نعیم قیصر کی ایک اور غزل

اجڑے ہوئے آتے ہیں سدا دل کو راس لوگ
دل کو بھلے کیوں لگتے ہیں اتنے، اداس لوگ

اندر سے تار تار کوئی دیکھتا انہیں
محفل میں چند آئے تھے جو خوش لباس لوگ

جانے ہوا تھا کس گھڑی باب قبول وا
کہنے کو رات بھر تھے کف التماس لوگ

ہر در نظر آتا ہے مجھے دن میں مقفل
اس درجہ ہو گئے ہیں محیط ہراس لوگ

میں نے تو ان کو اپنا لہو تک پلا دیا
پھر بھی بجھا نہ پائے ہیں اپنی پیاس لوگ

لوگوں کی تشنگی کا تو عالم نہ پوچھیئے
دریا کو دیکھ کر بھی ہو ئے بدحواس لوگ

پھر کیوں نہ بام و در پہ قیامت کا حبس ہو
جانے کدھر چلے گئے پھولوں کی باس لوگ

دیکھا اسے جو آج تو سایہ نہ ساتھ تھا
رہتے تھے ہمہ وقت جس کے آس پاس لوگ

ہر بات اپنی سب کی طبیعت پہ بار تھی
قیصر ملے کہاں ہیں طبیعت شناس لوگ
 
صفحہ نمبر27

بچھڑنا تجھ سے میرے خواب ، نہ خیال میں تھا
یہ سانحہ بھی میری جان اب کے سال میں تھا

کہاں کٹے گی بھلا رات کچھ پرندوں کی
یہ رنج شجر بریدہ کی ڈال ڈال میں تھا

ہماری ناؤ کیا ساحل کا عزم لے کے چلی
سکوں سے سویا سمندر بھی اشتعال میں تھا

فنا کا راستہ پھر اختیار کرنا پڑا
تیرا عروج بھی آخر میرے زوال میں تھا

ہجوم طرب بھی قیصر مجھے لبھا نہ سکا
میں اس طرح سے تیرے ہجر کے ملال میں تھا
 

الف عین

لائبریرین
عبد الرزاق، یہ ساری غزلیں کیا مجموعے میں مطبوعہ ہیں؟ یہ اس لئے پوچھ رہا ہوں کہ پہلی غزل میں دو بحروں کو جمع کر دیا گیا ہے، یہ ممکن ہے کہ تازہ ہو، اور ابھی اس کی کسی استاد سے اصلاح نہ ہوئی ہو۔
مفعول فاعلات مفاعیل فاعلن÷فاعلات
مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن÷فعولات
اظہر، متلاشی ذیشان) وغیرہ اس غزل کے ہر مصرع کی تقطیع کرنے کی کوشش کریں۔
 
عبد الرزاق، یہ ساری غزلیں کیا مجموعے میں مطبوعہ ہیں؟ یہ اس لئے پوچھ رہا ہوں کہ پہلی غزل میں دو بحروں کو جمع کر دیا گیا ہے، یہ ممکن ہے کہ تازہ ہو، اور ابھی اس کی کسی استاد سے اصلاح نہ ہوئی ہو۔
مفعول فاعلات مفاعیل فاعلن÷فاعلات
مفعول مفاعیل مفاعیل فعولن÷فعولات
اظہر، متلاشی ذیشان) وغیرہ اس غزل کے ہر مصرع کی تقطیع کرنے کی کوشش کریں۔
جی سر ! مطبوعہ ہیں۔ دراصل نعیم صاحب پرائیویٹ طالب علم رہے تھے۔ ادبی حلقوں میں آنا جانا بعد میں میسر ہوا۔ رہنمائی کی نوازش۔ اور یہ بحر، وزن اور دیگر اصول تو اب نعیم صاحب ہی کی سمجھ میں آئیں گے۔ میں ذاتی طور پر اس علم میں جاہل ہوں۔ اگر آپ کی اصلاح شامل حال رہی تو اگلی طباعت میں بہت ساری درستگی ممکن ہے جی۔ دوبارہ شکریہ جی
 
Top