریشی
محمد وارث
محمد تابش صدیقی

آپ صیح کہہ رہے ہیں واقعی یہ ردیف اس بحر میں آ سکتی ہے ۔۔۔۔۔۔ بہت شکریہ آپ نے درست راہنمائی کی ۔۔۔۔۔۔ " اے رسول امیں " اور " اے مرے حبیب " میں سے زیادہ موزوں ردیف کون سی ہو گی اور باقی نکات میں بھی راہنمائی مل جائے تو شکر گزار ہوں گا
 
ماشاء اللہ اچھا کلام ہے۔ ایک مشورہ اور ایک کنفیوژن
قائم ہے آپ سے ہی بھرم میرے محترم
قائم ہے آپ ہی سے بھرم۔۔۔
عالم ہے جذب و کیف کا مدحت میں آپ کی
نوکِ قلم سے دل ہے بہم میرے محترم
یہ شعر سمجھ نہ آ سکا۔ بالخصوص دوسرا مصرع۔ پہلا تو واضح ہے، مگر دوسرا سمجھ نہیں آیا، اور اس کا پہلے مصرع سے ربط
 
صفی حیدر

محفلین

فلسفی

محفلین
سر کیا یہ تقطیع درست نہیں ذرا راہنمائی فرمادیں

مجھ پر بھی ==== مفعول
ہو نگاہِ ==== فاعلات
کرم اے ر === مفاعیل
سول امیںؐ === فاعلن (یہاں وصل کا قاعدہ استعمال نہیں ہو گا؟)
رسولِ امیںؐ اضافت کے ساتھ ہی برتا جا سکتا ہے۔
 
صفی حیدر

محفلین
ماشاء اللہ اچھا کلام ہے۔ ایک مشورہ اور ایک کنفیوژن

قائم ہے آپ ہی سے بھرم۔۔۔

یہ شعر سمجھ نہ آ سکا۔ بالخصوص دوسرا مصرع۔ پہلا تو واضح ہے، مگر دوسرا سمجھ نہیں آیا، اور اس کا پہلے مصرع سے ربط

بہت شکریہ آپ نے پذیرائی کی.... آپ کا مشورہ سر آنکھوں پر..... اس سے مصرع زیادہ رواں ہو گیا ہے..
" نوکِ قلم سے دل ہے بہم میرے محترم". اس مصرع میں یہ کہنے کی کوشش کی ہے کہ قلم اور دل دونوں ایک ہو گئے ہیں مراد قلم دل کے جذبات کو بیان کر رہا ہے....
 
الف عین

لائبریرین

نہیں صفی یہ مطلب واضح نہیں، کچھ الفاظ بدل کر کہو.۔
اس کے علاوہ
فرقت میں میری چشم ہے نم.....
واضح نہیں کہ کس کی فرقت، میری یا آپ کی؟
ردیف اے مرے حبیب زیادہ بہتر ہے
باقی اشعار درست لگ رہے ہیں
 
بہت شکریہ سر...... جن نکات کی آپ نے نشاندہی کی ان کو درست کرنے کی کوشش کرتا ہوں.... ردیف یہ بھی اچھی ہے اس کے علاوہ ایک اور ردیف بھی ذہن میں ہے... دوبارہ تحریر کرکے پیش کرتا ہوں....
 
Top